اسرائیلی مظالم جاری، فائرنگ سے مزید 3 فلسطینی شہید

اسرائیلی مظالم جاری، فائرنگ سے مزید 3 فلسطینی شہید

اسرائیلی فوج کی ظالمانہ کارروائیاں جاری ہیں،مقبوضہ بیت المقدس اور مغربی کنارے میں فائرنگ سے خاتون سمیت مزید3فلسطینی شہید جبکہ11زخمی ہوگئے۔
تمام فلسطینیوں کو اسرائیلی فوجیوں اور شہریوں پر چاقو سے حملے کی کوشش پر فائرنگ کر کے شہید کیاگیا۔اسرائیلی فوج کے مطابق ایک حملہ آورمشرقی مقبوضہ بیت المقدس جبکہ دومغربی کنارے کے علاقے میں فائرنگ سے شہیدہوئے۔فلسطینی سیکیورٹی فورسز نے ایک شہید کی شناخت18سالہ فادل الکواستمی کے نام سے کی۔ مغربی کنارے میں اسرائیلی فوج نے مظاہرین پر فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں11فلسطینی زخمی ہوئے۔
اسرائیل نے شہدا کے جسد سپرد خاک کرنے کیلیے لواحقین کے حوالے نہ کرنے کی دھمکی بھی دے دی۔دوسری جانب امریکی صدر باراک اوباما نے اسرائیلی وزیر اعظم بنجمن نیتن یاہو، فلسطینی صدر محمود عباس اور طاقتور حلقوں پر زور دیا ہے کہ وہ ایسے بیانات سے گریز کریں جن سے تشدد،غصہ یا غلط فہمیاں جنم لیں۔انھوں نے کہا کہ امریکا علاقے میں بڑھتی ہوئی پر تشدد کارروائیوں پر نظر رکھے ہوئے ہے۔انھوں نے دونوں رہنماؤں پر زور دیا کہ وہ قیام امن میںمدد دیں۔امریکی وزیر خارجہ جان کیری کا بھی جلد علاقے کا دورہ متوقع ہے۔
جان کیری نے فلسطینی صدر محمود عباس اور اسرائیلی وزیر اعظم بنجمن نیتن یاہو سے ٹیلیفون پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وہ بحالی امن کیلیے کام کریں۔انھوں نے فلسطینی صدر پر زور دیا کہ وہ اشتعال انگیز بیانات اور الزامات لگانے سے پرہیز کریں۔جان کیری نے مشرق وسطیٰ میں بڑھتے ہوئے پر تشدد واقعات پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے صورتحال کو معمول پر لانے کیلیے کوششیں جاری رکھنے کا یقین دلایا ۔
انھوںنے کہا کہ اسرائیل کو اپنے شہریوں کے تحفظ کاحق حاصل ہے۔ادھرمغربی کنارے میں شہید فلسطینی ایاد کے جنازے میں سیکڑوں فلسطینیوں نے شرکت کی۔شہید کی والدہ نے اے ایف پی کو بتایا کہ ان کا بیٹا شہادت سے پہلے کافی دیت تک ٹی وی پر خبریں دیکھ کر غصے میں آگ بگولہ ہوتا رہا۔آئی این پی کے مطابق اقوام متحدہ نے اسرائیل اور فلسطین میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کا نوٹس لیتے ہوئے فریقین کو ممکنہ جنگ سے خبردار کردیا۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق سیکیورٹی کونسل نے ہنگامی طور پر بلائے گئے اجلاس میں حالات کی بڑھتی ہوئی سنگینی پر بات کی۔
اے پی پی کے مطابق اسرائیلی حکومت نے فلسطین کی ٹی وی نشریات بند کرنیکا مطالبہ کیا ہے۔اسرائیلی وزیر ایلیٹ شاکید نے کہا کہ غرب اردن میں فلسطینی انتظامیہ کے ٹی وی چینلز کی نشریات بند کی جائیں کیونکہ ان میں اسرائیل کیخلاف فلسطینیوں کے اعتراضات اور احتجاج کو دکھایا جارہا ہے۔واضح رہے کہ یکم اکتوبر سے اب تک اسرائیلی مظالم کے نتیجے میں40فلسطینی شہیدجبکہ جھڑپوں میں 7اسرائیلی بھی مارے جا چکے ہیں۔

ایکسپریس نیوز


آپ کی رائے

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

مزید دیکهیں