روس کے حق میں ووٹ، ’الحاق کی درخواست آج کروں گا‘

یوکرین کے نیم خودمختار علاقے کرائمیا میں حکام کا کہنا ہے کہ اتوار کو روس سے الحاق کے سوال پر ہونے والے ریفرینڈم میں 95.5 فیصد لوگوں نے اس کے حق میں ووٹ دیا ہے۔

حکام کا کہنا ہے کہ ابھی تک ڈالے گئے ووٹوں میں سے آدھے ووٹوں کی گنتی ہو سکی ہے۔
اس اعلان کے بعد کرائمیا کے رہنما نے کہا کہ وہ پیر کو کرائمیا کا روس کے ساتھ الحاق کی درخواست دیں گے۔
دوسری جانب روسی صدر ویلادیمر پوتن نے کہا ہے کہ وہ کرائمیا کے لوگوں کی رائے کا احترام کریں گے۔
کرائمیا کے وہ رہائشی جو کیئف کی حمایت کرتے ہیں انہوں نے اس ریفرینڈم کا باییکاٹ کیا جبکہ یورپی یونین اور امریکہ نے اس ریفرینڈم کو غیر قانونی قرار دیا ہے۔
کرائمیا کے عوام اس بات کا فیصلہ کرنے کے لیے ریفرینڈم میں حصہ لے رہے تھے کہ آیا یہ خطہ روس سے دوبارہ الحاق کر لے یا پھر مزید خودمختاری کے ساتھ یوکرین کا ہی حصہ رہے۔
اس ریفرینڈم کو مغربی ممالک اور یوکرین نے ’غیر قانونی‘ قرار دیا ہے جبکہ روس اس کی حمایت کر رہا ہے۔
ریفرینڈم کے لیے ووٹنگ کا آغاز مقامی وقت کے مطابق صبح آٹھ بجے ہوا اور یہ رات آٹھ بجے(برطانوی وقت کے مطابق شام چھ بجے) تک جاری رہی۔
کرائمیا میں پندرہ لاکھ افراد ووٹ ڈالنے کے اہل تھے۔
یوکرین میں روس نواز صدر وکٹر یونوکوچ کی حکومت کے خاتمے کے بعد سے نسلی اعتبار سے روسی اکثریت والے کرائمیا میں روسی فوج نے زمینی کنٹرول حاصل کر لیا ہے۔
یہ امید ظاہر کی جا رہی ہے کہ یہاں کے لوگ یوکرین کو چھوڑنے اور روس سے الحاق کے حق میں ووٹ دیں گے۔ کرائمیا کی تاتاری آبادی نے ریفرینڈم کا بائیکاٹ کیا۔
کرائمیا کے دارالحکومت سمفروپول اور تاتار اکثریت والے شہر بخش سرائے میں پولنگ مراکز پر بڑی تعداد میں لوگ ووٹ ڈالنے پہنچے تاہم بی بی سی نے جس تاتاری فرد سے بھی بات کی اس کا کہنا تھا کہ وہ ووٹنگ میں شریک نہیں ہوگا۔
بیلٹ پیپر پر عوام سے سوال کیا گیا ہے کہ کیا وہ کرائمیا کا روس سے الحاق چاہتے ہیں؟ ایک اور سوال میں یہ بھی دریافت کیا گیا ہے کہ آیا یوکرین میں سنہ 1992 کی آئینی شکل بحال ہونی چاہیے کیونکہ اس صورت میں خطے میں کو مزید خودمختاری مل سکتی ہے۔
اس خطے میں روسی نسل کے افراد کی اکثریت ہے اور ان میں سے بیشتر کے روس سے الحاق کے حق میں ووٹ دینے کی توقع ہے۔
کرائمیا کے روس نواز وزیراعظم سرگئی اکسیونوف نے ووٹ ڈالنے کے بعد انٹرفیکس نیوز ایجنسی سے بات کرتے ہوئے کہا ’جیسا کہ آپ دیکھ سکتے ہیں کہ لوگ آزادانہ طریقے سے ووٹ دے رہے ہیں۔ پولنگ مراکز میں کوئی مسائل نہیں ہیں اور مجھے نہیں دکھائی دے رہا کہ کسی پر دباؤ ڈالا جا رہا ہے۔‘
سواستوپول میں ایک مصروف پولنگ مرکز میں موجود ایک معمر خاتون نے ریفرینڈم پر بات کرتے ہوئے کہا کہ ’میں اپنے وطن روس جانا چاہتی ہوں۔ مجھے اپنی ماں سے ملے ایک طویل عرصہ ہوگیا۔‘
تاہم ایسے لوگ بھی موجود ہیں جو کرائمیا کو یوکرین کے ساتھ مگر مزید خودمختار صورت میں دیکھنا چاہتے ہیں۔ ایسے ہی ایک شخص سرہی رشتنک نے بی بی سی سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ’میرے خیال میں کرائمیا کے پاس مکمل خودمختاری ہونی چاہیے تاکہ وہ اپنے مالی معاملات کی خود دیکھ بھال کر سکے۔ میں تو آزادی کا حامی ہوں۔‘

بی بی سی اردو

 

 

 

modiryat urdu

Recent Posts

کوئی بھی «جنگ» کی تمنا نہ کرے / جنگ کی روک تھام حکام کے ہاتھ میں ہے

شیخ الاسلام مولانا عبدالحمید نے جمعہ بیس فروری کو زاہدان کی نماز جمعہ کے اجتماع…

3 months ago

جنوری کے واقعات کا کوئی جواز نہیں؛ حکام جواز پیش کرنے کے بجائے عوام سے معافی مانگیں اور ان کے مطالبات تسلیم کریں

جنوری کے واقعات کا کوئی جواز نہیں؛ حکام جواز پیش کرنے کے بجائے عوام سے…

4 months ago

ایرانی عوام نے سن 1979ء میں “انصاف” اور “بہتر زندگی” کے حصول کے لیے انقلاب کیا

ایرانی عوام نے سن 1979ء میں “انصاف” اور “بہتر زندگی” کے حصول کے لیے انقلاب…

4 months ago

جنگ روکنے کا بہترین راستہ: ایرانی قوم کے مطالبات کو تسلیم کیا جائے

جنگ روکنے کا بہترین راستہ: ایرانی قوم کے مطالبات کو تسلیم کیا جائے

4 months ago

ایران میں حالیہ احتجاجات میں ہلاکتوں کی بڑی تعداد نے ایران کے عوام اور دنیا کو ’’حیرت زدہ اور مبہوت‘‘ کر دیا

ایران میں حالیہ احتجاجات میں ہلاکتوں کی بڑی تعداد نے ایران کے عوام اور دنیا…

4 months ago

حالیہ احتجاجات میں عوام کے قتلِ عام کی مذمت اور شہداء کے خاندانوں سے ہمدردی کا اظہار کرتے ہیں

حالیہ احتجاجات میں عوام کے قتلِ عام کی مذمت اور شہداء کے خاندانوں سے ہمدردی…

5 months ago