Categories: بيانات

سنت پر عمل کرنے سے بندہ اللہ کے محبوب بن جاتاہے

شیخ الاسلام مولانا عبدالحمید نے اپنے یکم مئی دوہزار پندرہ کے خطبہ جمعہ میں نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی سنتوں پر عمل کرنے پر تاکید کرتے ہوئے اس کے ظاہری و معنوی اثرات کی جانب اشارہ کیا۔
خطیب اہل سنت زاہدان نے اپنے بیان کا آغاز قرآنی آیات: «وَمَا آتَاكُمُ الرَّسُولُ فَخُذُوهُ وَمَا نَهَاكُمْ عَنْهُ فَانتَهُوا» اور «مَنْ يُطِعِ الرَّسُولَ فَقَدْ أَطَاعَ اللّهَ» کی تلاوت سے کرتے ہوئے کہا: خاتم النبیین ﷺ کی اطاعت دراصل اللہ تعالی کی اطاعت و فرمانبرداری ہے۔ جبکہ آپ ﷺ کی نافرمانی اللہ تعالی کی نافرمانی ہے۔
بات آگے بڑھاتے ہوئے مولانا عبدالحمید نے ’بدعت‘ کو ’سنت‘ کے مدمقابل قرار دیتے ہوئے کہا: بدعت وہی عمل یا عقیدہ ہے جس کے ثبوت کے لیے قرآن وسنت میں کوئی دلیل موجود نہ ہو اور کوئی شخص اسے دین کا حصہ سمجھ کر ثواب کی امید و نیت سے اس پر عمل پیرا ہوجائے۔ لغوی بدعت (عام ایجادات) میں کوئی برائی نہیں، لیکن اصطلاحی بدعت جو دین میں نئی بات شامل کرنے کو کہتے ہیں مذموم اور شریعت کی رو سے ناقابل قبول ہے۔
انہوں نے مزیدکہا: رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے بدعت کے حوالے سے بہت ساری احادیث میں مسلمانوں کو خبردار فرمایاہے؛ ایک حدیث میں ان کا ارشاد ہے: ”من احدث فی امرنا ھذا ما لیس منہ فھو رد“۔ جو ہمارے کام یعنی دین میں کوئی ایجاد کرلے جو اس کا حصہ نہیں تو وہ مردود ہے۔ دین اسلام کامل ہے اور اس میں کوئی اضافگی کی ضرورت نہیں ہے۔ ارشاد الہی ہے: «الْيَوْمَ أَكْمَلْتُ لَكُمْ دِينَكُمْ وَأَتْمَمْتُ عَلَيْكُمْ نِعْمَتِي وَرَضِيتُ لَكُمُ الإِسْلاَمَ دِينًا»، یہ آیت حجة الوداع کے موقع پر نازل ہوئی۔
ممتاز عالم دین نے کہا: بدعت بظاہر ایک اچھا کام نظر آتاہے، لیکن چونکہ سنت کے خلاف ہے تو اس کا شمار سب سے بڑے اور برے گناہوں میں ہوتاہے۔ بدعت کی دو قسمیں ہیں؛ ایک کا تعلق عقیدے سے ہے جو بندے کو شرک و کفر کی سرحد تک لے جاتی ہے۔ دوسری نوع عملی بدعت ہے اور عام طور پر شادیوں اور سوگواری و تعزیت کے موقع پر عملی بدعات کا ارتکاب ہوتاہے۔ لہذا ہم سب کو ہوشیار رہنا چاہیے ہمارے اعمال و عقائد شریعت اور سنت کے مطابق ہوں۔
مہتمم دارالعلوم زاہدان نے مزیدکہا: نبی کریم ﷺ نے ارشاد فرمایاہے میرے بعد میری اور خلفائے راشدین کی سنت پر مضبوطی سے عمل کریں۔ اس حدیث شریف سے معلوم ہوتاہے خلفائے راشدین رضی اللہ عنہم کی خلافت نبی کریم ﷺ کے منہاج اور طریقے پر تھی۔
انہوں نے مزیدکہا: آپ ﷺ کی سنتیں مسواک اور داڑھی تک محدود نہیں ہیں، بلکہ سنت کا مطلب بہت وسیع ہے؛ یہ نبی کریم ﷺ کی تئیس سالہ زندگی کے تمام پہلووں کو شامل ہے۔ ہمیں ان تمام ہدایات اور سنتوں پر عمل کرنا چاہیے۔ ایک حدیث میں ارشادنبوی ہے جو میری متروک اور چھوڑدی جانے والی سنتوں کو زندہ کرے، وہ مجھ سے محبت کرتاہے اور جو مجھ سے محبت کرتاہے وہ جنت میں میرے ساتھ ہوگا۔ ایک دوسری حدیث میں ارشاد ہے آخر زمان میں فتنے بہت ہوں گے، اس دور میں اگر کوئی شخص میری متروک سنتوں کو احیا کرے تو اسے سو شہیدوں کا اجر و پاداش ملے گا۔ یہ اس لیے کہ ممکن ہے اس شخص کا مذاق اڑایاجائے اور اس کی توہین کی جائے۔
مولانا عبدالحمید نے سنت پر عمل کرنے کے فوائد و مثبت اثرات کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا: سنت پر عمل کرنے سے زندگی میں بہت مثبت اثرات آتے ہیں۔ اس سے اعمال صالحہ کے اجر وثواب میں اضافہ ہوگا اور وہ شخص اللہ تعالی کا مقرب و محبوب بندہ بن جائے گا۔ قرآن پاک میں ارشاد ہے: «قُلْ إِن كُنتُمْ تُحِبُّونَ اللّهَ فَاتَّبِعُونِي يُحْبِبْكُمُ اللّهُ»، (کہہ دو اگر تم الله کی محبت رکھتے ہو تو میری تابعداری کرو تاکہ تم سے الله محبت کرے اور تمہارے گناہ بخشے اور الله بخشنے والا مہربان ہے)
سنت پر پابندی سے عمل کرنے کو آپ ﷺ سے محبت کی علامت قرار دیتے ہوئے انہوں نے کہا: نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم سے محبت کی نشانی یہی ہے کہ ہم نبی کریم ﷺ کی تمام سنتوں پر عمل کرنے کی کوشش کریں۔ اس سے ہمارا معاشرہ معطر و نورانی بن جائے گا اور اللہ تعالی کی رحمتیں اور برکات ہم پر نازل ہوتی ہیں۔

