اغواکاری اور بدامنی پھیلانا ایرانی اہل سنت کے ساتھ جفاہے

ایران کی سنی برادری کے سرکردہ رہنما شیخ الاسلام مولانا عبدالحمید نے ہرقسم کی بدامنی اور اغواکاری کی مذمت کرتے ہوئے ایسی حرکتوں کو سنی برادری کے ساتھ جفا قراردیا جس سے پوری قوم کا نقصان ہوتاہے۔

چودہ فروری دوہزار چودہ کو صوبہ سیستان بلوچستان کے صدرمقام زاہدان میں خطبہ جمعہ دیتے ہوئے خطیب اہل سنت نے ایران وپاکستان کی سرحد پر بعض اہلکاروں کے اغوا پر برہمی کااظہار کرتے ہوئے کہا: کسی بھی حال میں اور خاص کر موجودہ حالات کے تناظر میں اہل سنت کے نام پر بدامنی پھیلانا ناقابل قبول ہے۔ اب قوم کی مختلف اکائیوں نے اعتماد و امید کا اظہارکیاہے اور سب کو روشن مستقبل نظر آرہاہے، ایسے میں سکیورٹی اہلکاروں کو اغوا کرنا درست اقدام نہیں ہوسکتا۔اغواکاری کسی بھی حال میں اچھا کام نہیں ہے۔ اس سے صوبے کی معیشت مزیدکمزور پڑے گی اور سرمایہ کار یہاں سرمایہ کاری سے گھبرائیں گے۔

انہوں نے مزیدکہا: ایران کی سنی برادری ہرگز بدامنی کے حق میں نہیں ہے اور بم دھماکوں سمیت ہرقسم کے تشدد کو جفااور ظلم سمجھتی ہے۔ اہل سنت کی نظر میں ایسے کام قابل مذمت ہیں۔ ملک میں حالات بدل چکے ہیں اور اب مکالمہ ومذاکرات سے مسائل حل کرنے کی کوشش کرنی چاہیے۔

ایران میں’مناسب سیاسی فضا‘ پر رضامندی کا اظہار کرتے ہوئے ممتاز سنی عالم دین نے کہا: خیرخواہی سے میں تمام مسلح مخالفین سے درخواست کرتاہوں ایسی حرکتوں سے بازآئیں اور مغوی اہلکاروں کو رہا کریں۔ بندہ آپ کا ناصح وخیرخواہ ہے اور میں اپنے مخالفین کی بھی بھلائی چاہتاہوں۔ میں اپنی پوری قوم کی کامیابی وسعادت کی راہ پر چلتاہوں۔ ملک میں اب حالات بدل چکے ہیں؛ مخالفین کی بات سنی جاتی ہے اور مکالمے کی فضا ملک میں قائم ہے۔ آپ دنیا کے کسی بھی کونے سے حکام سے بات چیت کرسکتے ہیں۔ لیکن ہرگز یہاں بدامنی نہ پھیلائیں۔

مولانا عبدالحمید نے مزیدکہا: الحمدللہ اب ملکی حالات کافی بہترہیں؛ عوام میں سیاسی شعور پیدا ہوچکاہے۔ لوگ اب اچھے اور برے کی تفریق کرسکتے ہیں اور حالات پر تبصرہ کرتے ہیں۔ نئی حکومت سرمایہ کاروں کی حمایت پر کمربستہ ہے۔ یہ حکومت بے روزگاری کے خاتمے اور مہنگائی پر قابو پانے کی محنت کررہی ہے۔ اسی لیے ہم اپنے صوبے اور ملک کے مستقبل پر پرامیدہیں۔

انہوں نے ایران کے نیوکلیئر پروگرام پر عالمی طاقتوں کے ساتھ معاہدے کو درست قرار دیتے ہوئے کہا: اس پروگرام کی وجہ سے عوام کافی مسائل سے دوچار ہوچکے تھے۔ اب دنیا کو معلوم ہوچکی ہے ایران نیوکلیئر ہتھیار نہیں بلکہ انرجی اور طاقت کے حصول کے درپے ہے۔ پرامن نیوکلیئر طاقت ایرانی قوم کا مسلمہ حق ہے۔ کوئی طاقت ہمیں اس حق سے محروم نہیں کرسکتی۔

