اسرائیل نے غزہ پر قیامت ڈھادی، شدید بمباری میں مزید سیکڑوں شہید، دنیا سے رابطہ منقطع

اسرائیل نے غزہ پر قیامت ڈھادی، شدید بمباری میں مزید سیکڑوں شہید، دنیا سے رابطہ منقطع

اسرائیل کے غزہ میں نہتے فلسطینوں پر حملے جاری ہیں۔ اسرائیل کی شدید بمباری سے مزید سیکڑوں شہید ہوگئے جبکہ غزہ کا دنیا سے رابطہ بدستور منقطع ہے۔
اسرائیلی فوج کے ترجمان نے بیان میں کہا ہے کہ غزہ میں زمینی حملوں میں اضافہ کیا ہے اور حملے موثر انداز میں جاری ہیں۔ اسرائیلی فوج نے حماس کی فضائی کارروائی کے انچارج کو نشانہ بنانے اور جنوبی لبنان میں بمباری کا دعویٰ بھی کیا۔القسام بریگیڈ نے سوشل میڈیا پر کہا کہ اسرائیل کیخلاف جوابی کارروائی میں راکٹ فائر کیے گئے ہیں۔
بین الاقوامی نشریاتی اداروں کے مطابق اسرائیلی فورسز نے غزہ میں بھرپور طاقت کے ساتھ آپریشن اور وحشیانہ بمباری شروع کردی ہے، جس کی نتیجے میں غزہ کی پٹی میں مواصلاتی نظام مکمل تباہ ہوگیا ہے۔
الجزیزہ کے مطابق فلسطینی ٹیلی کمیونیکیشن کمپنی جوال نے بتایا کہ اسرائیلی بمباری سے آخری بچنے والی انٹرنیشنل کیبل بھی تباہ ہوگئی ہے، جس کی وجہ سے غزہ کا رابطہ دنیا سے کٹ گیا ہے۔
عرب میڈیا رپورٹ کے مطابق غزہ میں 100 سے زائد فضائی طیارے بمباری کررہے ہیں جبکہ ٹینکس اور توپوں کے ذریعے بھی بمباری کی جارہی ہے، جس کی وجہ سے ہر طرف تباہی اور آگ لگی نظر آرہی ہے۔
اسرائیلی فوج کے ترجمان ڈینیل ہگری نے کہا کہ آج کی رات ہماری فورسز غزہ میں زمینی آپریشن کا دائرہ بڑھا رہی ہیں، جس کے تحت مختلف علاقوں میں شدید بمباری بھی کی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ غزہ شہر کے لوگ اپنے گھروں سے جنوبی علاقوں کی طرف نقل مکانی کرلیں کیونکہ اسرائیل کی جانب سے فضائی کارروائیاں بھی کی جائیں گی۔
ہگری نے کہا کہ ہماری افواج مغویوں کی بازیابی کیلیے اس مشن کو جلد پایہ تکمیل تک پہنچائے گی اور ہم ہر طریقے سے دفاع کیلیے بھرپور انداز سے تیار ہیں۔
اسرائیل کی توپوں نے غزہ میں قائم الشفا اسپتال کے قریب بھی شدید بمباری کی ہے جس کے نتیجے میں جانی نقصان کا اندازہ نہیں ہوسکا۔
دوسری جانب غزہ میں قائم الشفا اسپتال کے ترجمان نے اسرائیلی دعوے کی تردید کی اور کہاکہ اسپتال کو حماس کا ہیڈکوارٹر قرار دینا بے بنیاد اور جھوٹا پروپیگنڈا ہے۔ اسپتال کے ترجمان سلما معروف نے سرکاری میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ اسپتال میں مریضوں کے علاوہ کوئی موجود نہیں ہے۔
انہوں نے کہا کہ اسرائیل نے جھوٹی آڈیو ریکارڈنگ تیار کر کے ہم پر الزام عائد کیا کہ اسپتال میں حماس کے لوگ موجود ہیں، اس کے ساتھ ہی انہوں نے اس بات کی بھی تردید کی کہ حماس نے ایندھن چرایا ہے۔
اُدھر وزیر صحت نے بتایا کہ اسرائیل کے حالیہ آپریشن سے قبل غزہ پر ہونے والی وحشیانہ بمباری میں شہید فلسطینیوں کی تعداد 7400 سے تجاوز کرگئیں جبکہ 21 ہزار کے قریب لوگ زخمی ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ مغربی کنارے میں اسرائیلی کارروائیوں سے اب تک 110 فلسطینی شہید اور 1950 زخمی ہوئے ہیں۔
اردن کے وزیر خارجہ نے اسرائیل کی جانب سے غزہ میں شروع کیے جانے والے تازہ آپریشن پر کہا ہے کہ اسرائیل اب دنیا کو جہنم بنانے کی کوشش کررہا ہے، معصوم نہتے شہریوں کو نشانہ بنانے کا عمل قابل نفرت اور قابلِ مذمت ہے۔

