Categories: پاکستان

توہین شانِ رسالت کی مجرمہ سے اظہار ہمدردی درست نہیں تھا ،فضل الرحمن

کراچی (جنگ نیوز) جمعیت علماء اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ توہین شان رسالت کے قانون کو ”کالا قانون “ کہنا بے احتیاطی اور اس کی مجرمہ سے ہمدردی کرنا اور اُس کی رہائی کیلئے باتیں کرنا بھی اعتدال سے باہر کی صورت تھی اور ایسا کرنا درست نہیں تھا، دونوں طرف سے انتہا پسندانہ جذبات سامنے آنے سے اس طرح کے واقعات رونما ہوتے ہیں۔

اِن خیالات کا اظہار اُنہوں نے جیو نیوز کے پروگرام ”کیپٹل ٹاک“ میں میزبان حامد میر کے ساتھ گفتگو میں کیا۔
”گورنر پنجاب کی ہلاکت کے سیاست پر کیا اثرات مرتب ہوں گے“ کے موضوع پر ہونے والے اس مباحثے میں سابق وفاقی وزیر اعظم سواتی ، مسلم لیگ (ق) کے سینئر رہنما شیخ وقاص اکرم ، سینئر تجزیہ کار اور جیو نیوز کے اینکر محمد مالک شریک ہوئے۔ پروگرام کے دوران اسلام آباد میں جیو نیوز کے بیورو چیف رانا جواد نے ملزم کے حوالے سے تفصیلات بیان کرتے ہوئے بتایا کہ ملزم نے گورنر پنجاب کو 26 گولیاں ماریں، حیران کن بات یہ ہے کہ باقی سیکورٹی گارڈز نے اُنہیں گولیاں چلانے سے نہیں روکا اور نہ ہی ملزم پر اُس وقت گولیاں چلائیں، جب گورنر زمین پر گرگئے تو ملزم کو زمین پر لٹایا اور ہاتھ باندھ کر منتقل کردیا گیا۔
ملزم 1985ءء میں پنڈی میں پیدا ہوا 2003ءء میں پولیس فورس کو جوائن کیا، 2008ءء میں ایلیٹ پولیس کی تربیت لی اور وی آئی پی ڈیوٹی پر مامور ہوا، کچھ عرصہ قبل اُس نے اپنی ڈاڑھی منڈوالی تھی اور کچھ عرصے بعد واپس رکھ لی تھی، حیران کن بات یہ ہے کہ کسی نے اس بات پر غور نہیں کیا کہ اس کی ڈیوٹی ایسے شخص کے ساتھ لگائی جارہی ہے جن کے بیانات سے مذہبی جذبات بھڑک رہے ہیں، یہ تمام باتیں بہت سے سوالات جنم دیتی ہیں۔
پولیس کو دیئے جانے والے بیان میں ملزم نے کہا ہے کہ 3 دِن قبل اُس نے گورنر کو قتل کرنے کا ارادہ کرلیا تھا جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ اس کے پاس گورنر کی موومنٹ کا 3 دِن قبل ہی پلان موجود تھا۔
سعودی عرب میں موجود مولانا فضل الرحمان نے ٹیلیفون پر گفتگو کرتے ہوئے مزید کہا کہ ملک میں قانون اور عدالتیں موجود ہیں ، یہ تمام باتیں اُسی کو تفویض ہونی چاہئیں لہٰذا ایسے واقعات کی پہلے بھی مذمت کی اور آج بھی کرتے ہیں جبکہ رحمان ملک اپنے بیان میں کہہ چکے ہیں کہ یہ توہین شان رسالت کے قانون کو کالا قانون کہنے کا ردِعمل ہوسکتا ہے۔
نوازشریف کی پریس کانفرنس کے حوالے سے اُن کا کہنا تھا کہ نوازشریف نے جو بیان دیا ہے وہ عوامی دباؤ سے نکلنے کی کوشش ہے اور موجود ہ الٹی میٹم ہم آہنگی کے تحت لگتا ہے ۔ اُنہوں نے کہا کہ توہین شان رسالت کے احتجاج کے حوالے سے کمیٹی تشکیل دی گئی ہے جس کے سربراہ ڈاکٹر ابوالخیر ہیں اور آنے والے دِنوں میں احتجاج کرنے یا نہ کرنے کا فیصلہ وہی کریں گے تاہم گورنر کے قتل کے بعد جو نئی صورتحال پیدا ہوئی ہے اس حوالے سے مختلف جماعتوں کے ذمہ داران کو ملکر فیصلہ کرنا ہوگا۔
اعظم سواتی نے کہا کہ پیپلزپارٹی کے قائدین کیلئے موجودہ وقت انتہائی تکلیف دہ ہے، کسی بھی انسان کا قتل افسوسناک ہے، اسلامی نظریات کونسل کو فعال نہیں کیا گیا جس کی وجہ سے اس طرح کا واقعہ رونما ہوا۔
شیخ وقاص اکرم نے کہا کہ آج ہم کتنی ہی تنقید کرلیں گورنر پنجاب کو قتل کرنے والا شخص کل قوم کا ہیرو بن کر نکلے گا اور جمعے کے خطبات میں اس کی تعریفیں کی جائیں گی، شان رسالت میں توہین کرنے والے کے سامنے مسلمانوں کے جذبات کی حد ختم ہو جاتی ہے۔ جس معاشرے میں ہم رہتے ہیں اس میں واضح ہے کہ توہین شان رسالت کا جو مرتکب ہوگا وہ مارا جائے گا، اُس کا بچنا ہمارے معاشرے میں مشکل ہے۔
اُنہوں نے کہا کہ حیران ہیں کا لعدم جماعتوں کے لوگ سیکورٹی اداروں میں کس طرح ضم ہو چکے ہیں۔اُنہوں نے کہا کہ ملک میں تمام شخصیات ہٹ لسٹ پر ہیں ۔
محمد مالک نے کہا کہ گورنر کے قتل کیلئے کسی مستند عالم نے فتویٰ نہیں دیا، لیکن جب فتوے آرہے تھے تو کسی مستند عالم نے اس کی مذمت بھی نہیں کی، اب ڈر ہے کہ شیری رحمان کو بھی قتل نہ کردیا جائے ۔
پورے ملک میں ایک جنونی کیفیت طاری ہے ،ہم توہین شان رسالت اور توہین شان رسالت کے قانون میں فرق نہیں کر پارہے، یہ قانون انسان کا بنایا ہوا ہے جس پر دو آراء ہوسکتی ہیں، ہمارے ملک میں پڑھے لکھے اور مذہبی دونوں طبقات میں جہالت ہے۔
ایک سوال کے جواب میں اُنہوں نے کہا کہ گورنر پنجاب کے حوالے سے جہانگیر بدر، سردار لطیف کھوسہ کا نام چل رہا ہے ۔
modiryat urdu

