شیخ الاسلام مولانا عبدالحمید نے آٹھ جولائی دوہزار سولہ کے خطبہ جمعہ زاہدان میں اسلامی احکام و دستورات کو اللہ تعالی کے سامنے تسلیم ہونے کے لیے قرار دیتے ہوئے اللہ تعالی اور اس کے بندوں کے حقوق کے احترام پر زور دیا۔
خطیب اہل سنت زاہدان نے ہزاروں فرزندان توحید سے خطاب کرتے ہوئے کہا: اسلام کا پروگرام یہی ہے کہ بندے اللہ تعالی کے سامنے سر تسلیم خم کریں۔ ہم سب کو اللہ تعالی کے احکام و اوامر کے سامنے تسلیم ہونا چاہیے؛ یہی تقویٰ ہے۔
انہوں نے مزیدکہا: ہمیں اللہ تعالی اور اس کے بندوں کے حقوق ضائع کرنے سے سخت گریز کرنا چاہیے۔ حتیٰ کہ جانوروں کے حقوق کا خیال رکھنا بھی ضروری ہے ، کسی بھی شخص پر ہماری طرف سے ظلم کا ارتکاب نہیں ہونا چاہیے۔ حلال خور بن کر تندرست اور پرامن زندگی گزارنی چاہیے۔
صدر دارالعلوم زاہدان نے کہا: قرآن پاک میں آیاہے کہ یہودی و عیسائی یہ دعویٰ کرتے تھے کہ جنت ان ہی کی ہے، لیکن اللہ تعالی نے واضح فرمایا کہ جنت ان لوگوں کو ملتی ہے جو اس کے سامنے سر تسلیم خم کریں۔ جنت ایسے لوگوں کی ہے جو دوسروں کی جان و مال اور عزت سے نہیں کھیلتے ہیں۔
انہوں نے مزیدکہا: اللہ تعالی نے ہمیں ایک محفوظ زندگی عطا کی ہے، لہذا ہم صحیح سالم زندگی گزاریں اور یوں زندگی گزاریں کہ دیگر لوگ بھی امن و آرام سے رہیں۔ ہماری طرف سے دوسروں کو بھلائی اور خیر پہنچے اور ہم دوسروں کا آرام نہ چھیں لیں۔ ہماری درشتی و سختی صرف قبضہ گیر محارب دشمن سے ہے جو ہم پر حملہ آور ہوتے ہیں۔
شیخ الاسلام نے زور دیتے ہوئے کہا: ہمیں ذمہ داری کے احساس کے ساتھ زندگی گزارنی چاہیے اور ہمیشہ اللہ کو یاد رکھ کر اس کی راہ میں ہر قسم کی قربانی کے لیے تیار رہنا چاہیے۔ اسی صورت میں اللہ تعالی ہمارا خاتمہ خیر سے فرمائے گا۔
اپنے خطاب کے آخر میں مولانا عبدالحمید نے سرکاری جامعات کے امتحانات کی آمد کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا: دینی مدارس، سکولوں اور کالجوںکے طالب علم معاشرے کی امیدیں ہیں اور ہم ان کامیابی کے لیے دعاگو ہیں۔
خطیب اہل سنت زاہدان سے پہلے مولانا عبدالغنی بدری نے حاضرین سے خطاب کرتے ہوئے کہا: رمضان کا مہینہ ختم ہوچکاہے، اب ہمیں اپنے اعمال کو چیک کرنا چاہیے؛ اگر ابھی تقویٰ حاصل نہیں ہوا ہے تو سمجھ لینا چاہیے کہ ہم نے رمضان اور روزے کا حق ادا نہیں کیاہے۔
نائب خطیب اہلسنت زاہدان و استاذ التفسیر و الحدیث دارالعلوم زاہدان نے مزیدکہا: رمضان پورے سال میں تقویٰ کی مشق کے لیے ہے۔ جب ہم نے رمضان میں کھانے پینے اور حلال بیوی سے دوری کی، تو پورے سال میں گناہوں اور ممنوع کاموں سے پرہیز کریں۔
انہوں نے کہا: دنیا میں نفس پرستی و خداپرستی کا مقابلہ ہے؛ رمضان اور روزہ ہمیں خداپرست بنانے کے لیے ہیں۔ واحد دین جو خداپرستی کی دعوت دیتاہے، اسلام ہی ہے۔ لہذا اسلامی احکام پر سختی سے عمل پیرا ہوجائیں۔

آپ کی رائے