Categories: عالم اسلام

لاپتہ افراد کی بازیابی کم

کراچی میں بلوچوں کی بستی لیاری میں واحد بلوچ کے خاندان کو ایک خبر کی تلاش ہے اور وہ اس کے لیے خدائی مدد کے بھی طلب گار ہیں۔ وہ خبر یہ ہے کہ واحد بخش بلوچ خیریت سے ہیں۔
واحد بلوچ 22 جولائی کو سپر ہائی وے پر واقع ملیر لنک روڈ سے لاپتہ ہوگئے تھے۔ ان کے ساتھ موجود دوست نے اہل خانہ کو بتایا کہ انھیں ڈبل کیبن گاڑی میں سوار لوگ اپنے ساتھ لے گئے ہیں۔
واحد کی بیٹی ہانی بلوچ نے بی بی سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ’ہم تین بار تھانے گئے لیکن پولیس نے ایف آئی آر درج کرنے سے انکار کر دیا جس کے بعد ہم نے ہائی کورٹ میں پٹیشن دائر کی جہاں ایس ایچ او نے آ کر کہا کہ یہ خاندان کبھی تھانے نہیں آیا جبکہ رینجرز اور دیگر اداروں نے واحد کی موجودگی سے لاعلمی کا اظہار کیا۔‘
واحد بلوچ سول ہسپتال میں ملازمت کے علاوہ ادبی رسائل اور کتابوں کی اشاعت سے بھی وابستہ رہے ہیں۔ وہ ملیر میں ہاشمی لائبریری کی نگرانوں میں سے بھی ایک ہیں۔ پریس کلب میں انسانی حقوق کی بلوچ تنظیموں کے احتجاج میں شرکت بھی ان کا ایک معمول رہا ہے۔
ہانی واحد کا کہنا ہے کہ ان کے والد لائبریری کے لیے کتابیں لیتے تھے اور خود بھی کتابوں کا شوق رکھتے تھے تو کیا یہ جرم ہے۔ ’وہ شاعر جن کی کتابیں ابا شائع کراتے تھے آج وہ کیوں خاموش ہیں؟
واحد کی والدہ بیٹے کی گمشدگی کی وجہ سے ہسپتال میں زیر علاج ہیں جبکہ بیوی کا بےبسی میں رو رو کر برا حال ہوچکا ہے۔ ان کی چھوٹی بیٹی نے سکول جانا ہی چھوڑ دیا ہے۔
ہانی بلوچ کے مطابق ان سے ہر کوئی سوال کرتا ہے کہ آپ کے والد مجرم ہیں یا سیاسی کارکن؟ ’میں ان سے ایک بیٹی اور اس ملک کی شہری کی حثیت سے سوال کرتی ہوں یہاں عدالتیں موجود ہیں اگر کوئی مجرم بھی ہے تو اس کا جرم تو بتا دیا جائے۔ جب یہاں قانون موجود ہے تو کیا وجہ ہے کہ ہمیں ذہنی اذیت دی جا رہی ہے۔‘
غریب گھرانے اور علاقے میں پروش پانے والے واحد بلوچ اپنے علاقے کے بچوں کو پڑھاتے بھی تھے۔ بقول ان کی بیگم ’وہ کہتے تھے کہ کہیں ایسا نہ ہو کہ یہ بچے گینگز میں شامل ہو جائیں۔ وہ زیادہ تر پیدل سفر کرتے اور کہتے کہ یہ پیسے بھی بچوں کی تعلیم میں کام آئیں گے۔‘
حکومت پاکستان کے لاپتہ افراد کی بازیابی کے لیے بنائے گئے کمیشن کے پاس گذشتہ سات ماہ میں 510 افراد کی جبری گمشدگی کی شکایت موصول ہوئی ہیں جبکہ 2011 میں اس کمیشن کے روبرو 138 مقدمات تھے۔ اس سال جولائی کے اختتام تک ان کی تعداد ساڑھے تین ہزار سے تجاوز کر چکی تھی جن میں 21 سو کے قریب کو نمٹا دیا گیا ہے۔
وائس فار بلوچ مسنگ پرسنز کے رہنما نصراللہ بلوچ کا کہنا ہے کہ بلوچستان میں اس کمیشن کی کارکردگی مایوس کن ہے، 2010 سے جو لوگ لاپتہ ہیں ان کی بازیابی کم اور لاشوں کی برآمدگی زیادہ ہوئی ہے۔
نصراللہ کے بھائی بھی لاپتہ ہیں۔ وہ عدالتوں اور اس کمیشن کی سماعتوں میں شریک ہوتے رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ کمیشن کے سربراہ کے ساتھ کئی ملاقاتیں ہوئیں اور انھوں نے کہا کہ آپ شواہد لائیں ہم کارروائی کریں گے۔ ’کئی شواہد فراہم کیے گئے لیکن کمیشن نے کوئی کارروائی نہیں کی۔‘
پاکستان انسانی حقوق کمیشن کے پاس بھی لاپتہ افراد کی شکایت آتی ہیں۔ کمیشن کی رہنما حنا جیلانی کے مطابق زیادہ تر شکایت بلوچستان سے آ رہی ہیں لیکن سیاسی تنازعات بڑھنے سے یہ شکایت پھیل رہی ہیں۔ ’جہاں ملٹری اور پیرا ملٹری فورسز کا نظام چل رہا ہے چاہے وہ فاٹا میں ضرب عضب کی صورت میں ہو، خیبر پختونخوا یا بلوچستان میں ہو وہاں جبری گمشدگیاں تشویش ناک حد تک پہنچ چکی ہیں۔‘
’احساس کمتری کا احساس ریاست کے ساتھ تضاد پیدا کر رہا ہے اور اس میں ریاست جس رد عمل کا اظہار کرتی ہے وہ قانون کی پاسداری یا بالا دستی کے لیے نہیں بلکہ ان لوگوں سے نمٹنے کے لیے ہے جس میں وہ قانون کو بھی نظر انداز کرتے ہیں۔

