Categories: بيانات

صحابہ کرام کا احسان تمام مسلمانوں پر ہے

شیخ الاسلام مولانا عبدالحمید نے یوم وفات صدیق اکبر رضی اللہ عنہ کے موقع پر ابوبکرصدیق ودیگر جلیل القدر صحابہ کرام رضی اللہ عنہم کو تمام مسلمانوں کے محسن قرار دیا۔

خطیب اہل سنت زاہدان نے اپنے اٹھارہ اپریل دوہزار چودہ کے خطبہ جمعہ کا آغاز قرآنی آیت: «إِلاَّ تَنصُرُوهُ فَقَدْ نَصَرَهُ اللّهُ إِذْ أَخْرَجَهُ الَّذِينَ كَفَرُواْ ثَانِيَ اثْنَيْنِ إِذْ هُمَا فِي الْغَارِ إِذْ يَقُولُ لِصَاحِبِهِ لاَ تَحْزَنْ إِنَّ اللّهَ مَعَنَا فَأَنزَلَ اللّهُ سَكِينَتَهُ عَلَيْهِ وَأَيَّدَهُ بِجُنُودٍ لَّمْ تَرَوْهَا وَجَعَلَ كَلِمَةَ الَّذِينَ كَفَرُواْ السُّفْلَى وَكَلِمَةُ اللّهِ هِيَ الْعُلْيَا وَاللّهُ عَزِيزٌ حَكِيمٌ» [توبه: 40]، (اگر تم لوگ رسول اللهﷺ کی مدد نہ کروگے تو الله تعالیٰ آپ کی مدد اُس وقت کرچکا ہے جبکہ آپ کو کافروں نے جلاوطن کردیا تھا جبکہ دوآدمیوں میں ایک آپ تھے جس وقت کہ دونوں غار میں تھے جب کہ آپ اپنے ہمراہی سے فرمارہے تھے کہ تم (کچھ) غم نہ کرو ۔یقیناً الله تعالیٰ ہمارے ہمراہ ہےسو الله تعالیٰ نے آپ (کے قلب)پر اپنی تسلی نازل فرمائی اور آپ کو ایسے لشکروں سے قوت دی جن کو تم لوگوں نے نہیں دیکھا اور الله تعالیٰ نے کافروں کی بات (اور تدبیر) نیچی کردی (کہ وہ ناکام رہے) اور الله ہی کا بول بالا رہا۔اور الله زبردست حکمت والا ہے۔) کی تلاوت سے کیا۔

افضل البشر بعد الانبیا کے بعض فضائل پر روشنی ڈالتے ہوئے مولانا عبدالحمید نے کہا: صحیح بخاری میں ایک حدیث آئی ہے کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم جب آخری مرتبہ منبر پر تشریف لے گئے ، تو انہوں نے ارشاد فرمایا: تم میں سے جس شخص نے مجھ پر کوئی احسان کیاہے میں نے اس کے احسان کا بدلہ دیاہے سوائے ابوبکر کے؛ اللہ تعالی اس کی نیکی واحسان کا پاداش خود ہی عطا فرمائے گا۔

انہوں نے مزیدکہا: خلیفہ اول حضرت ابوبکر صدیق رضی اللہ عنہ کے فضائل بے شمار ہیں جن کا تذکرہ پوری طرح یہاں ممکن نہیں؛ ان کے فضائل میں ایک اہم نقطہ واقعہ ہجرت ہے۔ مشکل ترین اور انتہائی حساس موقع پر نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کو حضرت ابوبکر ہی نے ساتھ دیا اور سفر ہجرت میں اپنی جان ومال اور اہل وعیال سمیت آپ کی خدمت میں لگ گئے۔ واقعہ ہجرت میں آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے اپنے ایک اور جاں نثار حضرت علی کرم اللہ وجہہ کو اپنے بستر پر سلایا وہ بھی ایسی رات میں جب ان کی شہادت کا خطرہ تھا۔ سفرہجرت میں آدمی اپنے سب سے زیادہ قریبی اور قابل اعتماد دوست کو ساتھ لیجاتاہے اور آپﷺ کے بہترین ساتھی اور دوست سفرہجرت کی سختیان برداشت کرکے ان کے ساتھ تھے۔

مہتمم دارالعلوم زاہدان نے تفصیل سے واقعہ ہجرت مکہ سے مدینہ تک کا تذکرہ کرنے کے بعد کہا: صدیق اکبر سمیت دیگر صحابہ کرام رضی اللہ عنہم جب اسلام کے دفاع اور نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی خاطر اپنی جانیں ہتھیلی پر رکھ کر اللہ کا پیغام پھیلاتے تھے انہیں ہرگز معلوم نہ تھا کہ کسی دن نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم حکومت بنائیں گے اور ان میں سے بعض خلیفہ بن کر مشرق ومغرب پر حکومت کریں گے۔ تمام صحابہ کرام رضی اللہ عنہم کا واحد مقصد اللہ تعالی کی رضامندی کا حصول تھا۔

مولانا عبدالحمیدنے کہا: تمام صحابہ کرام ہمارے محسن ہیں جنہوں نے ایک ایسے شخص کی خدمت کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا جو ہمارے لیے ماں باپ اور اولاد وعیال سے زیادہ عزیز وپیارا ہے۔

حضرت فاطمہ و ازواج مطہرات معاشرے کے لیے مثالی شخصیات ہیں
خطیب اہل سنت زاہدان نے اپنے بیان کے ایک حصے میں ’یوم خواتین‘ کی جانب اشارہ کرتے ہوئے ازواج مطہرات اور حضرت فاطمہ کو پورے مسلم معاشرے کے لیے مثالیں قراردیں۔ انہوں نے کہا: نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی ازواج مطہرات و صاحبزادیاں انتہائی مہذب اور خوددار تھیں جنہوں نے فقر وفاقہ کے ساتھ اپنی زندگیاں گزار دیں۔

