ہلمند میں امریکی ہیلی کاپٹر گرکر تباہ

ہلمند میں امریکی ہیلی کاپٹر گرکر تباہ

کابل/لشکرگاہ (جنگ نیوز) افغانستان کے جنوبی صوبے ہلمندمیں اتحادی فوج کے لئے رسدکا سامان لے جانے والا ایک امریکی ہیلی کاپٹرگرکر تباہ ہوگیا ہے جس میں سوار3اہلکار ہلاک ہوگئے ہیں جبکہ دوسری جانب طالبان نے دعویٰ کیا ہے کہ ہمارے مجاہدین نے ہلمند کے ضلع نادعلی میں ایک سفید رنگ کا ہیلی کاپٹرمارگرایا ہے جس میں سوارتمام افرادہلاک ہوگئے ہیں۔
دریں اثناء افغانستان کے جنوبی شورش زدہ صوبے میں طالبان کے ایک اور حملے میں مزید 2 نیٹو فوجی ہلاک ہوگئے ہیں۔ اتحادی فوج نے اپنے 2 اہلکاروں کی ہلاکت کی تصدیق کی ہے۔
ادھر امریکی نمائندہ خصوصی طالبان سے مذاکرات کیلئے افغانستان پہنچ گئے۔غیر ملکی خبررساں اداروں کے مطابق صوبہ ہلمند،جہاں برطانوی فوجی تعینات ہیں،کے صوبائی پولیس سربراہ کمال الدین شیرزاد کا کہنا ہے کہ ابتدائی پولیس رپورٹوں کے مطابق ہیلی کاپٹر کو زمین پر گرنے سے پہلے فضا میں شعلوں کی لپیٹ میں دیکھا گیا تھا،ان کا مزید کہنا تھا کہ یہ حادثہ فنی وجوہات کی بناء پر پیش آیا ہے ۔ تاہم ہلمند میں ایک سینئر افغان عہدیدارنے نام خفیہ رکھنے کی شرط پر بتایا کہ گمان کیا جاتا ہے کہ ضلع نادعلی کے علاقے شوریٰ کے قریب اس ہیلی کاپٹرکو مارگرایا گیا ہے۔ اس واقعے میں اس سویلین ہیلی کاپٹرپر سوار 3افرادہلاک ہوگئے۔ایساف کے ترجمان نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ جس جگہ یہ ہیلی کاپٹرگراہے وہ علاقہ محفوظ تھا تاہم انہوں نے اس واقعے کی وجہ اوراس کے نتیجے میں ہونے والے جانی نقصان کے بارے میں بتانے سے انکار کیا ہے۔
ادھر طالبان کے ترجمان قاری یوسف احمدی نے دعویٰ کیا ہے کہ ضلع نادعلی میں سفید ہیلی کاپٹر،جو اتحادی افواج کو رسدکا سامان پہنچارہا تھا کو ہمارے مجاہدین نے نشانہ بناکر مارگرایا ہے۔


آپ کی رائے

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

مزید دیکهیں

تازه ترین