سوشل میڈیا پر الشفا اسپتال کے ڈائرکٹر جنرل کے بیان کے مطابق اسرائیلی فوجیوں نے اسپتال کی راہداریوں میں موجود لوگوں پر فائرنگ کی جبکہ انہیں محفوظ راستہ دینے کا اعلان کیا گیا تھا۔
غیرملکی میڈیا کا کہنا ہے کہ قابض اسرائیلی فوجی غزہ کے الشفا اسپتال میں ٹینکوں سمیت داخل ہوگئے۔ عینی شاہدین کے مطابق 6 اسرائیلی ٹینک اور ایک سو سے زائد اسرائیلی فوجیوں نے اسپتال میں گھس کر لوگوں پر بدترین تشدد کیا اور دھمکیاں دیں۔
حماس کی وزارت صحت نے کہا ہے کہ اس وقت اسپتال میں تقریبا 2300 افراد موجود ہیں جن میں 650 مریض، 2 سو سے 5 سو تک عملے کے افراد اور تقریباً 1500 تک عام شہری موجود ہیں۔
حماس نے الشفا اسپتال کے محاصرے اور اسرائیلی حملے کا ذمہ دار امریکی صدر جوبائیڈن کو قرار دیتے ہوئے کہا کہ اسرائیل نے یہ اقدام امریکا کی اجازت کے بعد اٹھایا ہے۔ اسرائیل اسپتال کو فوجی مقاصد کے لیے استعمال کرنے کا جھوٹا الزام لگا کر اسپتال پرحملے کر رہا ہے۔
وائٹ ہاؤس کے ترجمان کا کہنا تھا ہم اسپتال پر حملہ اور فائرنگ نہیں دیکھنا چاہتے۔ اسرائیل کے غزہ پر حملوں میں خواتین اور بچوں سمیت 12 ہزار سے زائد فلسطینی شہید ہوچکے ہیں۔
اسرائیلی بمباری میں نومولودوں سمیت 179 مریض ملبے میں دفن ہوگئے، ڈائریکٹر الشفا
اسرائیلی فوج کی وحشیانہ بمباری میں غزہ کے الشفا اسپتال کا ایک حصہ مکمل طور پر منہدم ہوگیا اور 179 مریض ملبے تلے دب گئے جن میں سے 7 نومولود اور انتہائی نگہداشت کے وارڈ کے 29 مریض بھی شامل ہیں۔
عرب میڈیا کے مطابق الشفا اسپتال کے ڈائریکٹر محمد ابو سلیمہ نے کہا ہے کہ اسرائیل کی اسپتال پر وحشیانہ بمباری میں 179 مریض ملبے تلے دب گئے جو ان کی اجتماعی قبر ثابت ہوئی۔
الشفا اسپتال کے ڈائریکٹر نے مزید کہا کہ ہمیں مجبوراً ان مریضوں کو ملبے تلے ہی دفن کرنا پڑا۔ مشینری کا نہ ہونا اور ہمہ وقت ہونے والی بمباری کی وجہ سے امدادی کاموں تک کے لیے موقع نہیں مل پارہا۔
محمد ابو سلیمہ نے بتایا کہ ملبے تلے دفن ہونے والے 179 مریضوں میں 29 ایسے مریض تھے جو دل کے انتہائی نگہداشت کے وارڈ میں زیر علاج تھے جب کہ 7 بچے بھی ملبے تلے دفن ہوگئے۔
دوسری جانب انسانی حقوق کی تنظیم ہیومن رائٹس واچ نے اس سفاکیت پر اسرائیل کے خلاف جنگی جرائم کی تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔
ادھر اقوام متحدہ کی ریلیف اینڈ ورکس ایجنسی نے خبردار کیا کہ اگر ایندھن نہ بھیجا گیا تو اسپتال بند کرنے پڑ جائیں گے۔
فلسطین کے علاقے طولکرم پر اسرائیلی فوج کی چھاپے مار کارروائی میں 7 نوجوان شہید ہوچکے ہیں۔ اسرائیلی فوج کا دعویٰ ہے کہ یہ نوجوان القسام بریگیڈ کے جنگجو تھے اور مقابلے میں مارے گئے۔
آپ کی رائے