خواتین کے دینی مسائل

خواتین کے دینی مسائل

باپ شریک بہن:
سوال: میری ایک علاتی (باپ شریک) بہن ہیں۔ ان کی بیٹی کا نکاح میرے حقیقی ماموں سے ہوا، پھر ماموں کی بیٹی پیدا ہوئی۔ سوال یہ ہے کہ میرے چھوٹے حقیقی بھائی کا نکاح ماموں کی اس بیٹی سے جائز ہے یا نہیں؟ (زبیدہ بی بی۔ صادق آباد)
جواب: بہن خواہ سگی ہو یا باپ شریک یا ماں شریک۔۔۔ تینوں کی اولاد سے نکاح حرام ہے۔ آپ کے بھائی ماموں کی جس بیٹی سے نکاح کرنا چاہتے ہیں یہ ان کی بہن کی نواسی ہے لہذا اس سے نکاح حرام ہے۔ و اما الاخوات فالاخت لاب و ام و الاخت لام و کذا بنات الاخ و الاخت و ان سفلن۔ (عالمگیریہ ۱؍۲۷۳)

کیا لطیفے جھوٹ کے زمرے میں آتے ہیں؟
سوال: حدیث شریف کا مفہوم ہے کہ تباہ ہوجائے وہ شخص جو لوگوں کو ہنسانے کے لیے جھوٹ بولے، ہلاکت ہے اس کے لیے ۔۔۔۔ ہلاکت ہے اس کے لیے۔ (ترمذی) سوال یہ ہے کہ دوست احباب اپنی مجلسوں میں ایک دوسرے کو ہنسانے کے لیے جو لطیفے سناتے ہیں، یہ بھی تو جھوٹ ہیں۔ کیا لطیفہ سنانے والا اس حدیث کا مصداق نہیں بنتا؟ (حلیمہ سعدیہ۔ ملتان)
جواب: جھوٹ میں ایک بات خلاف واقعہ کہہ کر مخاطب کو دھوکا دیا جاتا ہے۔ مثلاً ایک تاجر ۵۰ روپے کی چیز خرید کر گاہک سے کہتا ہے، ۱۰۰ روپے کی خرید ہے۔ لیکن لطیفہ گوئی یا ظرافت اس سے مختلف ہے۔ گو یہ حقیقت نہیں ہوتی، لیکن مخاطب کو اس میں دھوکا یا نقصان نہیں ہوتا۔ متکلم و مخاطب دونوں جانتے ہیں کہ یہ حقیقت نہیں صرف مفروضہ ہے۔ ضرب المثل اور تمثیلی حکایات میں بھی فرض باتیں ہوتی ہیں، لیکن قدیم سے بلا رد و نکیر تمام اکابر اسلاف کے ہاں ان کا معمول چلا آرہا ہے۔ ان چیزوں کو مذکورہ بالا حدیث کا مصداق ٹھہرانا اور ان کے بیان کرنے والوں کو حدیث کی وعید سنانا درست نہیں۔ البتہ یہ ضروری ہے کہ لطیفہ عمومی انداز میں بیان کیا جائے۔ کسی خاص شخص یا خاص خاندان یا خاص قوم و قبیلہ کو نشانہ نہ بنایا جائے۔

پانی میں چیونٹیاں مرگئیں:
سوال: (۱) رات ہم نے پانی ابال کر رکھا، دن کو جب ڈھکن کھولا تو پتیلے میں چیونٹیاں مری پڑی تھیں، اب اس پانی کا استعمال جائز ہے یا نہیں؟ اسی طرح اگر کاکروچ یا کوئی دوسرا چھوٹا کیڑا گر کر مرجائے تو کیا حکم ہے؟
(۲) چاولوں میں اکثر کیڑا لگ جاتا ہے، ایسے چاول دھوئے بغیر استعمال کرنا جائز ہے یا نہیں؟ (ایضا)
جواب: (۱) اس پانی کا استعمال جائز ہے، ان تمام حشرات الارض اور چھوٹے کیڑوں کا بھی یہی حکم ہے جن میں بہتا خون نہیں ہوتا، ان کے گرنے سے پانی ناپاک نہیں ہوتا۔ کھانے پینے کی چیزوں میں گرجائیں تو نکالنے کے بعد ان چیزوں کا استعمال جائز ہے۔ البتہ اگر کیڑے مکوڑے کھانے پینے کی چیزوں میں گل کر ریزہ ریزہ ہوجائیں یا ان کا مواد ان چیزوں میں حل ہوجائے تو ان کا استعمال جائز نہیں۔
(۲) اگر چاولوں میں زندہ کیڑے ہوں تو چاول صاف کیے بغیر استعمال کرنا جائز نہیں، اگر مرچکے ہوں تو صاف کیے بغیر استعمال جائز ہے۔

