دنیا و آخرت میں انسان کی کامیابی کے لیے روح و جسم کو شریعت کی تابع بنائیں

دنیا و آخرت میں انسان کی کامیابی کے لیے روح و جسم کو شریعت کی تابع بنائیں

مولانا عبدالغنی بدری نے زاہدان میں مرکزی اجتماع برائے نماز جمعہ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ روح و جسم کو شریعت کے احکام کے پیرو بنانے سے دنیا و آخرت کی کامیابی حاصل ہوجاتی ہے۔
سنی آن لائن کی ایک رپورٹ کے مطابق، نائب خطیب اہل سنت زاہدان نے چھ جنوری دوہزار سترہ کے خطبہ جمعہ میں کہا: اللہ تعالی کی بعض نعمتیں روحانی ہیں اور بعض جسمانی۔ انسان کی تخلیق بھی روح اور جسم کو ملا کر کی گئی ہے؛ نعمتیں بھی روحانی اور جسمانی ہیں۔
انہوں نے مزید کہا: اللہ رب العزت نے انسان کی روح اور جسم کے لیے الگ الگ منصوبہ بندی فرمائی ہے۔ جسم زمینی ہے چنانچہ اللہ تعالی فرماتاہے: ’اور خدا ہی نے تم کو مٹی سے بنا؛ 35:11‘۔ لہذا انسان کی تربیت اور نشو و نما بھی زمین اور مٹی ہی سے ہوگی۔ اسی لیے اللہ تعالی زمین کو اس کی تمام نعمتوں سمیت انسان کے اختیار میں رکھا ہے۔
ناظم تعلیمات دارالعلوم زاہدان نے روحانی پہلو پر توجہ دینے کو ضروری یاد کرتے ہوئے کہا: اللہ سبحانہ وتعالی نے انسان کی روح کے لیے بھی منصوبہ بندی فرمائی ہے۔ چوں کہ روح کا تعلق عالم بالا سے ہے، اس کی غذا اور تربیت کا منصوبہ بھی اوپر ہی سے آیاہے۔ روح بہت ہی لطیف چیز ہے اور اس کی غذا بھی لطیف ہے۔ جس طرح جسم کے لیے آسمان سے بارش برستی ہے، روح کے لیے رحمتیں بھی وہیں سے برستی ہیں۔
انہوں نے مزید کہا: حدیث شریف میں انبیا علیہم السلام کو بادل سے تشبیہ دی گئی ہے جو آسمانی پیغام، علم اور تقویٰ کے ساتھ لوگوں پر برستے تھے اور ان کے لیے سایہ بن جاتے تھے۔ نبی کریم ﷺ نے ایک حدیث شریف میں فرمایاہے: “کہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا کہ اللہ تعالیٰ نے مجھے جس علم و ہدایت کے ساتھ بھیجا ہے اس کی مثال زبردست بارش کی سی ہے جو زمین پر ( خوب ) برسے۔ بعض زمین جو صاف ہوتی ہے وہ پانی کو پی لیتی ہے اور بہت بہت سبزہ اور گھاس اگاتی ہے اور بعض زمین جو سخت ہوتی ہے وہ پانی کو روک لیتی ہے اس سے اللہ تعالیٰ لوگوں کو فائدہ پہنچاتا ہے۔ وہ اس سے سیراب ہوتے ہیں اور سیراب کرتے ہیں۔ اور کچھ زمین کے بعض خطوں پر پانی پڑتا ہے جو بالکل چٹیل میدان ہوتے ہیں۔ نہ پانی روکتے ہیں اور نہ ہی سبزہ اگاتے ہیں۔ تو یہ اس شخص کی مثال ہے جو دین میں سمجھ پیدا کرے اور نفع دے، اس کو وہ چیز جس کے ساتھ میں مبعوث کیا گیا ہوں۔ اس نے علم دین سیکھا اور سکھایا اور اس شخص کی مثال جس نے سر نہیں اٹھایا ( یعنی توجہ نہیں کی ) اور جو ہدایت دے کر میں بھیجا گیا ہوں اسے قبول نہیں کیا۔”
مولانا بدری نے نمازیوں کو روح پر دھیان دینے کی ترغیب دیتے ہوئے کہا: جس طرح انسان جسمانی امراض کو معلوم کرکے ان علاج کرتاہے، اسی طرح روحانی امراض جیسا کہ کفر، شرک، نفاق، حسد، جھوٹ و غیرہ کی تشخیص کرکے ان کا خاتمہ کرنا چاہیے۔
انہوںنے مزید کہا: جسم سے تعلق رکھنے والی عبادتوں پر توجہ دینی چاہیے جن سے روح کی تربیت ممکن ہے۔ نیز مالی عبادات پر توجہ دینی چاہیے۔ قرآن پاک میں باسٹھ جگہوں پر نماز اور زکات کا تذکرہ ساتھ آیاہے جس سے مالی عبادات کی اہمیت واضح ہوجاتی ہے۔
استاذ حدیث دارالعلوم زاہدان نے آخر میں کہا: اللہ تعالی کا قانون بہترین ہے اور اس کی زمین پر اسی کا قانون چلے گا۔ جب ہم اپنے جسم و روح کو اللہ تعالی کے قانون کی تابع بنائیں گے، تب ان کی تمام نعمتوں کے مستحق بن جائیں گے۔


آپ کی رائے

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

مزید دیکهیں

تازه ترین