مولانا نظرمحمد دیدگاہؒ کی نماز جنازہ ادا؛ ہزاروں افراد شریک ہوئے

مولانا نظرمحمد دیدگاہؒ کی نماز جنازہ ادا؛ ہزاروں افراد شریک ہوئے

ایرانشہر (سنی آن لائن) ہزاروں فرزندانِ توحید کی موجودی میں اتوار چھ جون دوہزار اکیس کو ممتاز بلوچ عالم دین مولانا نظرمحمد دیدگاہ رحمہ اللہ کی نماز جنازہ ایرانشہر کی مرکزی عیدگاہ میں ادا کی گئی۔
سنی آن لائن کے نامہ نگاروں کے مطابق، مولانا دیدگاہؒ کی نمازِ جنازہ شیخ الاسلام مولانا عبدالحمید کی امامت میں ادا ہوئی۔ نمازِ جنازہ میں صوبہ سیستان بلوچستان کے علاوہ پڑوس کے صوبوں سے بھی متعدد شخصیات نے شرکت کی۔مولانا نظرمحمد علالت کی وجہ سے ایک مقامی اسپتال میں زیرِ علاج تھے جہاں ہفتہ پانچ جون کو ان کی روح پرواز کرگئی۔
مولانا عبدالحمید نے نماز جنازہ سے پہلے حاضرین سے خطاب کرتے ہوئے کہا: مولانا نظرمحمد دیدگاہ رحمہ اللہ کا سانحہ انتقال بہت عظیم نقصان ہے۔ آپؒ ایک علمی شخصیت اور قومی رہ نما تھے۔
انہوں نے مزید کہا: مولانا دیدگاہؒ انتہائی نڈر اور بہادر تھے؛ جو کچھ درست سمجھتے تھے زبان پر لاتے اور کسی سے نہیں ڈرتے تھے۔ اکثر لوگ اور خواص و حکام انہیں جانتے تھے۔ آپؒ سب مسلمانوں کے ساتھ ہمدردی اور خیرخواہی کرتے تھے۔ لوگوں کے تنازعات حل کرنے اور تصفیہ کرنے میں دلچسپی رکھتے تھے۔
صدر و شیخ الحدیث دارالعلوم زاہدان نے کہا: مولانا دیدگاہؒ کا سانحہ انتقال سب سے زیادہ اہل علم اور دینی حلقوں کے لیے بڑا نقصان ہے۔ ہم سب اس رنج و غم کے موقع پر افسردہ ہیں۔ مولاناؒ کے خاندان اور صاحبزادوں سے خصوصی طورپر تعزیت کا اظہار کرتاہوں۔
مولانا عبدالحمید نے اپنے خطاب کے آخر صوبہ میں قتل کی واردات میں اضافے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے سب کو نماز کی پابندی، زکات دینے اور دینی ذمہ داریاں پوری کرنے کی نصیحت کی۔

یاد رہے نمازِ جنازہ کی تقریب میں حضرت شیخ الاسلام کے علاوہ بعض دیگر شخصیات بشمول مولانا عبدالصمد کریم زائی، مولانا محمدصدیق حقانی (مشیر گورنر سیستان بلوچستان)، مولانا محمدعثمان خاشی اور مولانا ظفراحمد دیدگاہ (فرزند مولانا نظرمحمد) نے خطاب کرتے ہوئے مرحوم کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔


آپ کی رائے

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

مزید دیکهیں