مسلم مجلس مشاورت کے جلسہ عام میں دانشوران کا خطاب

’مسلمان متحد ہوجائیں تو سارے مسائل حل ہوجائیں‘

’مسلمان متحد ہوجائیں تو سارے مسائل حل ہوجائیں‘

آج یہاں ’صدائے احتجاج‘ کے عنوان سے آل انڈیا مسلم مجلس مشاورت کے جلسہ عام میں، اسلام میں ایمان اور عقیدے کے بعد اتحاد کی اہمیت کو اجاگر کرکے مسلمانوں سے متحد ہونے کی پر اثر اپیل کی گئی ۔
مشاورت کے صدر حامد نوید کی صدارت اور مولانا خالد اشرف کی سرپرستی میں ناگپاڑہ جنکشن پر ہوئے جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر بابا صاحب امبیڈکر کے پوتے پرکاش امبیڈکر نے کہا کہ اس ملک میں کئی لڑائیوں کی شروعات ہو چکی ہے اس میں ایک دستور کے بدلاؤ کی لڑائی ہےاس کا مقابلہ ہم سب کو ملکر کرنا ہوگا۔انہوں نے کہا کہ دلت ہمیشہ مسلمانوں کے ساتھ ہیںاور مسلمانوں کی لڑائی دلتوں کی لڑائی ہے۔
جمعیۃ العلماء مہاراشٹر کے صدر مولانا مستقیم احسن اعظمی نے کہا کہ تمام مسلک کے لوگ ایک دوسرے کو برا کہنا چھوڑ دیں تو یہ اتحاد کی راہ میں پہلا قدم ہو گا۔آل انڈیا علماء کاؤنسل کے جنرل سیکریٹری مولانا محمود دریابادی نے کہا کہ اگر چیونٹیاں متحد ہو جائیں تو شیر کا بھیجہ باہر نکال سکتی ہیں اور اگر مسلمان متحد ہو جائیں تو کیا نہیں کر سکتے۔ انہوں نے کہا کہ اتحاد تو سب چاہتے ہیں مگر ہر ایک چاہتا ہے کہ سربراہی اس کی ہو۔انہوں نے کہا کہ اتحاد کے لئے سب کو انا چھوڑ کر اور مسلمان بن کر متحد ہونا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ مشاورت کی اس کوشش کا تمام مسلمانوں کی حمایت ملنی چاہئے۔
آل انڈیا مسلم پرسنل لاء بورڈ کے رکن اور افکار ملی کے مدیر سید قاسم رسول الیاس نے کہا کہ ہم ایک بار پھر تاریخ کے اس نازک دور سے گزر رہے ہیں جہاں حکومت ہمیں بانٹنا چاہتی ہے، حکومت پورے ملک میں انتشار پیدا کر کے ہندوؤں اور مسلمانوں کو ایک دوسرے کے مقابلے میں کھڑا کر دینا چاہتی ہے، ہر سیاسی پارٹی اقلیت کو اور خاص طور سے مسلمانوں کو صرف اپنا ووٹ بینک سمجھتی ہے انہیں ہمارے مسائل سے کوئی دلچسپی نہیں ہے،ہماری سیاسی بے وزنی ہمارا سب سے بڑا مسئلہ ہے ہمیں دلتوں کی طرح بیدار ہونا ہوگا۔جمعیۃ اہل حدیث ممبئی کے صدر مولانا عبدالسلام سلفی نے کہا کہ اسلام میں ایمان اور عقیدے کے بعد اتحاد کی سب سے زیادہ اہمیت ہے اللہ ہمیں اتحاد کی توفیق دے۔
مولانا اعجاز کشمیری نے کہا ہمیں سنی، دیو بندی، شیعہ، اہل حدیث سمجھ کر نہیں مسلمان سمجھ کر مارا جاتا ہے اس لئے ہمیں خدا اور رسول کے نام پر متحد ہونا ہوگا۔مرکزی جمعیۃ اہل حدیث کے سیکریٹری مولانا اصغر امام مہدی سلفی نے کہا کہ میں آپ کی اجتماعیت سے بہت متاثر ہوا ہوںمسلمانوں کو جذباتیت سے گریز کرنا چاہئے۔ آل انڈیا او بی سی تنظیم کے صدر شبیر انصاری نے کہا اتحاد ہر مسلمان کے دل کی آواز ہے، ملت کا ہر فرد عمائدین کی طرف دیکھ رہا ہے۔
آل انڈیا مسلم مجلس مشاورت کے جنرل سیکریٹری مجتبیٰ فاروق نے کہا کہ یکساں سول کوڈ ایک سیاسی حربہ ہے عملی طور پر یہ ناممکن ہے۔نائب امیر جماعت اسلامی مولانا نصرت علی نے کہا کہ جب جب ایمان پر آنچ آنے کا خطرہ ہوتا ہے توبلا تفریق مذہب و ملت مسلمان متحد ہو جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان میں بی جے پی مسلمان کا تشخص ختم کرنا چاہتی ہے۔ آخر میں مولانا خالد اشرف نے کہا کہ یہ حالات اللہ تعالیٰ نے مسلمانوں کو سدھار نے کےلئے پیدا کئے ہیں مسلمانوں صحیح راہ پر آجانا چاہئے۔

بصیرت آن لائن


آپ کی رائے

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

مزید دیکهیں