مولانا عبدالغنی بدری:

شریعت پر عمل کرنے سے سکون حاصل ہوگا

شریعت پر عمل کرنے سے سکون حاصل ہوگا

نائب خطیب اہل سنت زاہدان نے احکامِ الہی پر عمل کرنے پر زور دیتے ہوئے پرامن اور پرسکون زندگی کے لیے شریعت پر عمل کو ضروری قرار دیا۔
مولانا عبدالغنی بدری نے زاہدان میں ہزاروں فرزندانِ توحید سے خطاب کرتے ہوئے دو اکتوبر دوہزار بیس کے بیان میں کہا: فرمانِ الہی ہے کہ مسلمان پوری طرح اسلام میں داخل ہوجائیں اور بعض احکام کو مان کر دیگر احکام کو نظرانداز نہ کریں۔
انہوں نے مزید کہا: ہمیں بحیث مسلمان اللہ تعالی، اس کے بندوں اور حتیٰ کہ جانوروں کے حقوق کا خیال رکھنا چاہیے۔
دارالعلوم زاہدان کے سینئر استاذِ تفسیر و حدیث آخرت کی زندگی کو آباد کرنے پر تاکید کرتے ہوئے کہا: آخرت کی زندگی کو مقصد بناکر اس کی بہتری کے لیے محنت کرنی چاہیے۔ اسی صورت میں وہ نہ ختم ہونے والی زندگی ٹھیک ہوگی اور اللہ تعالی کی رحمتیں نازل ہوں گی۔
انہوں نے کہا: ارشادِ الہی کہ اگر اہل مکہ تقویٰ اور ایمان کی راہ اختیار کریں گے، ہم ان پر اپنی رحمتیں آسمان اور زمین سے نازل کریں گے۔
مولانا بدری نے مزید کہا: ہمارے تمام مسائل کی جڑ اللہ کی نافرمانی سے پیوست ہے؛ افسوس کی بات ہے کہ ہمارے لین دین اور کاروبار میں جھوٹ اور سودخوری جیسی برائیاں شامل ہوچکی ہیں۔
انہوں نے کہا: اللہ تعالی محض ہمارے زبانی دعوے کی بنیاد پر ہمیں معاف نہیں فرمائے گا؛ وہ ہم سے خالص ایمان اور اچھے اعمال چاہتاہے۔ جب بنی اسرائیل کو اللہ تعالیٰ نے متعدد نعمتوں سے نوازا، بعد میں وہ توحید سے پھرگئے اور اللہ کی کتابوں میں تحریف کربیٹھے؛ اسی لیے اللہ نے انہیں سخت عذاب دیا۔ اگر ہم بھی باز نہ آئے، توہمارا حال برا ہوگا۔
دنیا کے موجودہ حالات اور ہرسو پریشانیوں کی جانب اشارہ کرتے ہوئے مولانا عبدالغنی بدری نے کہا: یہ سب گناہوں کے نتائج ہیں جو ہم بھگت رہے ہیں۔ جس طرح نیک کاموں کا اچھا اثر ہوتاہے، برے کاموں کا بھی برا اور منفی اثر باقی رہتاہے۔
انہوں نے کہا: ہر قسم کی پریشانی کا واحد علاج اللہ کی طرف واپس لوٹنااور توبہ ہے۔ معاشرے کے مختلف طبقوں کو چاہیے معاصی اور منکرات کے خلاف محنت کریں اور سب کو اللہ کی طرف بلائیں۔
مولانا بدری نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا: کچھ مسلمان اسلام سے پہلے موجود جاہلیت کی طرف واپس جاچکے ہیں اور شراب نوشی جیسے گناہوں کا ارتکاب کرکے اس کی تصویریں دوسروں کے ساتھ شیئر کرتے ہیں اور گناہ پر اپنی بہادری کا مظاہرہ کرتے ہیں۔
اپنے خطاب کے آخر میں دارالعلوم زاہدان کے ناظم تعلیمات نے شیخ الاسلام مولانا عبدالحمید کے دورہ ترکی کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا: حضرت شیخ الاسلام علاج کے غرض سے ترکی جاچکے ہیں اور جلد صحتیاب ہوکر گھر واپس ہوں گے۔ اس حوالے سے سوشل میڈیا میں قیاس آرائیاں غلط ہیں۔


آپ کی رائے

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

مزید دیکهیں