پاکستان کی جانب سے افغانستان کو تجارتی راہداری دینے کا فیصلہ

پاکستان کی جانب سے افغانستان کو تجارتی راہداری دینے کا فیصلہ
usa-pak-agreementاسلام آباد(العربیہ) پاکستان اور افغانستان نے دو طرفہ تجارت کے معاہد ے، افغان پاکستان ٹرانزٹ ٹریڈ (اے پی ٹی ٹی)، سے متعلق تمام بڑے اختلافی امور طے کر لیے ہیں اور اس بارے میں دونوں ملکوں کے وفود نے اتوار کو ایک دستاویز پر دستخط کر دیے ہیں۔

اس تقریب میں وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی اور امریکی وزیر خارجہ ہلری کلنٹن نے بھی شرکت کی جو پاکستان کے ساتھ اسٹریٹیجک ڈائیلاگ کے پانچویں دور کے لیے اتوار کو اسلام آباد پہنچی ہیں۔
ایک سرکاری بیان میں پاکستان اور افغانستان نے اس امید کا اظہار کیا ہے کہ اے پی ٹی ٹی کو حتمی شکل دینے کے لیے تمام متنازع امور طے پانے کے بعد اس معاہدے پر جلد دستخط کر دیے جائیں گے۔
تاہم بیان میں کہا گیا ہے کہ معاہد ے کے تحت بھارت کو پاکستان کے راستے افغانستان اپنی اشیاء کی برآمد کی اجازت نہیں ہو گی۔ البتہ افغانستان، واہگہ کے راستے بھارت کو برآمدات کے لیے پاکستان کی تجارتی راہداری استعمال کر سکے گا۔
ادھر امریکا نے پاکستان کی جانب سے دہشت گردوں کے خلاف کارروائی پرعدم اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے ایک بارپھر اسلام آباد سے “ڈو مور” کا مطالبہ کیا ہے۔ برطانوی خبررساں ادارے سے بات چیت میں امریکی وزیرخارجہ نے کہا کہ پاکستان دہشت گردی کے خاتمے کیلئے مزید اقدامات کرے۔
اس سے قبل پاکستانی قیادت سے ملاقات میں ہیلری کلنٹن نے زور دیا کہ وہ دہشت گردی کے خاتمے کیلےاپنی سرحدوں میں موجود دہشت گردوں کے خلاف موثر کارروائی کرے۔ امریکی وزیرخارجہ نے اتوار کے روز صدر آصف علی زرداری اور وزیر اعظم گیلانی سے ملاقات کی۔ وہ پیر کو آرمی چیف جنرل کیانی اور شریف برادران سے بھی ملیں گی۔
درایں اثنا امریکی حکام کا کہنا ہے کہ کل کا دن پاک امریکا تعلقات میں بڑا اہم ہو گا۔ پاکستان میں متعدد ترقیاتی منصوبوں کا اعلان کیا جائے گا۔ محکمہ خارجہ کے اعلی حکام نے اسلام آباد میں صحافیوں کو بریفنگ دی۔ جس میں بتایا گیا کہ امریکی وزیر خارجہ ہلیری کلنٹن اپنے دورہ پاکستان میں کیری لوگر بل کے تحت دی جانے والی امداد سے متعدد منصوبوں اور معاہدوں کا اعلان کریں گی۔
میڈیا کو بتایا گیا کہ اسٹریٹیجک ڈائیلاگ میں امریکی وزیر خارجہ پانی، توانائی اور سماجی شعبوں میں نئے منصوبوں کا اعلان کریں گی۔ امریکا گومل زام اور ست پارہ ڈیم کیلئے فنڈز فراہم کرے گا۔ وہ کل پاک امریکا اسٹریٹجک ڈائیلاگ میں شرکت کریں گی جن میں توانائی، پانی، تعلیم، صحت، دہشت گردی اور دفاعی مسائل پر بات چیت کی جائے گی۔پاکستان کے دورے کے اختتام پر ہیلری کلنٹن منگل کو کابل میں ہونے والی کانفرنس میں شرکت کیلئے افغانستان جائیں گی۔

آپ کی رائے

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

مزید دیکهیں