مقبوضہ کشمیر، مظاہرے، جھڑپیں، طالبعلم شہید

مقبوضہ کشمیر، مظاہرے، جھڑپیں، طالبعلم شہید

مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فورسز کے مظالم کے خلاف ہفتے کو 106ویں روز بھی مکمل ہڑتال رہی۔ بھارتی فورسز کی پرامن مظاہرین پر شیلنگ سے ایک اور کشمیری نوجوان جاں بحق ہوگیا۔ سید علی گیلانی کے بیٹے کو بھی گرفتار کر لیا گیا۔
کشمیر میڈیا سروس کی رپورٹ کے مطابق بھارتی فورسز کے ہاتھوں شہریوں کے قتل عام اور دیگر مظالم کیخلاف ہفتے کو106ویں روز بھی مقبوضہ علاقے میں مکمل ہڑتال رہی۔ تمام مرکزی بازار، کاروباری و تعلیمی ادارے اور پٹرول پمپ بند تھے جبکہ سڑکوں پر ٹریفک کی آمدورفت بہت کم تھی۔ مقبوضہ وادی کے مختلف علاقوں میں 3 ماہ سے زائد عرصے سے کرفیو نافذ ہے جس کی وجہ سے لوگوں کو سخت مشکلات کا سامنا ہے۔
ضلع بڈگام میں پرامن امن مظاہرے پر بھارتی فورسز نے آنسو گیس کی شیلنگ اور ہوائی فائرنگ کی جس کے نتیجے میں فرسٹ ایئر کے طالبعلم جاوید میر کے سر میں شدید چوٹیں آئیں اور بعدازاں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسا۔ بھارتی فائرنگ سے نوجوان کی شہادت کے بعد مشتعل افراد نے بھارتی فورسز کیخلاف احتجاج کیا اور نعرے بازی کی۔
بھارتی فورسز نے ضلع شوپیاں میں پرامن احتجاجی ریلی کے شرکا کو منتشر کرنے کیلیے طاقت کا وحشیانہ استعمال کیا۔ بھارتی سیکیورٹی اہلکار نوجوانوں کی گرفتاری کیلیے گھروں میں گھس گئے۔ تاہم لوگوں نے اس دوران گھروں سے باہر آکر زبردست احتجاجی مظاہرے کیے۔ بھارتی فورسز نے مظاہرین کو منتشر کرنے کیلیے آنسوگیس کی شیلنگ اور ہوائی فائرنگ کی۔ مظاہرین اور فورسز کے درمیان شدید جھڑپیں بھی ہوئیں۔
سرینگر میں بھارتی پولیس نے سید علی گیلانی کے بڑے صاحبزادے ڈاکٹر نعیم گیلانی کو والد کی عیادت سے روکتے ہوئے گرفتار کر لیا۔ سید علی گیلانی کے چھوٹے بیٹے نسیم گیلانی نے میڈیا کو بتایا کہ کٹھ پتلی انتظامیہ نے ان سے اپنے والد کی عیادت کا حق بھی چھین رکھا ہے۔ بھارتی فورسز کے ہاتھوں بیج بہاڑہ قتل عام کی23 ویں برسی پر ہفتے کے روز بیج بہاڑہ قصبے کی جامع مسجد کے نزدیک آزادی کے حق میں ریلی نکالی گئی۔ مظاہرین نے آزادی کے حق میں نعرے لگاتے ہوئے سرینگر جموں شاہراہ پر مارچ کیا۔
ادھر بزرگ حریت رہنما سید علی گیلانی نے شہدائے بیج بہاڑہ کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ زندہ قومیں اپنے سرفروشوں کو فراموش نہیں کرتی۔ جموں و کشمیر لبریشن فرنٹ کے چیئرمین یاسین ملک نے کہا ہے کہ او آئی سی کا موقف انتہائی حوصلہ افزا اور کشمیریوں کی قربانیوں کا برملا اعتراف ہے۔
یاسین ملک نے کہا کہ بھارت کی یہ غلط فہمی ہے کہ وہ جبر و استبداد کے ذریعے کشمیریوں کی تحریک آزادی کو دبا سکے گا۔ کشمیریوں کے حوصلے بلند ہیں اور وہ اپنے عظیم شہداء کے مشن کو اس کے منطقی انجام تک جاری رکھنے کا عزم کئے ہوئے ہیں۔
واضح رہے8 جولائی کو حزب المجاہدین کے کمانڈر برہان وانی کی شہادت کے بعد سے بھارتی فوج ابتک کشمیر میں 111نہتے شہریوں کو شہید کر چکی ہے جبکہ 14 ہزار سے زائد زخمی بھی ہیں۔

ایکسپریس نیوز


آپ کی رائے

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

مزید دیکهیں