سردی نے غزہ کا المیہ دو گنا کر دیا … بارش میں بے گھر افراد کے خیمے غرق ہو گئے

سردی نے غزہ کا المیہ دو گنا کر دیا … بارش میں بے گھر افراد کے خیمے غرق ہو گئے

غزہ کی پٹی کو متاثر کرنے والے کم دباؤ کے موسمی نظام کے ساتھ ہونے والی شدید بارشوں کے باعث ہفتے کے روز بے گھر فلسطینیوں کے دسیوں ہزار خیمے زیرِ آب آگئے، اس کے نتیجے میں بڑی تعداد میں خاندان بے آسرا ہوگئے۔ اس دوران انسانی صورتِ حال مزید بگڑنے اور بیماریوں اور وبائی امراض پھیلنے کے خدشات بھی ظاہر کیے جارہے ہیں۔
غزہ میں سرکاری میڈیا آفس نے ایک بیان میں بتایا کہ کم دباؤ کے موسمی نظام کے پہلے 12 گھنٹوں کے دوران بے گھر افراد کے تقریباً 70 ہزار خیمے ڈوب گئے، جن میں لاکھوں بے گھر افراد رہائش پذیر تھے۔ بیان کے مطابق مختلف علاقوں میں درجنوں خستہ حال دیواریں اور چھتیں بھی منہدم ہوگئیں، جس کے نتیجے میں متعدد افراد زخمی ہوئے، جن میں بعض کی حالت تشویش ناک ہے۔
صبح سویرے سے ہی غزہ شہر اور وسطی و شمالی غزہ کے علاقوں میں سیکڑوں خاندانوں کو بے گھر افراد کے کیمپ چھوڑنے پر مجبور ہونا پڑا، کیونکہ بارش کا پانی ان کے خیموں میں داخل ہوگیا تھا۔ یہ منظر بے گھر افراد کی انتہائی غیر محفوظ صورتِ حال کی عکاسی کرتا ہے، جو پہلے ہی زندگی کے انتہائی مشکل حالات سے دوچار ہیں۔
دوسری جانب غزہ میں شہری دفاع کے ترجمان محمود بصل نے بتایا کہ شہری دفاع کی ٹیموں کو رات کے دوران شہریوں کی جانب سے مدد کے لیے 1500 سے زیادہ اطلاعات موصول ہوئیں۔ یہ شہری اپنے خیموں میں پانی بھر جانے کے بعد فوری امداد کے طلب گار تھے۔ یہ اطلاع خبر رساں ادارے ‘فرانس پریس’ نے دی ہے۔
انہوں نے وضاحت کی کہ امدادی ٹیمیں کسی بھی قسم کے آلات اور وسائل کے بغیر کام کر رہی ہیں۔ انہوں نے عالمی برادری اور انسانی ہمدردی کی تنظیموں سے ہنگامی اپیل کی کہ وہ مداخلت کریں اور لاکھوں بے گھر افراد کو کم دباؤ کے اس موسمی نظام کے اثرات سے بچائیں۔
انہوں نے مزید کہا ’’ہم اکیلے اس موسمی نظام کے اثرات کا مقابلہ نہیں کرسکتے۔‘‘
بارش اور سردی سے بچاؤ کے بنیادی وسائل بھی میسر نہ ہونے کے باعث بے گھر خاندانوں کی مشکلات مزید بڑھ گئی ہیں۔ غزہ شہر کے مغربی علاقے میں ایک خیمے میں اپنے خاندان کے ساتھ مقیم 45 سالہ ام محمد الہارش نے کہا ’’ہم بستر بچانے میں کامیاب نہیں ہوسکے اور تمام کپڑے پانی میں ڈوب گئے۔ ہر موسمِ سرما میں ہماری یہی تکلیف دوبارہ شروع ہوجاتی ہے۔‘‘
وسطی غزہ کے علاقے دیر البلح میں اپنے بچوں کے ساتھ خیمے میں رہنے والی 34 سالہ مریم عودہ نے کہا کہ اب انہیں سمجھ نہیں آرہا کہ بارش کے اثرات سے اپنے بچوں کو کیسے محفوظ رکھیں۔ انہوں نے مزید کہا: ’’میرے بچے مجھ سے پوچھتے ہیں کہ آج رات ہم کہاں سوئیں گے، لیکن میرے پاس انہیں دینے کے لیے کوئی جواب نہیں۔‘‘
دوسری جانب 41 سالہ خالد النجار نے اپنے بچوں کے حوالے سے خدشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ خطرہ صرف خیموں میں پانی بھر جانے تک محدود نہیں بلکہ سردی اور تیزی سے پھیلتی بیماریوں کا خطرہ بھی موجود ہے۔
فلسطینی سول سوسائٹی کی تنظیموں کے اتحاد نے ایک بیان میں خبردار کیا کہ غزہ کے لاکھوں باشندوں کی زندگیاں ایک ایسے انسانی المیے کے خطرے سے دوچار ہیں جس کی وجہ صحت اور رہائشی حالات کی ابتری کے نتیجے میں بیماریوں اور وبائی امراض کا پھیلاؤ ہے۔
درجنوں مقامی اداروں اور تنظیموں پر مشتمل اس اتحاد نے اسرائیل پر دباؤ ڈالنے کا مطالبہ بھی کیا تاکہ انسانی امداد کی بلا روک ٹوک ترسیل کی اجازت دی جاسکے۔
اس حوالے سے غزہ میونسپل کونسل کے رکن اور ہنگامی کمیٹی کے عہدیدار مصطفیٰ قزعاط نے بتایا کہ جنگ بندی کے اعلان کے بعد سے اسرائیل نے بے گھر افراد کی رہائش کے لیے تیار شدہ رہائشی یونٹس (کارواں) غزہ میں داخل کرنے کی اجازت نہیں دی، جبکہ صرف محدود تعداد میں خیمے لانے کی منظوری دی گئی ہے۔
مصطفیٰ قزعاط نے خبر رساں ادارے ‘فرانس پریس’ کو بتایا کہ غزہ کی پٹی کو فوری طور پر تقریباً 2 لاکھ تیار شدہ رہائشی یونٹس کی ضرورت ہے۔ اس کے علاوہ تباہ شدہ گھروں اور عمارتوں کا ملبہ ہٹانے، مرکزی سڑکیں کھولنے، بجلی کی فراہمی بحال کرنے اور حرارت کے انتظامات کے لیے بھاری مشینری اور دیگر آلات بھی درکار ہیں۔
یہ صورتِ حال ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب غزہ کی پٹی کے باشندے انتہائی ابتر انسانی حالات سے دوچار ہیں، حالانکہ 10 اکتوبر 2025 کو جنگ بندی کا معاہدہ نافذ العمل ہوا تھا۔ یہ جنگ 7 اکتوبر 2023 کو اسرائیل پر حماس کے حملے کے بعد شروع ہوئی تھی اور دو سال تک جاری رہی۔
مصر، قطر اور امریکا کی ثالثی میں جنگ بندی کا معاہدہ طے پانے کے باوجود غزہ کی پٹی کے مختلف علاقوں میں اسرائیلی فضائی حملے اور فوجی کارروائیاں بدستور جاری ہیں۔


آپ کی رائے

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

مزید دیکهیں