فلسطینی غزہ کی پٹی میں اسرائیلی فوج نے فلسطینی مزاحمت کاروں کے متعدد ٹھکانوں پر اتوار کے روز فضائی حملے کیے جن کے نتیجے میں متعدد عمارتوں کو نقصان پہنچا، تاہم کسی قسم کے جانی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔
غزہ میں ایک سیکیورٹی ذریعے نے خبر رساں ایجنسی “اے ایف پی” کو بتایا کہ اسرائیلی فوج نے ہفتے اور اتوار کی درمیانی شب اور اتوار کو علی الصباح مجموعی طور پر دس مقامات پر بمباری کی۔ فضائی حملوں میں فلسطینی مزاحمت کاروں کے ٹھکانوں کو ہدف بنایا گیا تھا جن میں کئی مکانات کو نقصان پہنچا تاہم جانی نقصان کی تصدیق نہیں ہو سکی۔
عینی شاہدین نے بتایا کہ اسرائیلی جنگی جہازوں نے خان یونس کے مغرب میں اسلامی جہاد کے عسکری ونگ القدس بریگیڈ اور تحریک احرار کے ایک تربیتی مرکز پر تین میزائل داغے۔ ادھر رفح میں سعد صائل کے مقام پر حماس اور حطین کے مقام پر اسلامی جہاد کے عسکری مراکز پر بمباری کی گئی۔
رفح ہی کے مقام پر اسرائیلی فوج کے فضائی حملے میں ایک سیمنٹ فیکٹری اور اس سے ملحقہ کئی مکانات تباہ ہو گئے۔
مقامی شہریوں کے مطابق رات گئے اسرائیلی فوج نے وسطی غزہ میں النصیرات کیمپ میں ایک بجلی گھر کے قریب حماس کے ملٹری ونگ عز الدین القسام بریگیڈ کے ایک مرکز پر بمباری کی گئی۔ سیکیورٹی ذرائع کے مطابق مشرقی خان یونس میں اسرائیلی فوج نے سرحدی علاقے سے شہر کے اندر گولہ باری کی جس کے نتیجے میں متعدد مکانات کو نقصان پہنچا۔
العربیہ

آپ کی رائے