صحابہ و اہل بیت رضی اللہ عنہم سے محبت اہل سنت کے عقائد کا حصہ ہے
شیخ الاسلام مولانا عبدالحمید نے اپنے بیان کے ایک حصے میں تیرہ رجب، حضرت علی کرم اللہ وجہہ کے یوم ولادت، اور ایران میں ’یوم والد‘ کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا: حضرت علی رضی اللہ عنہ ایک ایسی شخصیت ہیں جو تمام اسلامی مسالک کے یہاں محترم ہیں اور سب ان سے پیار کرتے ہیں۔ سنی مسلمانوں کے عقائد کا لاینفک حصہ حضرت علی سمیت تمام اہل بیت رضی اللہ عنہم سے محبت کرتے ہیں۔
حضرت علی رضی اللہ عنہ کے بعض فضائل کی جانب اشارہ کرتے ہوئے خطیب اہل سنت زاہدان نے کہا: غزوہ خندق کے بعد بنو قریظہ کی سرکوبی کی مہم میں بھی علم نبوی حضرت علی رضی اللہ عنہ کے ہاتھ میں تھا اور انہوں نے بنو قریظہ کے قلعہ پر قبضہ کر لیا۔ فتح خیبر کا شرف بھی حضرت علی کو حاصل ہوا۔ اس معرکہ میں بھی حضور نبی کریم نے اپنا علم حضرت علی کو دیا تھا اور علم دینے سے ایک دن پہلے فرمایا تھا کہ ”کل ایک ایسے بہادر کو علم دوں گا جو خدا اور رسول کا محبوب ہے اور خیبر کی فتح اسی کے ہاتھ میں مقدر ہے۔”