بیٹھ کر نماز پڑھنا:
سوال: ’خواتین کا اسلام‘ شمارہ ۳۲ میں لکھا ہے کہ بیٹھ کر نماز پڑھنا جائز نہیں، ایسی نماز کا اعادہ واجب ہے۔ لیکن دوسری طرف یہ مسئلہ بھی کتابوں میں لکھا ہے کہ بیٹھ کر پڑھنے سے نماز ہوجاتی ہے لیکن ثواب آدھا ملتا ہے۔ اس مسئلہ کی وضاحت کیجئے۔ (د۔ا۔لاہور)
جواب: یہ حدیث نفل نماز کے متعلق ہے کہ بلاعذر بیٹھ کر پڑھنے سے قیام کی بنسبت نصف اجر ملتا ہے۔ فرض و واجب نماز میں قیام فرض ہے، لہذا بلاعذر بیٹھ کر پڑھنے سے وہ باطل ہوگی عن عمران بن حصین انہ سأل النبی صلی اللہ علیہ وسلم عن صلوۃ الرجل قاعداً، قال ان صلی قائماً فہوا افضل و من صلی قاعدا فلہ نصف اجر القائم۔ الحدیث (رواہ البخاری) قال ابن حجر اما صلاۃ الفرض قاعداً مع القدرۃ فباطلۃ اجماعا۔۔۔ قال ابن الملک ہذا الحدیث محمول علی المتنفل قاعدا مع القدرۃ علی القیام لان المنتفل قاعدا مع العجز عن القیام یکون ثوابہ کثوابہ قائماً (مرقاۃ المفاتیح ص: ۳۲۱، ج: ۳)

بشکریہ خواتین کا اسلام میگزین۔ نمبر ۷۱۹


آپ کی رائے

تعليق واحد لـ : “خواتین کے دینی مسائل

  1. Ai says:

    کوئی شخص اگر جنت میں کنوارہ رہنا چاہے تو رہ
    سکتا ہے؟؟یعنی وہ الله سے درخواست کرے کے
    اُسے اکیلے رہنا ہے تو کیا قبول ہو گی؟؟؟؟
    ۲۔۔۔کیا کوئی لڑکی جس کو یہ گنوارہ نہ ہو یا وہ نہ چاہتی
    ہو کہ جنت میں اُس کے شوہر کو حوریں ملیں اور اُس کا شوہر بھی اِس پر راضی ہو۔۔۔۔یعنی اُن دونوں
    میاں بیوی کی خواہش ہو کہ وہ اکیلے رشتہ داروں
    ساتھ رہے تو کیا ایسا ممکن ہے؟؟؟
    ۳۔۔۔۔جنت میں انسان کو کوئی کام ایسا جس کے
    لیے محنت کرنی پڑے نہیں کرنا ہو گا تو کیا مسلمان
    وہاں بوریت محسوس نہیں کرے گا؟؟؟؟
    ۴۔۔۔۔قرآن میں آتا ہے کہ جنت میں ہر خواہش
    پوری ہو گی تو مومن کیسی خواہش کرے گا؟؟؟بعض

    لوگ کہتے ہیں کہ جنت میں لوگ پرفیکٹ ہوں گےتوپرفیکٹ انسان کو تو کسی چیز کی خواہش نہیں ہوتی
    یا بہت کم ہوتی ہے۔۔۔اسے تو ہر چیز درست لگتی ہے۔۔۔۔تو وہ کیسی خواہش کرے گا؟؟

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

مزید دیکهیں