پاکستان: تحریک ناموس رسالت کی اپیل پرآج ملک گیرہڑتال ہوگی

پاکستان: تحریک ناموس رسالت کی اپیل پرآج ملک گیرہڑتال ہوگی
strikeکراچی/لاہور/راولپنڈی (ایجنسیاں)قانون توہین رسالت میں تبدیلی کی کوششوں کے خلاف کی جانے والی ہڑتال کو کامیاب بنانے کے لیے تحریک ناموس رسالت کے قائدین نے نمائش چورنگی اور ریگل چوک(کراچی) پر عوام‘ تاجروں‘ ٹرانسپورٹروں‘ ریڑھی بانوں اور دکانداروں میں ہینڈبلز اور پمفلٹس تقسیم کیے اور ہڑتال میں شریک ہوکرکامیاب بنانے کی اپیل کی۔

اس موقع پر امیر جماعت اسلامی کراچی‘ نائب امیر نصر اللہ خان شجیع‘ سابق رکن صوبائی اسمبلی یونس بارائی‘ امیر ضلع جنوبی راجا عارف سلطان‘ جمعیت علمائے اسلام (ف) کے قاری عثمان‘ اسلم غوری‘ جمعیت علمائے اسلام پاکستان کے شبیر ابوطالب‘ قاضی احمد نورانی‘ جمعیت علمائے اسلام (س) کے مفتی عثمان یار خان‘ جمعیت اہل حدیث کے افضل سردار ‘ تحریک اسلامی کے علامہ جعفر سبحانی‘ مسلم لیگ (ق) کے زبیر خان‘ تحریک ختم نبوت کے قاضی احسان‘ تنظیم اسلامی کے نسیم ‘ مرکزی جماعت اہلسنت کے غلام یٰسین اور دیگر موجود تھے۔
عوام نے قائدین کا زبردست خیر مقدم کیا اور حرمت رسول کی حفاظت کے لیے کی جانے والی ہڑتال کو بھرپور طور پر کامیاب بنانے کی یقین دہانی کرائی۔اس موقع پر موجود صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے رہنماﺅں نے کہا کہ آج کی ملک گیر پہیہ جام ہڑتال اس قانون میں تبدیلی کی خواہش رکھنے والوں کے لیے نوشتہ دیوار ثابت ہوگی۔
تحریک ناموس رسالت کے قائدین مولانا سلیم اللہ خان، مولانا عبدالمجید لدھیانوی، ڈاکٹر عبدالرزاق اسکندر، مولانا فضل الرحمن، صاحبزادہ ابوالخیر محمد زبیر، سید منور حسن، مولانا سمیع الحق، پروفیسر ساجد میر، پیر عبدالخالق بھرچونڈی ، علامہ ساجد نقوی ، جماعت اہلسنت پاکستان کے مرکزی سیکریٹری جنرل علامہ سید ریاض حسین شاہ ، سنی اتحاد کونسل پاکستان کے چیئرمین اور رکن قومی اسمبلی صاحبزادہ فضل کریم کا کہنا ہے کہ آج پوری قوم تحفظ ناموس رسالت کیلئے مکمل ہڑتال کرکے یکجہتی کا مظاہرہ کریگی اور پرامن ہڑتال ناموس رسالت قانون میں ترمیم کی سازش کرنیوالوں کیخلاف ریفرنڈم ثابت ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ تمام آئمہ خطبا علما مشائخ اپنے اپنے خطاب میں حکومت کو متنبہ کرینگے کہ اگر حکومت نے قانون میں تبدیلی کی ناپاک جسارت کی تو حکومت خود اپنے تابوت میں آخری کیل ٹھونک دے گی۔
ادھر تحریک ناموس رسالت کے قائدین نے اپنے ایک مشترکہ بیان میں قوم سے اپیل کی ہے کہ وہ کسی منفی پروپیگینڈے کا شکار ہوئے بغیر آج اپنا کاروبار اور ٹرانسپورٹ مکمل طور پر بند رکھیں، حکمراں قومی اسمبلی اور سینٹ میں تحفظ ناموس رسالت قانون کے حق میں قرارداد منظور کرائیں۔
انہوں نے کہا کہ قانون کی مخالفت میں بل جمع کرانے پر شیری رحمن کی رکنیت منسوخ اور قانون کی اعلانیہ مخالفت اور گستاخ رسول آسیہ مسیح کی حمایت کرنے پر گورنر پنجاب سلمان تاثیر کو برطرف کیا جائے۔

آپ کی رائے

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

مزید دیکهیں