عالمی اتحادبرائے علماءمسلمین کے رکن نے ’امتیازی رویے‘ اور ’اقوام ومذاہب کو ان کاجائز مقام دینے‘ کو نئی حکومت کااپروچ قرار دیتے ہوئے کہا: نئی حکومت کا وعدہ ہے ایران کے تمام شہریوں سے رویہ پہلے درجے کے شہریوں جیسا ہوگا اور قانون کا مکمل نفاذ ہوجائے گا۔ امیدہے امتیازی سلوک اور پالیسیوں کا خاتمہ کرکے قوم کے اہل اور لائق افراد کی صلاحیتوں سے کام لیاجائے، اس سلسلے میں کسی کے مسلک، مذہب اور قومیت کومدنظر رکھنے کے بجائے اس کی صلاحیت دیکھی جائے۔ پائیدارامن اور قومی اتحاد اسی صورت میں حاصل ہوگا۔

جن شہریوں کے شناختی کارڈ نہیں ان کا مسئلہ حل کیاجائے
ایرانی سیستان بلوچستان کے ممتاز عالم دین نے متعددشہریوں کے گھمبیر مسئلے کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا: ماضی میں ہزاروں شہریوں نے بوجوہ شناختی کارڈ حاصل نہیں کیے اور بعض دوسرے لوگوں کی شناخت اور شہریت ’مشکوک‘ قرار دی جاچکی ہے۔ بعض لوگ ایران کے شہری ہونے کے باوجود معاشرتی وشہری خدمات سے محروم قرار دیے جاچکے ہیں۔ اکثر کارروائیاں بھی غلط اور ذاتی دشمنیوں پر مبنی رپورٹس کے بنا پر کی گئی ہیں۔ لہذا متعلقہ حکام جلداز جلد ایسے لوگوں کا مسئلہ حل کریں۔

اس سلسلے میں مولانا نے پولیس کے رویے پر تنقید کرتے ہوئے کہا: بعض اوقات شناختی کارڈ نہ ہونے کہ وجہ سے بچوں اور خواتین کو کسی محرم کے بغیر مہاجر کیمپوں میں لے جایاتاہے۔ اسلامی شریعت کی روسے ایسا کرنا جائز نہیں۔

محکمہ جنگلات سے درخواست کرتے ہوئے مولانا نے کہا: متعدد شکایات موصول ہورہی ہیں کہ محکمہ جنگلات کی طرف سے گاوں اور بستیوں میں گھر تعمیر کرنے کی اجازت نہیں دی جاتی ہے۔ شہر کے آس پاس بنائے گئے بعض گھروں کو مسمار بھی کیاجاچکاہے۔ یہاں بہت سارے تاریخی مکانات اور کنویں موجود ہیں، مگر کسی دستاویز کے بغیر؛ حکام کو چاہیے عوام کا خیال رکھیں اور اجازت دینے میں نرمی کا معاملہ کریں۔

اپنے خطاب کے آخر میں مولانا نے حاضرین سے درخواست کی نکاح سمیت ہر کام کو متعلقہ اداروں اور محکموں میں رجسٹر ڈ کرائیں تاکہ بعد میں کسی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

 

 

 

modiryat urdu

Recent Posts

کوئی بھی «جنگ» کی تمنا نہ کرے / جنگ کی روک تھام حکام کے ہاتھ میں ہے

شیخ الاسلام مولانا عبدالحمید نے جمعہ بیس فروری کو زاہدان کی نماز جمعہ کے اجتماع…

3 months ago

جنوری کے واقعات کا کوئی جواز نہیں؛ حکام جواز پیش کرنے کے بجائے عوام سے معافی مانگیں اور ان کے مطالبات تسلیم کریں

جنوری کے واقعات کا کوئی جواز نہیں؛ حکام جواز پیش کرنے کے بجائے عوام سے…

4 months ago

ایرانی عوام نے سن 1979ء میں “انصاف” اور “بہتر زندگی” کے حصول کے لیے انقلاب کیا

ایرانی عوام نے سن 1979ء میں “انصاف” اور “بہتر زندگی” کے حصول کے لیے انقلاب…

4 months ago

جنگ روکنے کا بہترین راستہ: ایرانی قوم کے مطالبات کو تسلیم کیا جائے

جنگ روکنے کا بہترین راستہ: ایرانی قوم کے مطالبات کو تسلیم کیا جائے

4 months ago

ایران میں حالیہ احتجاجات میں ہلاکتوں کی بڑی تعداد نے ایران کے عوام اور دنیا کو ’’حیرت زدہ اور مبہوت‘‘ کر دیا

ایران میں حالیہ احتجاجات میں ہلاکتوں کی بڑی تعداد نے ایران کے عوام اور دنیا…

4 months ago

حالیہ احتجاجات میں عوام کے قتلِ عام کی مذمت اور شہداء کے خاندانوں سے ہمدردی کا اظہار کرتے ہیں

حالیہ احتجاجات میں عوام کے قتلِ عام کی مذمت اور شہداء کے خاندانوں سے ہمدردی…

5 months ago