راولپنڈی میں کرفیو کا دوسرا روز، متاثرہ علاقوں میں کھانے کی اشیا کے علاوہ پانی بھی نایاب

راولپنڈی میں کرفیو کا دوسرا روز، متاثرہ علاقوں میں کھانے کی اشیا کے علاوہ پانی بھی نایاب

یوم عاشور کے روز پیدا ہونے والی کشیدگی کے باعث دوسرے روز بھی شہر میں کرفیو نافذ ہے جس کی وجہ سے  کئی علاقوں میں کھانے پینے کی چیزوں کے علاوہ پینے کا پانی بھی نایاب ہوگیا ہے۔

راولپنڈی میں یوم عاشور کو دوگروپوں کے درمیان تصادم کے بعد پیدا ہونے والی صورت حال پر قابو پانے کے لئے صوبائی حکومت اور ضلعی انتظامیہ کی جانب سے امن کے قیام کی کوششیں جاری ہیں، شہر میں دفعہ 144 نافذ اور موٹر سائیکل کی ڈبل سواری پر پابندی عائد ہے جبکہ شہر کے متاثرہ علاقوں میں کرفیو کا آج کرفیو کا دوسرا روز ہے، راولپنڈی میں غیر معینہ مدت تک کے لئے موبائل فون سروس معطل ہے جبکہ اسلام آباد میں بھی دوپہر 2 بجے تک موبائل فون سروس بند کی گئی ہے۔ ضلعی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ شہر میں صورت حال کو دیکھتے ہوئے آج دن میں کچھ گھنٹوں کے لئے کرفیو میں نرمی کی جاسکتی ہے۔
متاثرہ علاقوں، اہم سڑکوں اور عبادگاہوں پر پولیس اور فوج کی تعیناتی کے باوجود متاثرہ علاقوں میں شدید خوف پایا جاتا ہے، گزشتہ رات کرفیو میں نرمی کے باوجود بڑی تعداد میں عوام گھروں سے نہیں نکلی جس کی وجہ سے  اقبال روڈ، نیا محلہ، سبزی منڈی، جامع مسجد روڈ، بنی اور گنج منڈی کے علاقوں میں خوراک اور پینے کے صاف پانی کی قلت پیدا ہوگئی ہے جس کی وجہ سے لوگوں میں شدید بے چینی پائی جاتی ہے جبکہ جن علاقوں میں دکانیں کھلی ہیں وہاں دکانداروں نے ناجائز منافع خوری کا بازار گرم کررکھا ہے۔
دوسری جانب مشتعل افراد کی جانب سے نذر آتش کی گئی راجا بازار میں لگی ہوئی آگ پر 2 روز بعد بھی قابو نہیں پایا جاسکا اور وقفے وقفے سے ملبے میں دبی چنگاریاں خوفناک آگ میں تبدیل ہوجاتی ہیں جس کے نتیجے میں اب تک درجنوں دکانیں اور کروڑوں روپے کا سامان جل کر خاکستر ہوچکا ہے۔

ایکسپریس نیوز

 

 

 


آپ کی رائے

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

مزید دیکهیں

تازه ترین