اسرائیلی دہشتگردی میں شدت، فلسطینیوں کی نسل کشی کیلیے وائٹ فاسفورس کا استعمال
نہتے فلسطینوں کی نسل کشی کے لیے اسرائیل نے وائٹ فاسفورس کا استعمال شروع کردیا۔
عرب میڈیا کے مطابق غزہ میں اسرائیل کی تباہ کن بمباری شدت کے ساتھ جاری ہے۔ اسرائیل نے فلسطینوں کیخلاف وائٹ فاسفورس کا استعمال کیا۔ اسرائیل غزہ کی پٹی پر بڑے پیمانے پر فضائی، زمینی اور سمندری حملے کررہا ہے۔
اسرائیلی فوج کے ٹینک فلسطینوں کے گھروں پر گولہ باری کررہے ہیں۔ اسرائیلی فوج نے غزہ میں دندناتے ہوئے اپنے ٹینکوں کی فوٹیج جاری کردی۔
حماس کے عسکری ونگ القسام بریگیڈز نے بیان میں کہا ہے کہ اس کے جنگجوؤں کی اسرائیلی فوج کے ساتھ شمال مشرقی غزہ کے قصبے بیت حنون اور وسطی پٹی میں بریج میں جھڑپیں ہوئی ہیں۔ اسرائیل کیخلاف جوابی کارروائی میں راکٹ حملے کیے گئے۔
دوسری جانب غزہ میں اسرائیلی کی جانب سے انٹرنیٹ اور دیگر مواصلاتی رابطے بند کیے جانے کے بعد غزہ کا دنیا سے رابطہ بدستور منقطع ہے۔

غزہ پر اسرائیلی حملوں کیخلاف احتجاج، امریکی یہودیوں کا نیویارک ریلوے اسٹیشن پردھرنا
غزہ پر اسرائیلی حملوں کے خلاف احتجاج کرنے والے یہودی امریکیوں نے نیویارک کا مرکزی ریلوے اسٹیشن بند کردیا۔
غیرملکی میڈیا کے مطابق سیکڑوں امریکی یہودیوں نے نیویارک میں واقع دنیا کے سب سے بڑے اور ملک کے مرکزی ریلوے اسٹیشن پر جمع ہو کر غزہ میں جاری اسرائیلی دہشتگردی کے خلاف مظاہرہ کیا اور دھرنا دیا۔
مظاہرین کے دھرنے کے باعث ریلوے اسٹیشن بند ہوگیا اور ٹرینوں کی آمد ورفت میں خلل واقع ہوا۔ نیویارک پولیس نے 200 مظاہرین کو گرفتار کرلیا۔
’میرے نام پرنہیں‘ لکھی عبارت والی ایک جیسی شرٹس پہنے یہودی مظاہرین نے فلسطینیوں کے لیے آزادی کے خلاف نعرے لگائے اور غزہ پر حملے فوری طور پر روکنے کا مطالبہ کیا۔
نیویارک ریلوےاسٹیشن پر دھرنے اور مظاہرین کی گرفتار کی ویڈیوز اور تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئیں۔


آپ کی رائے

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

مزید دیکهیں