اسلامی شورا ایران کی موجودہ حکومت کی خصوصیات سے ایک ہے
مہتمم دارالعلوم زاہدان نے اپنے خطاب کے ایک حصے میں ایران میں ’اسلامی شورا‘ کی تہوار کو شورا والوں کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا: اسلامی شورا ’اسلامی جمہوریہ ایران‘ کی خصوصیات میں سے ایک ہے؛ اس کی جڑیں قرآن وسنت میں ہیں۔ قرآن پاک میں ارشاد ہے: «وشاورهم فی الأمر» اور «و أمرهم شوری بینهم».
انہوں نے ایران میں ’یوم استاذ‘ (ٹیچرز ڈے) کو سکول اساتذہ کی خدمت میں مبارکباد دی اور حکومت سے ان کے جائز مطالبات کی حمایت کا اعلان کیا۔
مولانا عبدالحمید نے اپنے خطاب کے آخر میں دارالعلوم زاہدان کے دو فضلا کی ناگہانی موت پر گہرے افسوس اور غم کا اظہار کرتے ہوئے کہا: ضلع جاسک کے خطیب جمعہ اور ایک سرگرم عالم دین مولانا آزاد دریانورد اور اس سال کے دورہ حدیث کے شریک مولوی حسن شہ بخش گزشتہ ہفتے میں ٹریفک حادثات میں انتقال کرگئے۔ اللہ تعالی انہیں مغفرت فرمائے اور پس ماندگان کو اجروصبر نصیب فرمائے۔
انہوں نے مولانا آزاد کو ایک مخلص اور جفاکش عالم دین یاد کرتے ہوئے علما کی وفات کو ہر معاشرے کے لیے ’بڑا نقصان‘ قرار دیا۔

baloch

Recent Posts

کوئی بھی «جنگ» کی تمنا نہ کرے / جنگ کی روک تھام حکام کے ہاتھ میں ہے

شیخ الاسلام مولانا عبدالحمید نے جمعہ بیس فروری کو زاہدان کی نماز جمعہ کے اجتماع…

3 months ago

جنوری کے واقعات کا کوئی جواز نہیں؛ حکام جواز پیش کرنے کے بجائے عوام سے معافی مانگیں اور ان کے مطالبات تسلیم کریں

جنوری کے واقعات کا کوئی جواز نہیں؛ حکام جواز پیش کرنے کے بجائے عوام سے…

4 months ago

ایرانی عوام نے سن 1979ء میں “انصاف” اور “بہتر زندگی” کے حصول کے لیے انقلاب کیا

ایرانی عوام نے سن 1979ء میں “انصاف” اور “بہتر زندگی” کے حصول کے لیے انقلاب…

4 months ago

جنگ روکنے کا بہترین راستہ: ایرانی قوم کے مطالبات کو تسلیم کیا جائے

جنگ روکنے کا بہترین راستہ: ایرانی قوم کے مطالبات کو تسلیم کیا جائے

4 months ago

ایران میں حالیہ احتجاجات میں ہلاکتوں کی بڑی تعداد نے ایران کے عوام اور دنیا کو ’’حیرت زدہ اور مبہوت‘‘ کر دیا

ایران میں حالیہ احتجاجات میں ہلاکتوں کی بڑی تعداد نے ایران کے عوام اور دنیا…

4 months ago

حالیہ احتجاجات میں عوام کے قتلِ عام کی مذمت اور شہداء کے خاندانوں سے ہمدردی کا اظہار کرتے ہیں

حالیہ احتجاجات میں عوام کے قتلِ عام کی مذمت اور شہداء کے خاندانوں سے ہمدردی…

5 months ago