Categories: عالم اسلام

پی آئی اے کا طیارہ تباہ، جنید جمشید سمیت 47 مسافرجاں بحق

پی آئی اے کا مسافر طیارہ حویلیاں کے قریب گر کر تباہ ہوگیا، جس میں عملے کے ارکان سمیت 47افراد سوار تھے۔ بدقسمت جہاز چترال سے روانہ ہوا تھا۔ اسلام آباد پہنچنے سے پہلے کنٹرول ٹاور سے رابطہ ٹوٹ گیا تھا۔

حادثے میں تمام افراد جاں بحق ہوگئے ہیں۔ جن کی لاشیں جائے حادثہ سے ایوب میڈیکل کمپلیکس ایبٹ آباد پہنچا دی گئیں ہیں۔ ممتاز نعت خواں اور مبلغ جنید جمشید بھی مسافروں میں شامل تھے۔قومی ائیر لائن کے طیارے کا ملبہ صرف حویلیاں کی پہاڑیوں پر نہیں بکھرا، بلکہ ہر اس خاندان پر جا گرا، جس کے پیارے اس جہاز میں سوار تھے۔

طیارہ حادثے میں جاں بحق47 میں سے 20لاشوں کا معائنہ کر لیا گیا ہے۔ ڈپٹی ڈائریکٹر سروسز ایوب میڈیکل کمپلیکس محمد جنید کہتے ہیں3 کی شناخت کر لی گئی ہے۔ جن میں گوجرخان کے احسن غفار، ڈی جی خان کے سمیع اللہ اور چترال کے فرہاد عزیز شامل ہیں۔ ترجمان ایوی ایشن ڈیویژن شیر علی خان کا کہنا ہے کہ میتوں کو آج صبح ساڑھے9 اور 10بجے راولپنڈی اور اسلام آباد میں لے جایا جائے گا۔

چترال سے پی آئی اے کے طیارے پی کے ڈبل سکس ون نے سہ پہر 3بحکر 50منٹ پر اڑان بھری، تو سوا گھنٹے کی دوری پر منزل تھی اسلام آباد۔ جہاز کی پرواز متوازن تھی، چترال کہیں پیچھے رہ گیا تھا، مسافروں کو انتظار تھا تو بس کچھ دیر میں لینڈنگ اناوسمنٹ کا، لیکن پھر اسلام آباد پہنچنے سے پہلے سب کچھ بدل گیا۔

کنٹرول ٹاور کو پائلٹ کیپٹن صالح جنجوعہ کا ہنگامی پیغام ملا کہ جہاز ان کے کنٹرول سے باہر ہوگیا ہے۔ کنٹرول سے مدد کی کوششوں کے باوجود بہت دیر ہوچکی تھی، مدد کی پکار کے بعد سناٹا چھا گیا، کنٹرول ٹاور سے رابطہ کیا ٹوٹا، سانسوں کی ڈور ٹوٹ گئی۔ 47مسافروں کی زندگیاں حویلیاں کی پہاڑیوں میں موت کے منہ میں چلی گئیں۔

اسلام آباد آنے والے مسافروں میں ماضی کے معروف گلوکار اور نعتیہ کلام پڑھنے والے جنید جمشید بھی موجود تھے۔ جنید جمشید دس روز پہلے تبلیغی دورے پر چترال گئے تھے اور اسی پرواز سے اپنی اہلیہ کے ساتھ اسلام آباد واپس آرہے تھے کہ حادثے کا شکار ہوگئے۔

ادھر ترجمان پی آئی اے نے کہا ہے کہ طیارے پر سوار عملے کے 5 افراد سمیت تمام 42 مسافر جاں بحق ہو ئے ہیں۔ چترال سے اسلام آباد جانےو الی پی آئی اے کی پرواز 661 بدھ کی شام 4 بج کر 42 منٹ پر حویلیاں کے قریب گر کر تباہ ہو گئی۔ طیارے پر موجود تمام 42 مسافروں سمیت عملے کے 5 افراد حادثے میں جاں بحق ہوئے۔ مسافروں کی تفصیل پی آئی اے کی ویب سائٹ پر ڈال دی گئی ہے۔

سیکریٹری ایوی ایشن عرفان الہی نے انکشاف کیا کہ جہاز کا ایک انجن خراب تھا۔ جہاز کا ایک انجن خراب تھا یا دوران پرواز خراب ہوا اگر پہلے سے خراب تھا، تو پرواز کی کلیرینس کیسے دی گئی، اس سوال کا جواب کون دے گا۔

جو ہنستی مسکراتی زندگیاں تھیں وہ تو کبھی واپس نہ آنے کے لیے چلی گئیں،اب تو رات کی تاریکی میں حویلییاں کے پہاڑیوں میں صرف آگ کے شعلے ہیں۔ ملبے کا ڈھیر ہے جو3 سے4 کلومیٹر تک پھیلا ہے۔

