کرد فورسز نے داعش سے بازیاب علاقوں میں مکانوں کو دھماکوں سے اڑا دیا، ایمنسٹی انٹرنیشنل

شمالی عراق میں عربوں کے ہزاروں مکانات مسمار

شمالی عراق میں عربوں کے ہزاروں مکانات مسمار

عراق کے تین شمالی صوبوں سے عربوں کو نکال باہر کرنے کے لیے کرد فورسز نے ان کے ہزاروں مکانوں کو مسمار کردیا ہے۔
اس بات کا انکشاف انسانی حقوق کی عالمی تنظیم ایمنسٹی انٹرنیشنل نے ایک بیان میں کیا ہے۔تنظیم کاکہنا ہے کہ کرد فورسز نے داعش کے زیرقبضہ علاقوں پرکنٹرول کے بعد یہ تباہی پھیلائی ہے۔کرد فورسز نے امریکا کی قیادت میں اتحاد کے فضائی حملوں کی مدد سے داعش کو عراق کے بعض شمالی علاقوں سے نکال باہر کیا اور ان پر قبضہ کر لیا ہے۔
ایمنسٹی کے بیان کے مطابق کردستان کی علاقائی حکومت کے تحت البیشمرکہ فورسز اور کرد ملیشیاں نے شمالی عراق میں داعش کی حمایت کے شبے میں انتقاما ہزاروں مقامی افراد کے مکانوں کو بلڈوزوں سے مسمار کردیا ہے یا دھماکوں سے اڑا دیا ہے۔
ایمنسٹی کی مشیر ڈونیٹیلا رویرا نے بیان میں کہا ہے کہ ”عراق کے خود مختار علاقے کردستان کی فورسز نے عرب آبادیوں کو زبردستی بے گھر کرنے کی مہم تیز کررکھی ہے۔وہ شہریوں کو زبردستی دربدر کررہے ہیں اور جان بوجھ کر کسی فوجی جواز کے بغیر مکانوں اور املاک کو تباہ کررہے ہیں۔ان کی یہ کارروائیاں ممکنہ طور پر جنگی جرائم کے زمرے میں آتی ہیں”۔ داعش اور عراقی فورسز کے درمیان لڑائی کے نتیجے میں بے گھر ہونے والے عربوں کو ان کے گھروں میں واپس آنے کی اجازت بھی نہیں دی جارہی ہے۔ایمنسٹی نے عراق کے تین شمالی صوبوں نینوی ،کرکوک اور دیالا میں کرد فورسز کی عربوں کو زبردستی بے گھر کرنے اور بڑے پیمانے پر ان کے مکانوں کو مسمار کرنے کے واقعات کے دستاویزی ثبوت فراہم کیے ہیں۔لندن میں قائم انسانی حقوق کی علمبردار اس تنظیم نے اکتوبر میں شام میں کرد فورسز کی اسی قسم کی کارروائیوں سے متعلق رپورٹ جاری کی تھی اور اس میں شامی کردوں کی خود مختار انتظامیہ پر جنگی جرائم میں ملوث ہونے کے الزمات عاید کیے تھے۔
اس رپورٹ میں کہا گیا تھا کہ کرد فورسز نے بلاجواز شہریوں کے مکانوں کو مسمار کردیا تھا اور ان کے مکینوں کو زبردستی بے گھر کردیا تھا۔ شام کی کرد ملیشیا کرد پیپلز پروٹیکشن یونٹ (وائی پی جی)نے تب ان الزامات کو مسترد کردیا تھا لیکن منگل کو ایک بیان میں کہا تھا کہ وہ چند ماہ قبل داعش سے واپس لیے گئے ایک قصبے میں لوگوں کی املاک کو نقصان پہنچانے کے الزام میں اپنے چار جنگجووں کے خلاف کارروائی کررہی ہے۔

فکر و خبر ڈاٹ کام


آپ کی رائے

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

مزید دیکهیں

تازه ترین