نصیر اللہ بابر انتقال کر گئے

نصیر اللہ بابر انتقال کر گئے
naseerullah_babarپشاور(بى بى سى) پاکستان کے سابق وفاقی وزیر داخلہ میجر جنرل ریٹائرڈ نصیر اللہ بابر تراسی سال کی عمر میں انتقال کر گئے ہیں۔
پاکستان کے سرکاری ٹی وی چینل کے مطابق نصیر اللہ بابر گزشتہ کچھ عرصے سے فالج کے عارضے میں مبتلا تھے اور پشاور میں فوجی ہسپتال سی ایم ایچ میں زیرِ علاج تھے جہاں ان کا انتقال ہو گیا۔

نصیر اللہ بابر کی بیٹی شہلا بابر نے سرکاری ٹی وی چینل سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ڈھائی سال پہلے ان پر فالج کا حملہ ہوا تھا۔
ان کے مطابق ’ اتوار کو سانس کی تکلیف کی وجہ سے سی ایم ایچ منتقل کیا جہاں اتوار اور پیر کی درمیانی شب کو ان کا انتقال ہو گیا۔‘
نصیر اللہ بابر کی نمازِ جنازہ پیر کو نوشہرہ کے علاقے پیر پیائی میں ادا کی جائے گی۔
نصیر اللہ بابر سابق وزیراعظم ذوالفقار علی بھٹو کے دور حکومت میں سنہ انیس سو پچھہتر سے ستتر تک صوبہ خیبر پختونخوا کے گورنر اور سابق وزیراعظم بینظیر بھٹو کے دوسرے دور اقتدار میں وفاقی وزیر داخلہ تھے۔
وہ سنہ انیس سو ترانوے کے انتخاب میں نوشہرہ سے ممبر قومی اسمبلی منتخب ہوئے تھے تاہم دو ہزار سات میں پارٹی کی پالیسیوں سے اختلافات کی بنا پر وہ جماعت سے الگ ہو گئے تھے۔
نصیر اللہ بابر پیپلز پارٹی کے دوسرے دور حکومت میں کراچی میں ایم کیو ایم کے خلاف متنازعہ آپریشن میں ملوث تھے جبکہ مبینہ طور پر طالبان کو بنانے میں بھی ان کا کردار تھا۔

آپ کی رائے

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

مزید دیکهیں