سابق بگ باس کھلاڑی ماہ جبین صدیقی نے اسلام کیلئے شوبز کو خیرباد کہہ دیا

سابق بگ باس کھلاڑی ماہ جبین صدیقی نے اسلام کیلئے شوبز کو خیرباد کہہ دیا

بھارتی رئیلیٹی شو بگ باس کی سابق کھلاڑی ماہ جبین صدیقی نے اسلام کے لیے شوبز چھوڑتے ہوئے ہمیشہ حجاب پہننے کا فیصلہ کیا ہے۔
بگ باس 11 کا حصہ بننے والی ماہ جبین صدیقی نے حال ہی میں سوشل میڈیا پر ایک پوسٹ کے ذریعے بتایا کہ انہوں نے خدا کے بتائے ہوئے سیدھے اور سچے راستے پر چلنے کے لیے شوبز کو خیرباد کہہ دیا ہے۔
ماہ جبین کے اپنے پیغام میں لکھا ’’میں یہ اس لیے لکھ رہی ہوں کہ میں 2 سال سے بہت پریشان تھی مجھے کچھ سمجھ نہیں آرہا تھا کہ ایسا کیا کروں جس سے مجھے سکون ملے۔ انسان جب گناہ کرتا ہےتو اس گناہ کی لذت تو تھوڑی دیر میں ختم ہوجاتی ہے لیکن اس کا گناہ قیامت تک رہتا ہے۔
میں نے محسوس کیا کہ میں اپنی اصل زندگی کو بھول کر دنیا کی دکھاوے والی زندگی جی رہی تھی۔ اللہ کی نافرمانی کرکے انسان کو کبھی سکون نہیں مل سکتا۔ آپ چاہے لوگوں کو خوش کرنے کے لیے کتنا بھی اچھا کرلو اور چاہے کتنا بھی وقت دے دو لوگ آپ کی کبھی قدر نہیں کریں گے۔
اس سے بہتر ہے کہ آپ اپنا وقت اللہ کو خوش (راضی) کرنے میں لگائیں۔ جس سے میری اور آپ کی آخرت بہتر ہوجائے۔ میں ثنا خان بہن کو ایک سال سے فالو کررہی تھی مجھے ان کی باتیں بہت اچھی لگتی تھیں انہیں دیکھ کر میرے اندر بیان سننے کا شوق جاگا۔
ماہ جبین نے مزید لکھا مجھے اللہ سے توبہ کرکے جو سکون ملا وہ میں لفظوں میں بیان نہیں کرسکتی۔ جو سکون میں ڈھونڈھ رہی تھی وہ مجھے نماز یعنی اللہ کی عبادت کرکے ملا۔ اب سے میں نے یہ نیت کرلی ہے کہ میں ہمیشہ حجاب میں رہوں گی انشااللہ۔ اللہ میرے گناہوں کو معاف فرمائے اور مجھے نیک راستے پر چلنے کی توفیق فرمائے۔‘‘
ماہ جبین نے اپنی پوسٹ میں بتایا کہ انہوں نے سابق اداکارہ اور بگ باس کے گھر کا حصہ رہنے والی ثنا خان سے متاثر ہوکر یہ فیصلہ کیا ہے۔
واضح رہے کہ ماہ جبین سے قبل ثنا خان اور زائرہ وسیم بھی اسلام کی خاطر شوبز کو خیرباد کہہ چکی ہیں۔


آپ کی رائے

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

مزید دیکهیں