فلسطین کے مقبوضہ مغربی کنارے کے شہر بیت لحم میں غوش عتصیون چوک کے قریب اسرائیلی فوجیوں نے ایک فلسطینی لڑکے کو گولیاں مار کر شہید کردیا۔
اسرائیلی فوج نے دعویٰ کیا ہے کہ فلسطینی لڑکے کو اس وقت گولیاں ماری گئیں جب اس نے فوجیوں پر چاقو سے حملے کی کوشش کی تھی۔
اسرائیل کےعبرانی نیوز ویب پورٹل’’ 0404 ‘‘ نے فوجی ذریعے کے حوالے سے بتایا ہے کہ منگل کی شام ایک فلسطینی نوجوان نے یہودی آباد کار پر چاقو سے حملہ کردیا جس کےقریب ہی موجود فوجیوں نے حملہ آور فلسطینی کو گولیاں مار دیں جس کے نتیجے میں وہ موقع پر ہی دم توڑ گیا۔مرکزاطلاعات فلسطین کے نامہ نگار کا کہنا ہے کہ شہید فلسطینی نوجوان کی عمر سترہ سال ہے جس کی شناخت احمد یونس الکوازبہ کےنام سے کی گئی ہے۔ اس کا تعلق الخلیل شہر کے سعیر قصبے سے ہے۔
ہلال احمر فلسطین کا کہنا ہے کہ شہید فلسطینی نوجوان کا جسد خاکی اسرائیلی فوج نے قبضے میں لے لیا جسے بعد میں اس کے لواحقین کے حوالے کیا جائے گا۔
خیال رہے کہ پچھلے سال اکتوبر کے بعد سے جاری تحریک انتفاضہ کےدوران قابض فوجیوں نے ریاستی دہشت گردی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ڈیڑھ سو کے قریب فلسطینیوں کو شہید کردیا ہے۔
بصیرت آن لائن

آپ کی رائے