Categories: پاکستان

کوئٹہ:نیٹو آئل ٹینکرز پر حملہ، ایک ہلاک

کوئٹہ(بی بی سی) صوبہ بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ کے قریب نیٹو سپلائی کے آئل ٹینکرز پر نامعلوم مسلح افراد کے حملے میں کم از کم دس ٹینکرز تباہ ہوگئے ہیں۔ حکام کے مطابق فائرنگ سے ایک شخص ہلاک اور ایک زخمی بھی ہوا ہے۔

بی بی سی کے نامہ نگار ایوب ترین کے مطابق پولیس حکام کا کہنا ہے کہ یہ کارروائی بدھ کی صبح اس وقت ہوئی جب دو گاڑیوں میں سوار مسلح افراد نے کوئٹہ کے مغربی بائی پاس پر اختر آباد کے مقام پر افغانستان میں موجود نیٹو فورسز کو تیل کی فراہمی کرنے والے آئل ٹینکرز پر فائرنگ کر دی۔
کوئٹہ کے ڈی آئی جی آپریشنز عامر شکیل کے مطابق فائرنگ سے ٹینکرز میں آگ لگ گئی اور دس ٹینکرز تباہ ہو گئے۔ تاہم کنٹینرز اینڈ ٹرالرز ایسوسی ایشن کے ترجمان نادر خان کا کہنا ہے کہ پارکنگ میں اکسٹھ ٹینکرز اور کنٹینرز موجود تھے جن میں سے صرف اٹھارہ کو بچایا جا سکا ہے اور پینتالیس ٹینکرز تباہ ہوئے ہیں۔
پولیس حکام کے مطابق حملہ آور اس کارروائی کے بعد فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے اور ان کی تلاش کا کام جاری ہے۔ اس واقعے کے بعد فرنٹیئر کور اور پولیس کی بھاری نفری نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا۔
حکام نے اس حملے میں ایک شخص کی ہلاکت اور ایک کے زخمی ہونے کی تصدیق کی ہے۔ ٹینکرز میں لگنے والی آگ پر کئی گھنٹوں کی کوشش کے بعد قابو پایا جا سکا اور آگ بجھانے کی کوششوں میں کوئٹہ اور نواحی علاقوں کی فائر بریگیڈ کے عملے نے حصہ لیا۔
خیال رہے کہ یہ گزشتہ ایک ہفتے کے دوران نیٹو کو رسد فراہم کرنے والے ٹینکرز پر حملے کا تیسرا واقعہ ہے۔ اس سے قبل تیس ستمبر کی شب صوبہ سندھ کے شہر شکارپور کے نزدیک مسلح افراد نے حملہ کر کے نیٹو سپلائی کے ستائیس آئل ٹینکرز کو تباہ کر دیا تھا۔ اس کے چار دن بعد تین اکتوبر کو وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے نواحی علاقے سہالہ کے قریب آئل ٹینکرز پر نامعلوم مسلح افراد کے حملے میں دس کنٹینرز تباہ اور کم از کم تین افراد ہلاک اور نو زخمی ہوئے تھے۔
نیٹو کے آئل ٹینکرز پر حالیہ حملوں کی ذمہ داری کالعدم تنظیم تحریک طالبان نے قبول کی ہے جبکہ پاکستانی حکام کی جانب سے ان حملوں کو نیٹو افواج کی پاکستانی علاقے میں کارروائی کا عوامی ردعمل قرار دیا گیا ہے۔
پاکستان نے کرم ایجنسی میں کی جانے والی اس کارروائی کے بعد سے طورخم کے راستے نیٹو کو رسد کی فراہمی کا سلسلہ بھی معطل کر رکھا ہے اور حکومت کا کہنا ہے کہ سپلائی پر پابندی قافلوں کی حفاظت کے پیش نظر لگائی گئی ہے۔
modiryat urdu

Recent Posts

اسلامی ممالک کا ایک دوسرے کے سامنے صف آرا ہونے میں کوئی خیر یا فائدہ نہیں

شیخ الاسلام مولانا عبدالحمید نے 31 جولائی 2026ء کے خطبہ جمعہ میں مشرقِ وسطیٰ میں…

3 hours ago

“عدل و انصاف کی ترویج”، “متحرک معیشت”، اور “عوام کی رضامندی” حکومتوں کی بقا کا راستہ ہیں

"عدل و انصاف کی ترویج"، "متحرک معیشت"، اور "عوام کی رضامندی" حکومتوں کی بقا کا…

1 week ago

حقوق اللہ اور حقوق الناس کی پامالی تقویٰ اور اعتدال کے راستے سے نکلنے کے مترادف ہے

زاہدان میں 17 جولائی 2026 کو نماز جمعہ کے اجتماعات کے دوران شیخ الاسلام مولانا…

2 weeks ago

“مذاکرات اور بات چیت” ملک کو بچانے کا بہترین طریقہ ہے

"مذاکرات اور بات چیت" ملک کو بچانے کا بہترین طریقہ ہے

3 weeks ago

غزہ میں اسرائیلی حملے جاری، 9 سالہ بچی سمیت کم از کم 6 فلسطینی شہید

غزہ میں جنگ بندی کے باوجود اسرائیلی حملوں کا سلسلہ جاری ہے۔

3 weeks ago

اللہ تعالیٰ اور رسول اللہ ﷺ کی اطاعت سب سے بڑا جہاد ہے

شیخ الاسلام مولانا عبدالحمید نے زاہدان میں نماز جمعہ تین جولائی 2026ء کے خطبے کے…

4 weeks ago