بی بی سی اردو

baloch

Recent Posts

اسلامی ممالک کا ایک دوسرے کے سامنے صف آرا ہونے میں کوئی خیر یا فائدہ نہیں

شیخ الاسلام مولانا عبدالحمید نے 31 جولائی 2026ء کے خطبہ جمعہ میں مشرقِ وسطیٰ میں…

8 hours ago

“عدل و انصاف کی ترویج”، “متحرک معیشت”، اور “عوام کی رضامندی” حکومتوں کی بقا کا راستہ ہیں

"عدل و انصاف کی ترویج"، "متحرک معیشت"، اور "عوام کی رضامندی" حکومتوں کی بقا کا…

1 week ago

حقوق اللہ اور حقوق الناس کی پامالی تقویٰ اور اعتدال کے راستے سے نکلنے کے مترادف ہے

زاہدان میں 17 جولائی 2026 کو نماز جمعہ کے اجتماعات کے دوران شیخ الاسلام مولانا…

2 weeks ago

“مذاکرات اور بات چیت” ملک کو بچانے کا بہترین طریقہ ہے

"مذاکرات اور بات چیت" ملک کو بچانے کا بہترین طریقہ ہے

3 weeks ago

غزہ میں اسرائیلی حملے جاری، 9 سالہ بچی سمیت کم از کم 6 فلسطینی شہید

غزہ میں جنگ بندی کے باوجود اسرائیلی حملوں کا سلسلہ جاری ہے۔

3 weeks ago

اللہ تعالیٰ اور رسول اللہ ﷺ کی اطاعت سب سے بڑا جہاد ہے

شیخ الاسلام مولانا عبدالحمید نے زاہدان میں نماز جمعہ تین جولائی 2026ء کے خطبے کے…

4 weeks ago