جنید جمشید کی زندگی پر ایک نظر
معروف نعت خواں جنید جمشید طیارہ حادثے میں جاں بحق ہوگئے ان کے گلوکاری کے میدان سے نعت خواں بننے تک کے سفر سمیت زندگی پر بھی ایک نظر۔
جنید جمشید 3 ستمبر 1964 کو پیدا ہوئے، 52 سالہ جنید جمشید کی زندگی نشیب و فراز اور جدوجہد سے عبارت رہی۔ انہوں نے لاہور یونیورسٹی آف انجینئرنگ سے ڈگری حاصل کی اور کچھ عرصے انجینئرنگ سے وابستہ رہے۔ 1980 کے عشرے میں انہوں نے ایک میوزیکل گروپ ’’وائٹل سائنز‘‘ بنایا جس کے وہ مرکزی گلوکار تھے جب کہ شہزاد، روحیل حیات اور سلمان احمد موسیقاروں میں شامل تھے۔ وائٹل سائنز کے گانوں کو بین الاقوامی شہرت حاصل ہوئی، جنید جمشید کا گایا ہوا نغمہ ’’دل دل پاکستان‘‘ آج بھی مقبول ہے۔
بی بی سی کے ایک سروے کے مطابق ’’دل دل پاکستان‘‘ دنیا کے پر اثر ترین قومی نغموں میں بھی شامل ہے جسے پاکستان کا دوسرا قومی ترانہ بھی کہا جاسکتا ہے، جنید جمشید کو 2007 میں تمغہ امتیاز سے بھی نوازا گیا۔ 90 کے عشرے میں وائٹل سائنز گروپ شکست و ریخت کا شکار ہوا لیکن جنید جمشید نے تنہا اپنا فنی سفر جاری رکھا اور اپنی تخلیقی قوت سے بہترین موسیقی پیش کی اور اس وقت ان کے گائے ہوئے گیت آج بھی بے حد مقبول ہیں۔

موسیقی کو خیرباد:
2004 میں جنید جمشید کی زندگی میں ایک اہم تبدیلی رونما ہوئی اور وہ موسیقی کے کیریئر کو عروج کے وقت پر چھوڑ کر مذہبی تبلیغ اور نعت گوئی کی جانب راغب ہوگئے۔
اس تبدیلی سے ان پر کئی مالی آزمائشیں بھی آئیں لیکن جنید جمشید نے ایک بوتیک کا برانڈ متعارف کرایا جسے جے ڈاٹ (.J) کا نام دیا گیا جس کی شاخیں آج پاکستان بھر میں موجود ہیں۔
جنید جمشید 4 دسمبر کو دعوت تبلیغ کے سلسلے میں چترال گئے تھے جہاں سے بذریعہ پی آئی اے کی پرواز سے اسلام آباد واپسی پر طیارہ حادثے میں جاں بحق ہوگئے جب کہ ان کی اہلیہ نیہا بھی ان کے ہمراہ تھیں۔

جنگ نیوز + ایکسپریس نیوز

baloch

Recent Posts

دارالعلوم مکی زاہدان کے استاد کو رہا کر دیا گیا

مولوی عبدالحکیم شہ بخش، دارالعلوم زاہدان کے استاد اور "سنی آن لائن" ویب سائٹ کے…

5 months ago

زاہدان میں دو دینی مدارس پر سیکورٹی حملے کے ردعمل میں دارالعلوم زاہدان کے اساتذہ کا بیان

دارالعلوم زاہدان کے اساتذہ نے زاہدان میں دو دینی مدارس پر سکیورٹی اور فوجی دستوں…

5 months ago

زاہدان میں دو دینی مدارس پر سکیورٹی فورسز کے حملے میں درجنوں سنی طلبہ گرفتار

سنی‌آنلاین| سیکورٹی فورسز نے آج پیر کی صبح (11 دسمبر 2023ء) زاہدان میں دو سنی…

5 months ago

امریکہ کی جانب سے غزہ جنگ بندی کی قرارداد کو ویٹو کرنا ایک “انسانیت سے دشمنی” ہے

شیخ الاسلام مولانا عبدالحمید نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں امریکہ کی طرف سے…

5 months ago

حالیہ غبن ’’حیران کن‘‘ اور ’’مایوس کن‘‘ ہے

شیخ الاسلام مولانا عبدالحمید نے آج (8 دسمبر 2023ء) کو زاہدان میں نماز جمعہ کی…

5 months ago

دنیا کی موجودہ صورت حال ایک “نئی جہاں بینی” کی متقاضی ہے

شیخ الاسلام مولانا عبدالحمید نے ایک دسمبر 2023ء کو زاہدان میں نماز جمعہ کی تقریب…

5 months ago