شیخ الاسلام مولانا عبدالحمید نے اپنے خطبہ جمعہ چھ مئی دوہزار سولہ میں گرمی کی چھٹیوں کی آمد پر علم و دانش حاصل کرنے کی اہمیت واضح کرتے ہوئے بچوں کی دینی تعلیم کے لیے مناسب منصوبہ بندی پر زور دیا۔
سنی آن لائن کے مطابق، خطیب اہل سنت زاہدان نے زاہدانی نمازیوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا: علم سے انسان کو ترقی حاصل ہوتی ہے۔ انسان کے پاس جو کچھ ہے تعلیم ہی کی بدولت سے ہے۔ انبیا علیہم السلام سب معلم تھے۔ پیغمبروں کی ذمہ داریوں میں ایک تعلیم تھی۔
انہوں نے ہر عمر کے افراد کے لیے تعلیم حاصل کرنے کو ضروری یاد کرتے ہوئے کہا: بہت سارے صحابہ کرام رضی اللہ عنہم نے اس وقت قرآن پاک حفظ کیا جب وہ بوڑھے تھے۔ وہ سفر و حضر میں قرآن پاک سیکھ رہے تھے۔ مرد و خواتین ، بچے اور بچیاں سب قرآن پاک سیکھنے کی تلاش میں تھے۔
مولانا عبدالحمید نے علم حاصل کرنے کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے مزید گویا ہوئے: جب کسی شخص کو سفر درپیش ہوتاہے ، وہ لازمی طورپر راستے کے بارے میں معلومات حاصل کرتاہے۔ اسی طرح جب ایک شخص پر نماز، روزہ، زکات اور حج فرض ہوتاہے، اس پر لازم ہے اس کا علم بھی حاصل کرے تاکہ صحیح طریقے سے اس عبادت کو بجا لائے۔ شرعی اور عصری علوم دونوں بنی نوع انسان کی ضرورتیں ہیں۔ انسان کو دنیا کی ضرورت ہے اور علم کی بدولت وہ دنیا سے بہتر انداز میں استفادہ کرسکتاہے اور اس کی ترقی میں کردار ادا کرسکتاہے۔
ایران میں پبلک سکولز اور جامعات کی چھٹیوں کی آمد کی طرف اشارہ کرتے ہوئے صدر دارالعلوم زاہدان نے کہا: گرمی کے ایام تعطیل میں آپ کے بچوں کو سبق پڑھنا چاہیے، انہیں احکام، عقیدے کے مسائل اور قرآن پاک سیکھنا چاہیے۔ اپنی اولاد کی دینی تعلیم کے لیے منصوبہ بندی کریں۔ اپنے بچوں کو ایسے ہی مت چھوڑیں کہ ٹی وی سکرین اور سیٹلائٹ ٹی وی چینلز کے سامنے اپنا وقت ضائع کریں۔ اللہ تعالی نے بچوں کو بہت ساری صلاحیتوں سے نوازا ہے، ان کی صلاحیتوں کو صحیح راہ میں لگانا چاہیے۔
قرآن سیکھنے کے حوالے سے اظہار خیال کرتے ہوئے انہوں نے کہا: ہمیں قرآن پاک سیکھنے کے لیے مناسب منصوبہ بندی کرنی چاہیے۔ سب کو قرآن سیکھنا چاہیے۔ قرآن پاک کی تلاوت سے خیر و برکت حاصل ہوتی ہے اور اس سے زندگی میں انقلاب آتاہے۔
شیخ الاسلام مولانا عبدالحمید نے اپنے خطاب کے آخر میں دارالعلوم زاہدان کی پچیسویں تقریب دستاربندی کے شرکا اور اس کے انعقاد میں محنت کرکے حصہ لینے والوں کا شکریہ ادا کیا۔

آپ کی رائے