میران شاہ/ باڑہ/ اسلام آباد (خبر ایجنسیاں) شمالی وزیر ستان میں میر علی کے علاقے مچھی خیل میں طالبان نے امریکی جاسوس طیارہ مارا گرایا۔خیبرایجنسی میں مارٹر گولہ گرنے سے 3 بچے جاں بحق، 4 افراد زخمی۔
تفصیلات کے مطابق ہفتہ کی شب میڈیارپورٹس کے مطابق شمالی وزیرستان کی تحصیل میر علی کے علاقے مچھی خیل میں امریکی جاسوس طیارہ گرکر تباہ ہو گیا ہے۔
عینی شاہدین کے مطابق جاسوس طیارہ مچھی خیل کے اوپر پرواز کر رہا تھا اچانک گرنے سے تباہ ہوگیا ۔ تاہم سیکورٹی ذرائع نے واقعے کی تصدیق یا تردید نہیں کی جبکہ ایک غیر ملکی خبر رساں ادارہ کی رپورٹ کے مطابق طالبان نے جاسوس طیارہ مار گرانے کا دعویٰ کیا ہے ۔
ادھرخیبر ایجنسی کی تحصیل باڑہ کے علاقے میں ایک مکان پر مارٹر گولہ گرنے سے 3بچے جاں بحق جبکہ خواتین سمیت 4افراد زخمی ہوگئے۔سرکاری ذرائع کے مطابق تحصیل باڑہ کے علاقہ اکا خیل میں نامعلوم سمت سے فائر ہونے والا مارٹر گولہ مکان پر گرا جس سے مکان مکمل طور پرتباہ ہوگیا۔مارٹر گولہ گرنے سے تین بچے جاں بحق جبکہ خواتین سمیت 4افراد زخمی ہوگئے۔ زخمی ہونے والے افراد کو طبی امداد کے لیے پشاور اسپتال منتقل کردیاگیاہے۔
دوسری جانب ڈرون حملوں میں اپنے بیٹے اور بھائی کو گنوانے والے ایک قبائلی نے ہفتہ کے روز آن لائن سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر ڈرون حملے دہشتگردوں کے خلاف ہیں ان حملوں میں جاں بحق ہونے والے میرے بیٹے اور بھائی کا جرم کیا تھا جو اسلام آباد سے پڑھ کر گئے تھے۔ان حملوںمیں شہید ہونے والی اسکی بچی اور اسکی ماں بھی کیا دہشتگرد تھی جو ڈرون حملوں کا نشانہ بن گئی۔

آپ کی رائے