کوئٹہ کے علاقے سریاب روڈمکان کے کمر ے میں گیس بھر جانے سے دم گھٹنے کے باعث بچے سمیت تین افراد ہلاک ہوگئے۔
پولیس کے مطابق سریاب روڈ بی بی نانی کے علا قے میں جاوید احمد رات کو شدید سردی کے باعث کمرے میں گیس ہیٹر جلتا ہوا چھوڑ کر سو گیا صبح گھر والوں نے کمرے کا دروازہ کھٹکھٹایا۔
تاہم کوئی جواب نہ ملنے پر دروازہ توڑ دیا تو اندر جاوید اسکی اہلیہ اور بیٹا مردہ حالت میں پائے گئے امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ گیس ہیٹر جلتے رہنے سے رات کے کسی پہر کمر ے میں اکسیجن کی کمی کے باعث وہ دم گھٹنے سے ہلاک ہوگئے واقعہ کے بعد ریسکیو کی ٹیموں نے انھیں سول ہسپتال پہنچایا جہاں سے ضروری کارروائی کے بعد لاشیں ورثا کے حوالے کر دی گئیں۔
کوئٹہ میں شدید سردی،درجہ حرارت منفی دس تک گر گیا
وادی کوئٹہ اور بلوچستان کے شمال اور شمال مغربی علاقوں میں شدید سردی کی لہر ،یخ بستہ ہواوں کے باعث کوئٹہ میں گھروں میں پانی کے پائپ اور سڑکوں پر پانی جم گیا۔
وادی کوئٹہ اور گردونواح میں گذشتہ روز کی ہلکی بارش اور برفباری کے بعد رات گئے یخ بستہ ہواوں کا سلسلہ شروع ہوا تھا ،جو صبح تک جاری رہا ،کوئٹہ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 10 تک ریکارڈ کیاگیا ،یخ بستہ ہواوں سے سردی کی شدت میں اضافے کے بعد گھروں میں پانی کے پائپ میں اور سڑکوں پر جمع پانی جم گیا ۔
گھروں میں پانی کے پائپ جم جانے سے شہریوں کوپانی کے حصول میں شدید مشکلات کاسامنا کرنا پڑا ،جبکہ گاڑیوں کے ریڈی ایٹرز میں بھی پانی جم گیا جس سے گاڑی مالکان کو گاڑیاں چلانے میں مشکلات پیش آئیں ،دوسری جانب شدید سردی کے بعد سریاب، نواں کلی،زرغون آباد، کلی نوحصار سمیت شہر کے بیشتر علاقوں میں گیس پریشر میں کمی کا بھی درپیش ہے، جس کیباعث شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے ،دوسری جانب صوبے کے شمال اور شمال مغربی حصے بھی شدید سردی کی لپیٹ میں آگئے ہیں۔
محکمہ موسمیات کے مطابق شدید سردی کی لہر آئندہ چوبیس گھنٹے کے دوران بھی برقرار رہے گی۔
جیونیوز

آپ کی رائے