مقبوضہ کشمیر میں بھارتی دہشتگردی جاری، نوجوان شہید

مقبوضہ کشمیر میں بھارتی دہشتگردی جاری، نوجوان شہید

مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوجیوں نے ریاستی دہشت گردی کی تازہ کارروائی کے دوران ضلع کپواڑہ میں ایک کشمیری نوجوان کو شہید کر دیا۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق فوجیوں نے نوجوان کو ضلع کے علاقے مژھل میں محاصرے اور تلاشی کی کارروائی کے دوران شہید کیا۔ بھارتی فوج نے دعویٰ کیا ہے کہ شہید ہونے والا نوجوان عسکریت پسند تھا جو فوج کے ساتھ ایک جھڑپ میں مارا گیا۔ دوسری جانب مقبوضہ کشمیر میں ہفتے کو مسلسل 113 ویں روز بھی مکمل ہڑتال کی گئی، سری نگر اور دیگر قصبوں میں تمام مرکزی بازار اور کاروباری ادارے بند رہے جبکہ سڑکوں پر ٹریفک کی آمد و رفت انتہائی کم رہی۔ کٹھ پتلی انتظامیہ نے سرینگر اور دیگر قصبوں میں بھارت مخالف مظاہروں کو روکنے کے لیے بھارتی فوجیوں اور پولیس اہلکاروں کی ایک بڑتی تعداد تعینات کررکھی ہے۔
ضلع بانڈی پورہ کے علاقے کلوسہ میں لوگ پابندیوں کو خاطر میں نہ لاتے ہوئے سڑکوں پر نکل آئے اور بھارت کیخلاف اور آزادی کے حق میں زبردست مظاہرے کیے۔ بھارتی فوجیوں اور پولیس اہلکاروں نے مظاہرین کو منتشر کرنے کیلیے فائرنگ کی اور آنسو گیس کے گولے داغے۔ کل جماعتی حریت کانفرنس نے چیئرمین سید علی گیلانی کو نماز جمعے کی ادائیگی سے روکنے، جامع مسجد سری نگر میں مسلسل 18 ویں ہفتے کو نماز جمعہ نہ ادا کرنے دینے، یاسین ملک کو اسپتال سے دوبارہ جیل منتقل کرنے اور میرواعظ عمر فاروق کو گرفتار کرنے کے ناروا اقدامات کی شدید مذمت کی ہے۔ علاوہ ازیں ایک انٹرویو میں میرواعظ عمر فاروق نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کے حل کیلیے ہر سنجیدہ اقدام کی حمایت کی جائیگی۔

ایکسپریس نیوز


آپ کی رائے

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

مزید دیکهیں