میران شاہ،مانسہرہ (نیوزایجنسیاں) شمالی وزیرستان میں تازہ امریکی حملوں میں کم از کم سات افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہو گئے۔
غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق امریکی جاسوس طیاروں نے اتوار کو شمالی وزیرستان کے علاقے میر علی کے گائوں خوشحال طوری خیل میں ایک گھر پر چھ میزائل داغے جس کے نتیجے میں گھر میں موجود سات افراد ہلاک جبکہ متعدد زخمی ہو گئے۔
ایک سکیورٹی اہلکار نے غیر ملکی خبر رساں ادارے کو بتایا کہ حملے میں گھر مکمل طور پر تباہ ہو گیا۔ ہلاک شدگان کی شناخت فوری طور پر معلوم نہیں ہو سکی ادھر طوری خیل میں امریکی جاسوس طیاروں کی نچلی پروازیں جاری رہیں ڈرون حملوں کے بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ ایک عہدیدار کا کہنا تھا کہ گھر کے ملبے کے نیچے کئی افراد کے دبے ہونے کا خدشہ ہے جس سے ہلاکتوں میں اضافہ ہو سکتا ہے۔ عہدیدار نے مزید بتایا کہ جنگجوئوں کی دو گاڑیوں پر بھی میزائل داغے گئے۔
ماہ رمضان کے دورا یہ دوسرا ڈرون حملہ اس وقت سامنے آیا ہے جب پاکستانی آئی ایس آئی سربراہ امریکہ کے ساتھ انہی ڈرون حملوں کا معاملہ اٹھانے کیلئے امریکہ کا دورہ کرنے والے ہیں۔
دوسر طرف مانسہرہ میں لاری اڈہ پرقائم سی ڈیز کی دکان پر دھماکے سے ایک شخص زخمی ہوگیا۔ ایس ایچ او خورشید احمد تنولی کے مطابق سی ڈیز شاپ پر اتوار کی صبح دھماکے کے نتیجے میں دکان کو جزوی نقصان پہنچا اورایک شخص زخمی بھی ہواان کا کہنا تھا کہ دکان میں مزید بارودی مواد اور ڈیٹونیٹرز کی موجودگی پر بم ڈسپوزل اسکواڈ ایبٹ آباد سے طلب کیا گیا ایس ایچ نے بتایا کہ واقعہ خوف وہراس پھیلانے کی ساز ش لگتی ہے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شرو ع کردیاگیاہے۔

آپ کی رائے