Categories: عالم اسلام

اردن: تربیتی مرکز پر فائرنگ، دو امریکی، ایک افریقی ہلاک

اردن میں ایک پولیس افسر نے تربیتی کیمپ میں دو امریکی اور ایک جنوبی افریقی انسٹرکٹر کو فائرنگ کرکے قتل کردیا ہے۔کیمپ میں موجود دوسرے پولیس اہلکاروں نے اس پولیس افسر کو گولی مار دی ہے۔
اردن کی حکومت کے ترجمان محمد المومنی نے بتایا ہے کہ سوموار کے روز یہ واقعہ دارالحکومت عمان سے تیس کلومیٹر جنوب میں واقع الموقر میں پولیس فورسز کے تربیتی مرکز میں پیش آیا ہے جہاں حملہ آورپولیس افسر نے دوپہر کے کھانے کے وقفے کے دوران فائرنگ کردی۔فائرنگ سے دو اور امریکی انسٹرکٹر اور چار اردنی زخمی ہوئے ہیں۔واقعے کے فوری بعد حملہ آور کے ساتھیوں نے اس کو گولی مار کر قتل کردیا ہے۔
اردن کی سرکاری خبررساں ایجنسی پترا کے مطابق محمد مومنی نے بتایا ہے کہ قتل ہونے والے تینوں انسٹرکٹر اردنی پولیس کے ساتھ کنٹریکٹ کے تحت کام کررہے تھے۔تاہم انھوں نے یہ نہیں بتایا ہے کہ اس پولیس افسر نے کس بات پر امریکیوں کو گولیوں کا نشانہ بنایا ہے۔
ادھرواشنگٹن میں امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان جان کربی نے ایک بیان میں کہا ہے کہ ”ہمیں اردن میں پولیس کے بین الاقوامی تربیتی مرکز میں پیش آئے سکیورٹی واقعے کے بارے میں رپورٹس موصول ہوئی ہیں۔ہم اردنی حکام سے رابطے میں ہیں”۔
اردن کے سکیورٹی ذرائع نے فائرنگ کرنے والے پولیس افسر کا نام انور ابو زید بتایا ہے۔ وہ پولیس کپتان تھا اور تربیتی کیمپ میں سینیر معاون تربیت کار کے طور پر کام کررہا تھا۔
قبل ازیں سکیورٹی ذرائع نے یہ اطلاع دی تھی کہ ایک افسر نے دو امریکیوں کو فائرنگ کرکے قتل کردیا ہے اور اس کے بعد خود کشی کر لی ہے۔
واضح رہے کہ اردن میں اس وقت سیکڑوں امریکی تربیت کار اور فوجی موجود ہیں۔وہ اردنی سکیورٹی فورسز کے اہلکاروں کے تربیتی عمل میں شریک ہیں۔اس کے علاوہ اردن میں ایف سولہ لڑاکا طیاروں کا امریکی عملہ بھی موجود ہے جو عراق اور شام میں سخت گیر جنگجو گروپ داعش کے خلاف فضائی مہم میں شامل ہے۔
اردن بھی امریکا کی قیادت میں داعش مخالف اتحاد میں شامل ہے اور اس کے لڑاکا طیارے عراق اور شام میں داعش کے ٹھکانوں پر بمباری کررہے ہیں۔پولیس کے تربیتی مرکز میں فائرنگ کا یہ مہلک واقعہ عمان میں ہوٹلوں پر خودکش حملوں کی دسویں برسی کے موقع پر پیش آیا ہے۔ان بم دھماکوں میں ساٹھ افراد ہلاک اور بیسیوں زخمی ہوگئے تھے۔

العربیہ ڈاٹ نیٹ

baloch

Recent Posts

“پابندیوں میں اضافہ”، “طویل جنگ” اور “پرانی پالیسیوں پر اصرار” ملک کو مزید بحرانوں کی طرف دھکیل رہے ہیں

"پابندیوں میں اضافہ"، "طویل جنگ" اور "پرانی پالیسیوں پر اصرار" ملک کو مزید بحرانوں کی…

4 days ago

لاہور ہائیکورٹ کا افغان میڈیکل طلبہ کو کالجز سے نہ نکالنے کا تحریری حکم آگیا

لاہور ہائیکورٹ نے افغان میڈیکل طلبہ کو کالجز سے نکالنے کے خلاف درخواستوں پر تحریری…

4 days ago

ملکی معیشت تباہی کے دہانے پر پہنچ چکی ہے

ملکی معیشت تباہی کے دہانے پر پہنچ چکی ہے

1 week ago

حقوق انسانی، عالمی منشور اور سیرتِ نبویﷺ

مغرب میں انسانی حقوق کی جو تاریخ بیان کی جاتی ہے، اسکا آغاز عموماً میگنا…

2 weeks ago

مشرق وسطیٰ کے ممالک اپنا سیکیورٹی نظام بنائیں؛ چینی صدر بھی فلسطین کے حق میں بول پڑے

مشرق وسطیٰ کے ممالک اپنا سیکیورٹی نظام بنائیں؛ چینی صدر بھی فلسطین کے حق میں…

2 weeks ago

مکہ دفاعی اتحاد خطے میں امن و استحکام کا ضامن ہے، ترک صدر اردوان

مکہ دفاعی اتحاد خطے میں امن و استحکام کا ضامن ہے، ترک صدر اردوان

2 weeks ago