امریکی دھمکیاں مسترد:پاکستان کا ایران سے معاہدے کا فیصلہ

امریکی دھمکیاں مسترد:پاکستان کا ایران سے معاہدے کا فیصلہ

پاکستان نے بین الاقوامی پابندیوں کی امریکی دھمکیوں کو پس پشت ڈال کر ایران سے گیس معاہدے کرنے کا حتمی فیصلہ کرلیا۔
برطانوی اخبار ٹیلیگراف کے مطابق پاکستانی صدر آصف علی زرداری بدھ کو پاک ایران گیس معاہدے کے لئے 500 ملین ڈالرز کے قرضے کی شرائط طے کرنے کے لئے تہران پہنچ رہے ہیں۔
اس قرضے سے پاکستان کو اپنی حدود کی گیس پائپ لائن مکمل کرنے میں مدد ملے گی۔
اخبار کے مطابق اس کے ساتھ ساتھ ایرانی حکام ایک اور معاہدے پر بھی کام کررہے ہیں جس کے تحت پاکستانی بندرگاہ گوادر میں آئل ریفائنری کی تعمیر ممکن ہوسکے گی۔
” بارٹر” اصول کے تحت ہونیوالے اس معاہدے کے تحت پاکستان خام تیل کے بدلے میں ایران کو گندم، گوشت اور چاول فراہم کرے گا۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ امریکہ نے کئی بار پاکستان کو خبردار کیا ہے کہ اگر اس نے ایران پر عائد بین الاقوامی پابندیوں کی خلاف ورزی کی تو اسے سنگین نتائج کا سامنا کرنا پڑے گا۔
امریکی وزارت خارجہ کی ترجمان وکٹوریہ نولینڈ کے مطابق ہم نے پاکستان سمیت دیگر ممالک پر واضح کردیا ہے کہ وہ ایران کے ساتھ ایسے معاہدوں سے گریز کریں جو اقوام متحدہ کی عائد کردہ پابندیوں کے خلاف ہوں۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ پاکستان اس وقت توانائی کے شدید بحران میں مبتلا ہے اور گھنٹوں بجلی غائب رہنا معمول بن چکا ہے، جبکہ اتوار کو کمزور نیٹ ورک صرف ایک پاور پلانٹ کی بندش سے مکمل طور پر بیٹھ گیا، جس سے پورا ملک تاریکی میں ڈوب گیا۔

دی نیوز ٹرائب


آپ کی رائے

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

مزید دیکهیں

تازه ترین