Recent Posts

دارالعلوم مکی زاہدان کے استاد کو رہا کر دیا گیا

مولوی عبدالحکیم شہ بخش، دارالعلوم زاہدان کے استاد اور "سنی آن لائن" ویب سائٹ کے…

5 months ago

زاہدان میں دو دینی مدارس پر سیکورٹی حملے کے ردعمل میں دارالعلوم زاہدان کے اساتذہ کا بیان

دارالعلوم زاہدان کے اساتذہ نے زاہدان میں دو دینی مدارس پر سکیورٹی اور فوجی دستوں…

5 months ago

زاہدان میں دو دینی مدارس پر سکیورٹی فورسز کے حملے میں درجنوں سنی طلبہ گرفتار

سنی‌آنلاین| سیکورٹی فورسز نے آج پیر کی صبح (11 دسمبر 2023ء) زاہدان میں دو سنی…

5 months ago

امریکہ کی جانب سے غزہ جنگ بندی کی قرارداد کو ویٹو کرنا ایک “انسانیت سے دشمنی” ہے

شیخ الاسلام مولانا عبدالحمید نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں امریکہ کی طرف سے…

5 months ago

حالیہ غبن ’’حیران کن‘‘ اور ’’مایوس کن‘‘ ہے

شیخ الاسلام مولانا عبدالحمید نے آج (8 دسمبر 2023ء) کو زاہدان میں نماز جمعہ کی…

5 months ago

دنیا کی موجودہ صورت حال ایک “نئی جہاں بینی” کی متقاضی ہے

شیخ الاسلام مولانا عبدالحمید نے ایک دسمبر 2023ء کو زاہدان میں نماز جمعہ کی تقریب…

6 months ago