‘انتفاضہ القدس’ کے 18روز۔۔۔۔ 44 فلسطینی شہید، 1829 زخمی

‘انتفاضہ القدس’ کے 18روز۔۔۔۔ 44 فلسطینی شہید، 1829 زخمی

فلسطینی وزارت صحت کی جانب جاری کردہ ایک رپورٹ میں بتایا گیاہے کہ یکم اکتوبر سے فلسطین میں جاری تحریک “انتفاضہ القدس” میں پچھلے 18 ایام میں 44 فلسطینی شہید اور 1829 زخمی ہوچکے ہیں۔ شہداء میں 30 مغربی کنارے اور 14 کا تعلق غزہ کی پٹی سے بتایا جاتا ہے۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق فلسطینی وزارت صحت کا کہنا ہے کہ صہیونی فوج کی ریاستی دہشت گردی کے دوران پچھلے اٹھارہ ایام میں شہید ہونےوالوں میں 11 بچے بھی شامل ہیں۔ بچوں میں ایک تین سال کی بچی بھی شامل ہے جس غزہ کی پٹی میں بمباری کرکے اس کے والدین سمیت شہید کردیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ ایک سولہ سالہ بچی کو الخلیل شہر میں قابض صہیونی فوجیوں نے گولیاں مار کرشہید کرڈالا تھا۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ 19 فلسطینیوں کو جعلی مقابلوں میں تعاقب کرکے گولیاں ماری گئیں اور یہ دعویٰ کیا گیا کہ شہید ہونے والے فلسطینی یہودی فوجیوں اور آباد کاروں پر چاقو سے قاتلانہ حملوں کی کوشش کررہے تھے۔
رواں ماہ کے اوائل سے جاری تحریک میں اب تک اسرائیلی فوج کی ریاستی دہشت گردی کے نتیجے میں 1829 فلسطینی زخمی ہوئے ہیں۔ ان میں سے بیشتر افراد براہ راست فائرنگ، ربڑ کی گولیوں، آنسوگیس کی شیلنگ اور بمباری سے زخمی ہوئے۔
فلسطین کے طبی امدادی ادارے ہلال احمر کی جانب سے جاری کیے گئے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ تنظیم کے رضاکاروں نے اسرائیلی فوج کے حملوں میں زخمی ہونے والے 5406 افراد کو فوری طبی امداد مہیا کی تھی۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ 541 فلسطینی براہ راست فائرنگ سےم 1283 ربڑ کے خول میں لپٹی دھاتی گولیوں سے، 117 لاٹھی چارج سے، تین فلسطینی کاروں کی ٹکر سے، پانچ بمباری سے اور 3457 آنسوگیس کی شیلنگ سے متاثر ہوئے۔

مرکزاطلاعات فلسطین


آپ کی رائے

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

مزید دیکهیں