ممتاز سنی عالم دین مزیدگویاہوئے: حضرت فاطمہ اور ازواج مطہرات دنیا کے دلدادہ نہ تھیں، اسی لیے مسلم خواتین کو ان کی پیروی کرنی چاہیے مغربی اسٹاروں کی نہیں جو حیا وایمان سے خالی ہیں۔ مسلمان بہنوں اور ماو ¿ں کے لیے یہی ہستیاں آئیڈیل ہیں۔ ازواج مطہرات عبادت وبندگی میں بھی مسلمانوں کے لیے مثالی ہیں۔

مولانا نے اس موضوع کو ختم کرتے ہوئے کہا: خواتین کا مقام بہت اونچا اور بلند ہے؛ تاریخ میں جتنے بڑے مرد گزرے ہیں سب کی پرورش انہی خواتین کے دامان میں ہوئی ہے۔ خواتین نے اسلام کی ترقی میں بہت مفید اور موثر کردار ادا کیاہے۔

صدرمملکت کا دورہ کم نظیر تھا
مولانا عبدالحمید نے ہزاروں فرزندان توحید کی موجودگی میں اپنے خطبہ جمعہ کے ایک حصے میں ایرانی صدر ڈاکٹر حسن روحانی کے حالیہ دورہ سیستان وبلوچستان کو مثبت، خوش آیند اور کم نظیر قرار دیا۔

شیخ الحدیث دارالعلوم زاہدان نے کہا: صدر روحانی ایک معتدل آدمی ہیں اور سیاست سمیت مختلف امور میں میانہ روی کی راہ پر گامزن ہیں۔ اعتدال ہی سب سے اچھی اور پائیدار راہ ہے۔ صدر روحانی نے بھی اسی منظر سے اور فراخدلی ومہارت کے ساتھ ہمارے صوبے کے مسائل کا مطالعہ کیا اور یہاں ترقی وخوشحالی کے لیے ایک بہت عظیم بجٹ بھی مخصوص کردیا۔ اگر منصوبوں پر صحیح عمل کیاجائے تو یہاں زراعت وتجارت کو تقویت حاصل ہوگی اور عوام کے معاشی مسائل حل ہوجائیں گے۔

انہوں نے مزیدکہا: میں اپنی طرف سے اور صوبے کے تمام باشندوں کی جانب سے صدر روحانی اور ان کی کابینہ کا شکریہ ادا کرتاہوں اور مجھے امید ہے صوبے کے مختلف مسائل کے حوالے سے لوگوں کی پریشانیاں دور ہوجائیں۔ مقامی افراد کو روزگار فراہم کیا جائے اور صوبے میں غربت کے خاتمے کے لیے کوششیں تیز کی جائیں۔

صدر شورائے مدارس اہل سنت سیستان وبلوچستان نے ایران کے سب سے بڑے صوبے کے باشندوں کو مخاطب کرتے ہوئے انہیں بھائی چارہ اور ہم دلی کی دعوت دی۔ انہوں نے کہا: اب وقت آیاہے کہ ہم دوستی و بھائی چارہ کا نیا دروازہ کھولیں تا کہ ہمارے دشمن مایوس ہوجائیں۔ ہمارے صوبے کی ترقی کا راز اسی اتحاد و یکجہتی میں ہے۔

انہوں نے کہا: دوسری اہم بات امن یقینی بنانے کے حوالے سے ہے؛ جس طرح صدرمملکت نے کہاہے امن عوام ہی کے ہاتھوںسے حاصل ہوتاہے اور اس مہم میں مسلح ادارے عوام کے حامی ہیں، ہمیں اپنی سرحدوں کی حفاظت کرنی چاہیے ۔ ہرقسم کی بدامنی پھیلانے سے گریز کیاجائے اورسرمایہ کاروں کو یہاں لانے اور ترقیاتی کاموں کو جاری رکھنے کے لیے امن ضروری ہے۔

 

 

 

modiryat urdu

Recent Posts

دارالعلوم مکی زاہدان کے استاد کو رہا کر دیا گیا

مولوی عبدالحکیم شہ بخش، دارالعلوم زاہدان کے استاد اور "سنی آن لائن" ویب سائٹ کے…

5 months ago

زاہدان میں دو دینی مدارس پر سیکورٹی حملے کے ردعمل میں دارالعلوم زاہدان کے اساتذہ کا بیان

دارالعلوم زاہدان کے اساتذہ نے زاہدان میں دو دینی مدارس پر سکیورٹی اور فوجی دستوں…

5 months ago

زاہدان میں دو دینی مدارس پر سکیورٹی فورسز کے حملے میں درجنوں سنی طلبہ گرفتار

سنی‌آنلاین| سیکورٹی فورسز نے آج پیر کی صبح (11 دسمبر 2023ء) زاہدان میں دو سنی…

5 months ago

امریکہ کی جانب سے غزہ جنگ بندی کی قرارداد کو ویٹو کرنا ایک “انسانیت سے دشمنی” ہے

شیخ الاسلام مولانا عبدالحمید نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں امریکہ کی طرف سے…

5 months ago

حالیہ غبن ’’حیران کن‘‘ اور ’’مایوس کن‘‘ ہے

شیخ الاسلام مولانا عبدالحمید نے آج (8 دسمبر 2023ء) کو زاہدان میں نماز جمعہ کی…

5 months ago

دنیا کی موجودہ صورت حال ایک “نئی جہاں بینی” کی متقاضی ہے

شیخ الاسلام مولانا عبدالحمید نے ایک دسمبر 2023ء کو زاہدان میں نماز جمعہ کی تقریب…

6 months ago