Categories: مشرق وسطی

قاہرہ:مصر میں شریعت کے نفاذ کے حق میں مظاہرے

مصر کے دارالحکومت قاہرہ میں ہزاروں افراد نے ملک کے مجوزہ آئین میں اسلامی شریعت کوقانون سازی کا بنیادی مآخذ قرار دلوانے کے لیے نماز جمعہ کے بعد مظاہرہ کیا ہے۔

قاہرہ کے مشہور التحریر چوک میں ہزاروں افراد نے مسلسل دوسرے جمعہ کو جمع ہو کر ریلی نکالی۔اس موقع پرانھوں اسلامی قانون کے نفاذ کے لیے زبردست نعرے بازی کی۔وہ کہہ رہے تھے کہ مصری عوام اللہ کے قانون کا نفاذ چاہتے ہیں اور اللہ کی آخری الہامی کتاب قرآن مجید آئین سے بالاتر ہے۔

مظاہرین نے کتبے اور پلے کارڈ اٹھا رکھے تھے۔ان میں سے ایک پر لکھا تھا:”روٹی ،آزادی اور شریعت”۔واضح رہے کہ گذشتہ سال تحریر چوک میں سابق صدر حسنی مبارک کے خلاف احتجاجی مظاہروں کے دوران بھی یہی الفاظ دہرائے جاتے رہے تھے لیکن اب اس وقت کے ایک نعرے یا اصطلاح ”سماجی اصلاحات” کی جگہ شریعت نے لی ہے۔

اس مظاہرے کا اہتمام راسخ العقیدہ چھوٹے اسلامی گروپوں نے کیا تھا اور سلفیوں کی جماعت حزب النور اور ملک کی سب سے منظم اور بڑی جماعت اخوان المسلمون نے اس میں حصہ نہ لینے کا اعلان کیا تھا۔

واضح رہے کہ اس وقت مصر کی ایک سو ارکان پر مشتمل دستور ساز اسمبلی(کونسل) ملک کا نیا آئین ترتیب دے رہی ہے۔اس اسمبلی میں اسلامی جماعتوں کو بالادستی حاصل ہے۔نئے آئین کو 1971ء کے آئین کی جگہ نافذ کیا جائے گا۔اس کو گذشتہ سال مصر کی مسلح افواج کی سپریم کونسل نے سابق صدر حسنی مبارک سے اختیارات سنبھالنے کے بعد معطل کردیا تھا۔

مصر کے اس پرانے آئین میں کہا گیا تھا کہ ”شریعت کے اصول” قانون سازی کا بنیادی مآخذ ہوں گے لیکن اب راسخ العقیدہ مسلمان یہ کہہ رہے ہیں کہ نئے آئین میں صرف شریعت کا لفظ لکھا جائے کہ وہ قانون سازی کا بنیادی مآخذ ہوگی کیونکہ ان کے بہ قول شریعت کے اصول کی اصطلاح سے ابہام پیدا کرنے کی کوشش کی جاتی رہی ہے۔

دوسری جانب مصر کے آزاد خیال (لبرلز)، سیکولرسٹ اور قبطی چرچ نے اس موقف کو مسترد کردیا ہے۔قبطی چرچ کے نئے پوپ تواضروس دوم نے اپنے انتخاب کے ایک روز بعد گذشتہ سوموار کو ایک بیان میں کہا تھا کہ ”ایسا آئین جس میں مصر میں ایک مذہبی ریاست کے نفاذ کا اشارہ دیا گیا ہو تو ہم اس کو مسترد کرتے ہیں”۔

صدر محمد مرسی یہ کہہ چکے ہیں کہ نئے آئین میں شریعت کا حوالہ ہوگا لیکن اس اصطلاح پر سمجھوتا کیا جا سکتا ہے۔اکتوبر میں مصر کی ایک اعلیٰ عدالت نے بھی مجوزہ آئین میں شریعت کی بالادستی کے حوالے سے اپنی مخالفت کا اظہار کیا تھا۔
قاہرہ
العربیہ ڈاٹ نیٹ،ایجنسیاں

modiryat urdu

Recent Posts

کوئی بھی «جنگ» کی تمنا نہ کرے / جنگ کی روک تھام حکام کے ہاتھ میں ہے

شیخ الاسلام مولانا عبدالحمید نے جمعہ بیس فروری کو زاہدان کی نماز جمعہ کے اجتماع…

3 months ago

جنوری کے واقعات کا کوئی جواز نہیں؛ حکام جواز پیش کرنے کے بجائے عوام سے معافی مانگیں اور ان کے مطالبات تسلیم کریں

جنوری کے واقعات کا کوئی جواز نہیں؛ حکام جواز پیش کرنے کے بجائے عوام سے…

4 months ago

ایرانی عوام نے سن 1979ء میں “انصاف” اور “بہتر زندگی” کے حصول کے لیے انقلاب کیا

ایرانی عوام نے سن 1979ء میں “انصاف” اور “بہتر زندگی” کے حصول کے لیے انقلاب…

4 months ago

جنگ روکنے کا بہترین راستہ: ایرانی قوم کے مطالبات کو تسلیم کیا جائے

جنگ روکنے کا بہترین راستہ: ایرانی قوم کے مطالبات کو تسلیم کیا جائے

4 months ago

ایران میں حالیہ احتجاجات میں ہلاکتوں کی بڑی تعداد نے ایران کے عوام اور دنیا کو ’’حیرت زدہ اور مبہوت‘‘ کر دیا

ایران میں حالیہ احتجاجات میں ہلاکتوں کی بڑی تعداد نے ایران کے عوام اور دنیا…

4 months ago

حالیہ احتجاجات میں عوام کے قتلِ عام کی مذمت اور شہداء کے خاندانوں سے ہمدردی کا اظہار کرتے ہیں

حالیہ احتجاجات میں عوام کے قتلِ عام کی مذمت اور شہداء کے خاندانوں سے ہمدردی…

5 months ago