مولانا عبدالحمید:

’نیک اخلاق‘ نبی کریم ﷺ کی سب سے اہم تعلیمات میں شامل ہے

’نیک اخلاق‘ نبی کریم ﷺ کی سب سے اہم تعلیمات میں شامل ہے

خطیب اہل سنت زاہدان نے بائیس اکتوبر دوہزار اکیس کے خطبہ جمعہ میں نیک اخلاق کو رسول اللہ ﷺ کی بعثت اور رسالت کی اہم تعلیمات میں یاد کرتے ہوئے اس اخلاق کے وسیع مفہوم کی بعض مثالیں پیش کیں۔
شیخ الاسلام مولانا عبدالحمید نے سورت یوسف کی آیت نمبر 108 کی تلاوت سے خطاب کا آغاز کرتے ہوئے زاہدانی نمازیوں کے اجتماع میں کہا: اللہ تعالیٰ نے نبی کریمﷺ کے ذریعے انسان کو انسان بنانے والی تعلیمات اور بہترین اخلاق کا تحفہ دیا ہے۔ نبی اکرم ﷺ کی تعلیمات انسان کی ترقی،حیات اور سعادت کے باعث ہیں۔
انہوں نے مزید کہا: آپﷺ نے بہترین اخلاق کی تعلیم دی ہے۔ سب ثقافتوں اور تہذیبوں اور انبیا کی اخلاقی تعلیمات کے بہترین نمونے سیرت النبیﷺ ہی میں ہیں۔ دراصل دنیا کی اچھی ثقافتوں اور تہذیبوں میں موجود اچھائیوں کی جڑیں اسلام میں پیوست ہیں۔ اسلام اور رسول اللہ ﷺ کا احسان سب انسانوں پر ہے۔
شیخ الحدیث دارالعلوم زاہدان نے اسلامی تعلیمات کے بعض اخلاقی پہلوؤں پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا: رسول اللہ ﷺ نے سچائی اور راست گوئی پر زور دیا ہے۔ سچائی اخلاقی اصول میں بہت اہم ہے۔ سچے لوگوں کے خواب سچے اور ان کا دل صحیح سالم ہے۔ جھوٹے لوگ اللہ سے دور ہوتے ہیں اور ان کے مزاج پر منفی اثرات پڑتے ہیں۔ کوشش کریں کم باتیں کریں؛ زیادہ باتیں کرنے سے بندہ جھوٹ، غیبت، بہتان تراشی اور دیگر غلط باتوں میں گرفتار ہوسکتاہے۔
انہوں نے کہا: صلہ رحمی اور والدین سمیت دیگر رشتہ داروں سے محبت کرنا نبی کریمﷺ کی تعلیم ہے۔ والدین کے ساتھ قانون اور انصاف کی حد تک برتاؤ نہ رکھیں، بلکہ اس سے بڑھ کر ان کے ساتھ احسان کا معاملہ کرنا چاہیے۔ اسی طرح دیگر رشتہ داروں، پڑوسیوں بلکہ جانوروں سے اچھائی اور بھلائی کا معاملہ کرنا چاہیے۔
مولانا عبدالحمید نے مزید کہا: بیماروں کی عیادت بھی اسلامی تعلیمات میں شامل ہے اور آپﷺ نے اس کی ترغیب دی ہے۔ حدیث شریف میں بیماروں کی عیادت کے فضائل آئے ہیں کہ عیادت کے لیے جانے والے شخص کے لیے ستر ہزار فرشتہ دعائے خیر کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا: ہماری آنکھیں، زبان اورپورا جسم پاک اور عفیف ہونا چاہیے۔ کسی بھی شخص کے مال اور ناموس کو بری نگاہوں سے نہ دیکھیں۔ کسی سے حسد نہ کریں۔ سب نعمتوں کو اللہ کی طرف سے جان کر اس کا احسان مان لیں۔ اگر ہم اچھے نسب، خوبصورتی، علم اور مال و قابلیت کو اللہ کی دی ہوئی نعمت سمجھ لیں، پھر ہمارے وجود میں تواضع اور انکساری پیدا ہوتی ہے۔
مولانا عبدالحمید نے کہا: نیک اخلاق کا مفہوم بڑا وسیع ہے۔ اسلام کی بدولت جو اثاثے مسلمانوں کو ملے ہیں، وہ کسی بھی قوم کے پاس نہیں ہیں۔ ہمیں ان کی قدر کرنی چاہیے۔ اسلام کے اخلاق، احکام اور عقائد سے بڑھ کر کوئی بھی اثاثہ نہیں ہے۔
خطیب اہل سنت زاہدان نے زاہدان کے مرکزی اجتماع برائے نماز جمعہ کے حاضرین سے اپنے بیان کے آخر میں کہا: اللہ تعالیٰ سے امید کرتے ہیں سب مسلمانوں کو قرآن اور سیرت النبیﷺ پر متحد کرائے جن میں فرقہ پرستی، بے جا تعصب اور تنگ نظری نہیں ہے اور فراخدلی اور برداشت کا درس دیتے ہیں۔


آپ کی رائے

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

مزید دیکهیں