سیف الاسلام قذافی لیبیا کے جنوبی علاقے سے گرفتار

سیف الاسلام قذافی لیبیا کے جنوبی علاقے سے گرفتار

طرابلس(العربیہ ڈاٹ نیٹ) لیبیا کی عبوری قومی کونسل (این ٹی سی) کے ایک عہدے دار نے اطلاع دی ہے کہ سابق مقتول صدر کرنل قذافی کے بیٹے سیف الاسلام قذافی کو ملک کے جنوبی علاقے میں گرفتار کرلیا گیا ہے۔
این ٹی سی کے عہدے دار محمد العلاقی نے العربیہ سے گفتگو کرتے ہوئے سیف الاسلام قذافی کی گرفتاری کی تصدیق کی ہے لیکن انھوں نے فوری طور پر اس کی مزید تفصیل نہیں بتائی۔دارالحکومت طرابلس میں زنتان بریگیڈز کے کمانڈر بشیرالطلیب نے صحافیوں کو بتایا ہے کہ سیف قذافی کو جنوبی قصبے اوباری کے قریبی علاقے سے ان کے تین ساتھیوں سمیت گرفتار کیا گیا ہے۔
طلیب نے مزید بتایا کہ سیف الاسلام قذافی کو الزنتان میں منتقل کردیا گیا ہے۔اب وہ این ٹی سی کے کمانڈروں کے قبضے میں ہیں اور وہ نئی حکومت کی تشکیل تک ان کے زیرحراست ہی رہیں گے۔البتہ انھوں نے اس حوالے سے کچھ نہیں بتایا کہ لیبیا کے سابق مرد آہن کے بیٹے کے خلاف کہاں مقدمہ چلایا جائے گا۔
لیکن این ٹی سی کے ایک اور کمانڈر عادل طرحونی نے العربیہ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سیف قذافی کے خلاف لیبیا ہی میں مقدمہ چلایا جائے گا اورانھیں آئی سی سی کے حوالے نہیں کیا جائے گا،جنگجوؤں نے اس حوالے سے وزیراعظم عبدالرحیم القیب سے بات کی ہے۔
واضح رہے کہ ہیگ میں قائم عالمی فوجداری عدالت (آئی سی سی) نے ستائیس جون کو سیف قذافی ،ان کے والد (مقتول) معمر قذافی اور سابق انٹیلی جنس چیف عبداللہ السنوسی کے انسانیت کے خلاف جرائم اورحکومت مخالف تحریک کو کچلنے کے الزام میں وارنٹ گرفتاری جاری کیے تھے۔
سیف قذافی اورعبداللہ السنوسی سے متعلق گذشتہ ماہ یہ اطلاعات سامنے آئی تھیں کہ وہ پڑوسی ملک نیجر چلے گئے ہیں اور وہ مبینہ طور پر خود کو عالمی فوجداری عدالت کے حوالے کرنے کے لیے ثالثوں کے ذریعے بات چیت کررہے ہیں لیکن نیجرکے صدر نے دوہفتے قبل ہی اس اطلاع کی تردید کی تھی اور کہا تھا کہ سیف قذافی ان کے ملک میں نہیں ہیں بلکہ وہ لیبیا ہی میں کہیں روپوش ہیں۔کمانڈر عادل طرحونی کے بہ قول اب ایسی اطلاعات سامنے آئی ہیں کہ عبداللہ السنوسی اپنے خاندان سمیت ملک سے فرار ہوکر الجزائر چلے گئے ہیں۔


آپ کی رائے

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

مزید دیکهیں