رائے ونڈ تبلیغی مرکز بارے وزیر داخلہ کا بیان غیر ذمہ دارانہ

رائے ونڈ تبلیغی مرکز بارے وزیر داخلہ کا بیان غیر ذمہ دارانہ

اسلام آباد(اوصاف) رائے ونڈ تبلیغی مرکز بارے وفاقی وزیر داخلہ رحمن ملک کے بیان پر دینی جماعتوں کا شدید ردعمل، صدر وزیراعظم سے نوٹس لینے کا مطالبہ۔ تفصیل کے مطابق جمعیت علماء اسلا م کے مر کزی امیر مو لا نافضل الرحمن نے کہا ہے کہ دینی مدا رس اور تبلیغی جماعت کے حوالے سے حکومت کے عزائم اچھے نہیں ہیں اگر ہمارے پاس مشکوک خبریں مو جود تھی وزیر داخلہ نے بیان دے کر اس حوالے سے اطلا عات کو درست ثابت کر دیا ہے۔
اپنے جاری بیان میں وزیر داخلہ کے بیان اور الزامات نے حکومتی عزائم کو کھول کر رکھ دیا ہے لیکن جے یو آئی ایسی ہر ساش پر نظر رکھے ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دین کی تبلیغ اور اشاعت کیلئے کام کرنا ہر مسلمان کی ذمہ داری ہے اور یہ ذمہ داری دین مدا رس اور تبلیغی جماعت ادا کر رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایک دفعہ پھر سازشوں کا آغاز کیا جا رہا ہے لیکن جے یو آئی پا رلیمنٹ کے اند ر اور باہر ہر سازش کا ڈٹ کر مقابلہ کرے گی۔ مو لا نا نے کہا کہ دینی مدارس کے خلاف مہم امریکہ اور یورپ کو خوش کر نے کیلئے چلائی جا رہی ہے۔
سینٹ میں قائد حزب اختلاف وجمعیت علماء اسلام کے سیکرٹری جنرل مولانا عبدالغفور حیدری کا وفاقی وزیر داخلہ رحمن ملک کے تبلیغی جماعت کے خلاف بیان پر وزیراعظم سے باضابطہ احتجاج، وزیراعظم نے بیان کی تحقیقات کی یقین دہانی کرا دی۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی سے سینیٹر مولانا عبدالغفور حیدری نے ملاقات کی اور ملک کی مختلف صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔ مولانا عبدالغفور حیدری نے ملاقات کے بعد ،،اوصاف،، سے فون پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میں نے وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کو اپنا احتجاج ریکارڈ کرایا ہے اور کہا ہے کہ رحمن ملک کے اس بیان سے اربوں مسلمانوں کی دل آزاری ہوئی ہے۔ اس کے ساتھ ملاکنڈ میں تبلیغی جماعت کے داخلے پر پابندی اور دینی مدارس کے خلاف اقدامات کس کی ایماء پر ہو رہے ہیں۔ وزیراعظم نے اس ساری صورتحال پر یقین دلایا ہے کہ وہ رحمن ملک کے بیان کی تحقیقات کروائیں گے۔
دریں اثناء ملک کی مختلف مذہبی جماعتوں کے رہنمائوں نے رائیونڈاور تبلیغی جماعت کے بارے میں وزیرِ داخلہ کا بیان غیر ذمہ دارانہ ،غیر دانشمندانہ اورخلافِ حقیقت قراردیتے ہوئے مطالبہ کیاہے کہ صدراور وزیر اعظم وزیر داخلہ کی بیان بازی کا فوری نوٹس لیں ،اوروزیرداخلہ یہ بیان فوری طورپرواپس لیں ،اس بیان سے مسلمانوں کی دل آزاری ہوئی ہے ،مغربی ممالک کوخوش کرنے کے لیے رحمان ملک نے تبلیغی جماعت کے خلاف بیان دیا ،یہ بیان اسلامی جماعتوں کے خلاف عالمی سازش کاحصہ ہے ،رائیونڈ دین کی دعوت وتبلیغ اور امن ومحبت کا مرکز ہے ،تبلیغی جماعت نے دنیا کے تمام ممالک کے قوانین کا ہمیشہ احترام کیاہے ،آج تک تبلیغی جماعت کے کسی منفی سرگرمی میں ملو ث ہونے کا کوئی ثبوت نہیں مل سکا۔ ان خیالات کا اظہار جمعیت علماء اسلا م ف کے رہنماء مولانا امجدخان ،جے یوآئی س کے سربراہ مولانا سمیع الحق ،اہل سنت والجماعت کے امیرمولانا محمداحمد لدھیانوی ،مجلس احراراسلا م کے سیکرٹری جنرل عبدالطیف چیمہ ،عالمی مجلس تحفظ ختم نبوت کے رہنمائوں مولانااللہ وسایا ،مولانا محمد اکرم طوفانی ،وفاق المدارس العربیہ پاکستان کے رہنماؤں شیخ الحدیث مولاناسلیم اللہ خان ،مولانا ڈاکٹر عبدالرزاق اسکندر ، مولاناقاری محمد حنیف جالندھری،مولانا انوار الحق ،مولانا قاضی عبدالرشید ،مولانا مفتی کفایت اللہ ایم پی اے ،مولانا ڈاکٹر سیف الرحمن ،مولانا محمد قاسم ایم این اے ،مولانا محمود الحسن اشرف اورمولانا سعید یوسف،مولانا نذیرفاروقی ،مفتی مجیب الرحمن ، سمیت ہزاروں علماء کرام نے جمعہ کے اجتماعات میں رائیونڈ اور تبلیغی جماعت کے بارے میں وزیر داخلہ کے بیان پر اپنے شدیدردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کیا ۔
علماء کرام نے وزیر داخلہ کے بیان کو انتہائی غیر ذمہ دارانہ ،غیر دانشمندانہ اور حقائق کے خلاف قرار دیتے ہوئے صدر اور وزیر اعظم سے اپیل کی کہ وہ وزیر داخلہ کے اس بیان کا فی الفور نوٹس لیں ۔
علماء کرام نے تبلیغی جماعت کی خدمات اور پالیسی پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ اس جماعت میں دنیا بھر میں امن وآشتی اور اخوت ومحبت کا پیغام عام کیا ہے اور تبلیغی جماعت ایک پرامن عالمی تحریک ہے اور اس جماعت نے آج تک دنیا کے کسی بھی ملک کے قوانین کی خلاف ورزی نہیں کی اور نہ ہی دنیا بھر کے خفیہ ادارے پوری کوشش کے باوجود اس جماعت کے وابستگان کے کسی قسم کی منفی سرگرمیوں میں ملوث ہونے کے ثبوت پیش کرسکے۔
دریں اثناء رائے ونڈ سے آمدہ اطلاعات کے مطابق تبلیغی جماعت کے مراکزمیں وزیرداخلہ عبدالرحمان ملک کے حق میں دعائیں ،اللہ عبدالرحمان ملک کوحق وسچ بات کہنے اوراللہ کے راستے میں نکلنے کی توفیق دے۔
تفصیلات کے مطابق وزیرداخلہ رحمان کے تبلیغی جماعت کے خلاف بیان کے بعد تبلیغی مراکزمیں نمازجمعہ اوردیگرنمازوں کے بعد عبدالرحمان ملک کے حق میں دعائیں دی گئیں ،اس سلسلے میں زکریامسجد راولپنڈی ،رائیونڈ،لاہورودیگرمقامات پرتبلیغی جماعت کی معمول کی تعلیم کے بعد دعائوں کااہتمام کیاگیا۔ وفاقی وزیرداخلہ کے بیان کے بعدتبلیغی جماعت کے کارکنوں نے اس سلسلے میں جب اپنے اپنے مراکزسے رجوع کیا توتبلیغی جماعتوں کے بزرگوں نے انہیں ہدایت کی کہ وہ اللہ سے رجوع کریں اوراس حوالے سے کوئی بیان بازی نہ کریں۔


آپ کی رائے

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

مزید دیکهیں

تازه ترین