سعودی عرب کی فضا عازمین حج کی لبیک اللھم لبیک کی صداؤں سے گونج رہی ہے۔
لاکھوں مسلمان مکہ معظمہ میں طواف و سعی کے بعد منیٰ پہنچ گئے جہاں دنیا کی سب سے بڑی خیمہ بستی آباد ہو گئی۔عازمین حج سنیچر کی رات منیٰ میں قیام کرنے کے بعدآج نماز فجر کی ادائیگی کے فوراً بعد میدان عرفات کا رخ کریں گے جہاں حج کا رکن اعظم وقوف عرفہ ادا کیا جائے گا اورعازمین حج مسجد نمرہ میں خطبہ حج سنیں گے جس کے بعد ظہر اور عصر کی قصر نمازیں ایک ساتھ ادا کی جائیں گی اور حاجی بارگاہ ایزدی میں رو رو کر اور گڑگڑا کر دعا مانگیں گے۔میدان عرفات میں دن بھر قیام اور مغرب کی اذان کے بعد نماز ادا کئے بغیر حجاج کرام واپس مزدلفہ روانہ ہوجائیں گے جہاں نماز مغرب اور عشاء ایک ساتھ ادا کی جائے گی۔
رات بھر مزدلفہ میں کھلے میدان اور پہاڑوں پر قیام کے ساتھ عازمین رمی جمرات کیلئے کنکریاں چنیں گے اور 10 ذی الحجہ کو فجر کی نماز کے بعد منیٰ کے لئے روانہ ہوں گے جہاں سب سے بڑے شیطان کو کنکریاں ماری جائیں گی۔ رمی جمرات کے بعد حجاج جانوروں کی قربانی اورسر حلق کروا کر احرام کھول دینگے۔ اس کے بعد خانہ کعبہ کا طواف اور صفا ومروہ کی سعی کریں گے۔ اس طواف کو طواف افاضہ کہا جاتا ہے جو حج کے ارکان میں سے ہے۔دریں اثنا حج کے دوران سیکورٹی کے پختہ انتظامات کئے گئے ہیں۔ سعودی حکومت نے انتباہ دیا ہے کہ یہاں کسی کو بھی شرپسندی کرنے کا موقع نہیں دیا جائے گا۔ منی میں عازمین کے قیام کے لئے لاکھوں خیمے نصب کئے گئے ہیں اور مکہ مکرمہ میں سیکیوٹی کے انتہائی سخت انتظامات کئے گئے ہیں۔ مختلف مقامات پر ہزاروں سکیورٹی اہلکارتعینات ہیں جبکہ کلوزسرکٹ کیمروں کے ذریعے مانیٹرنگ کی جارہی ہے۔
سعودی ولی عہدو وزیر داخلہ اور سپریم حج کمیٹی کے چیئرمین شہزادہ محمد بن نائف نے خبردار کیا ہے کہ سعودی حکومت حج کی حرمت اور عازمین حج کی سکیورٹی کو متاثر کرنے والی کسی بھی سرگرمی اور حج کے اجتماع کو سیاسی مقاصد کے لئے استعمال کرنے اور اس موقع پر کسی قسم کی نعرے بازی یا مظاہرے کی اجازت نہیں دے گی ۔
انہوں نے عازمین حج کو بھی ہدایت کی کہ وہ سیاسی پروپیگنڈہ یا حج کی حرمت کو متاثر کرنے والی کسی بھی سرگرمی میں ملوث نہ ہوں۔ انہوں نے بتایا کہ ایک لاکھ سکیورٹی اہلکار تعینات کر دئیے گئے ہیں ۔ محکمہ پبلک سکیورٹی روزانہ ہیلی کاپٹروں اور ہوائی جہازوں کی 100پروازوں کے ذریعے مشاعر مقدسہ کی نگرانی کرکے صورتحال کا جائزہ لے گا ۔
سعودی وزارت صحت نے حاجیوں کو فوری طبی امداد مہیا کرنے کیلئےہیلپ لائن قائم کر دی ہے جس کا نمبر 937 ہے ۔ کسی ایمرجنسی کی صورت میں حاجی اپنے موبائل سے کال یا ایس ایم ایس کر کے مدد طلب کر سکتے ہیں۔
بصیرت آن لائن

آپ کی رائے