مقبوضہ کشمیر میں قابض بھارتی فوج کی بربریت جاری، مزید 3 کشمیری شہید

مقبوضہ کشمیر میں قابض بھارتی فوج کی بربریت جاری، مزید 3 کشمیری شہید

مقبوضہ کشمیر میں قابض بھارتی فوج کے ہاتھوں مزید 3 کشمیری نوجوان شہید ہوگئے جس سے وادی میں ایک بار پھر صورتحال کشیدہ ہوگئی اور مظاہرین نے بھارتی ظلم و ستم کے خلاف شدید احتجاج کیا۔
مقبوضہ وادی میں قابض بھارتی افواج کی بربریت کا سلسلہ گزشتہ ماہ سے جاری ہے جس میں جولائی کے مہینے میں 74 کشمیری شہید اور متعدد زخمی ہوئے جب کہ بھارتی فوج کی جانب سے چھروں والی گنوں کے استعمال سے کئی نوجوانوں سمیت لڑکیاں بھی بینائی سے محروم ہوچکی ہیں۔
سری نگر میں قابض فوج کی فائرنگ سے ریاض احمد نامی نوجوان شہید ہوگیا جس کے بعد وادی میں ایک بار پھر ہنگامے پھوٹ پڑے، مظاہرین نے ریاض احمد کی شہادت پر شدید احتجاج کیا جب کہ نماز جنازہ کے موقع پر بھی مظاہرہ کیا گیا جس میں خواتین نے بھی حصہ لیا۔ مظاہرین نے قابض بھارتی افواج کے ظلم و ستم کے خلاف شدید نعرے بازی کی۔ ریاض احمد کی پوسٹ مارٹم رپورٹ سے پتا چلا کہ انہیں انتہائی قریب سے گولیاں ماری گئیں۔
دوسری جانب مقبوضہ وادی کے ڈسٹرکٹ پلواما میں بھی قابض فوج نے مظاہرین پر سامنے سے فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں ایک نوجوان فاورق احمد موقع پر ہی شہید ہوگیا جب کہ دوسرے شخص سہیل احمد کو اسپتال منتقل کیا گیا جہاں وہ جانبر نہ ہوسکا۔
تینوں نوجوانوں کی شہادت کے بعد وادی میں پہلے سے کشیدہ صورتحال مزید خراب ہوگئی ہے، مظاہروں کا نیا سلسلہ شروع ہوگیا جسے روکنے کے لیے قابض فوج نے ایک بار پھر آنسو گیس کی شیلنگ سمیت فائرنگ اور چھروں والی گنوں کا استعمال کیا۔
مقبوضہ وادی میں آج بھی کرفیو نافذ رہا جس کے باعث تعلیمی اداروں، کاروبار اور ٹرانسپورٹ بند رہے جب کہ حریت رہنماؤں کی اپیل پر 5 اگست کو ہڑتال کی جائے گی اور بھارتی بربریت کے خلاف جمعہ کو احتجاجی مارچ کیا جائے گا۔

ایکسپریس نیوز


آپ کی رائے

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

مزید دیکهیں