کوئٹہ میں مسافر بس میں دھماکہ، 11 افراد ہلاک

کوئٹہ میں مسافر بس میں دھماکہ، 11 افراد ہلاک

پاکستان کے صوبے بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ میں ہونے والے ایک دھماکے میں کم سے کم 11 افراد ہلاک جبکہ 15 زخمی ہوئے ہیں۔
دھماکہ کوئٹہ شہر سے سریاب جانے والی ایک لوکل بس میں ہوا۔
ایس ایس پی آپریشنز کوئٹہ عبد الوحید نے جائے وقوعہ پر میڈیا کو بتایا کہ جب یہ بس دوکانی بابا چوک کے قریب پہنچی تو اس میں زوردار دھماکہ ہوا۔
دھماکہ اس قدر زوردار تھا کہ اس کی آواز شہر میں دور دور تک سنی گئی۔
جائے وقوعہ پر سیکریٹری داخلہ اکبر حسین درانی نے میڈیا کے نمائندوں کوبتایا کہ دھماکے میں 11 افراد ہلاک ہوئے۔
زخمی افراد کو ابتدائی طبی امداد کے لیے سول ہسپتال کوئٹہ منتقل کردیا گیا۔ ہسپتال ذرائع کے مطابق بم دھماکے کے باعث 15افراد زخمی ہوئے۔
زخمیوں میں سے تین کی حالت تشویشناک تھی جن کو سی ایم ایچ منتقل کردیا گیا۔
ایس ایس پی آپریشنز عبد الوحید خٹک کا کہنا تھا کہ دھماکہ ٹائم ڈیوائس کے ذریعے کیا گیا۔ انھوں نے بتایا کہ پانچ سے چھ کلو دھماکہ خیز مواد بس کی چھت کے پچھلے حصے میں رکھا گیا تھا۔
سکیورٹی حکام کے مطابق دھماکے کا نشانہ بننے والی بس میں تقریباً 35 سے 40 افراد سوار تھے۔
دھماکے کے بعد جائے وقوعہ پر امدادی سرگرمیاں شروع کر دیں اور سکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا۔
تاحال کسی تنظیم کی جانب سے دھماکے کی ذمہ داری قبول نہیں کی گئی ہے۔
خیال رہے کہ یہ دھماکہ ایسے وقت ہوا ہے جب محرم الحرام کی مناسبت سے کوئٹہ سمیت صوبے بھر میں سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔
کوئٹہ کے علاقے سریاب روڈ پر اس سے پہلے بھی کئی بار دھماکے ہوئے ہیں لیکن حالیہ کچھ عرصے سے کوئٹہ امن و امان کی صورتحال پہلے سے بہتر ہوئی ہے۔

بی بی سی اردو


آپ کی رائے

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

مزید دیکهیں