صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی کے علاقے فیڈرل بی ایریا میں عائشہ منزل کے قریب موٹر سائیکل میں دھماکے سے چار افراد ہلاک اور بیالیس زخمی ہو گئے،
تحریک طالبان پاکستان(ٹی ٹی پی) نے دھماکے کی ذمے ادری قبول کر لی ہے جبکہ ایم کیو ایم واقعے کیخلاف کل یوم سوگ کا اعلان کر دیا ہے۔
صدر پاکستان نے دھماکے کی سختی سے مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ واقعے میں ملوث افراد انسان کہلانے کے مستحق نہیں۔
ڈان نیوز کے مطابق دھماکہ عائشہ منزل کی فرنیچر مارکیٹ کے قریب ہوا ہے جس کی آواز دور دور تک سنی گئی ہے۔
دھماکا خیز مواد موٹر سائیکل میں نصب تھا جس سے موٹر سائیکل مکمل طور پر تباہ ہو گئی ہے۔
دھماکہ اس وقت ہوا جب ایم کیو ایم کے جلسے سے واپس آنے والے افراد بس میں سوار ہو رہے تھے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق دھماکے سے اطراف میں کھڑی متعدد گاڑیوں اور بسوں کے شیشے ٹوٹ گئے جبکہ قریبی عمارتوں کو بھی شدید نقصان پہنچا ہے۔
دھماکے کے بعد عائشہ منزل، کریم آباد اور اس کے اطراف میں بدترین ٹریفک جام ہو گیا ہے۔
ذرائع ابلاغ کے مطابق دھماکے میں ایم کیو ایم کے کارکنان بھی زخمی ہو گئے ہیں جو جلسے سے واپس آرہے تھے۔
مزید براں تحریک طالبان پاکستان نے ایم کیو ایم کے جلوس سے واپس آنے والے افراد پر حملے کی ذمے داری قبول کر لی ہے اور اس کے ساتھ ساتھ ایم کیو ایم کے رہنماؤں اور کارکنوں پر مزید حملوں کا عندیہ بھی دیا ہے۔
پاکستانی طالبان کے ترجمان احسان اللہ احسان نے ڈان ڈاٹ کام سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ان کے عسکریت پسندوں نے ایم کیو ایم کے کارکنوں کو نشانہ بنایا اور یہ صرف ایک وارننگ ہے، اس کے بعد مزید ایسے حملے کیے جائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ عوام ایم کیو ایم اور عوامی نیشنل پارٹی کے جلسے اور ریلیوں میں شرکت سے گریز کریں بصورت دیگر وہ اپنے جانی نقصان کے خود ذمے دار ہوں گے۔
دوسری جانب متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی نے کراچی میں بم دھماکے پر بدھ کو یوم سوگ منانے کااعلان کیا ہے۔
رابطہ کمیٹی نے واضح کیا کہ یوم سوگ کے دوران ٹرانسپورٹ اور کاروباری سرگرمیاں معطل نہیں ہوں گی اور کاروبار اور دکانیں معمول کے مطابق کھلی رہیں گی۔
کراچی میں فائرنگ: آٹھ افراد ہلاک
منگل کے روز کراچی میں فائرنگ کے نتیجے میں پولیس افسر سمیت آٹھ افراد ہلاک ہو گئے۔
گلستان جوہر میں عبدالقادر نامی شخص کو فائرنگ کر کے ہلاک کر دیا۔
فائرنگ کا ایک اور واقعہ میوہ شاہ میں ہوا جس کے نتیجے میں ایک شخص ہلاک ہو گیا
ایوب گوٹھ میں فائرنگ سے ایک شخص ہلاک ہو گیا۔
شیر شاہ اور آگرہ تاج سے دو افراد کی لاشیں ملیں جنہیں تشدد کر کے ہلاک کیا گیا تھا
سائٹ میٹرول میں فائرنگ سے پولیس افسر فیاض ہلاک ہو گیا۔
خاموش کالونی میں فائرنگ کے نتیجے میںایک شخص ہلاک ہو گیا۔
اورنگی ٹاؤن بخاری کالونی میں ایک کلو سے زائد دھماکہ خیز مواد ناکارہ بنا کر علاقے کو تباہی سے بچا لیا۔
ڈان اردو

آپ کی رائے