Categories: مشرق وسطی

کوفی عنان کا مستعفی ہونے کا اعلان، شام میں لڑائی جاری

نیویارک(ڈی ڈبلیو) اقوام متحدہ کے سابق سیکرٹری جنرل کوفی عنان نے شام کے لیے خصوصی مندوب کے عہدے سے مستعفی ہونے کا اعلان کر دیا ہے۔ ادھر شام میں تشدد کا سلسلہ جاری ہے اور گزشتہ روز بھی مزید کم ازکم پچاس افراد ہلاک کر دیے گئے۔
اقوام متحدہ اور عرب لیگ کے شام کے لیے خصوصی مندوب کوفی عنان نے نیو یارک میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہےکہ شام کے حوالے سے سلامتی کونسل میں مستقل اختلافات کی وجہ سے وہ اپنا کام جاری نہیں رکھ سکتے۔ انہوں نے شام کی بگڑتی ہوئی صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ صدر بشار الاسد یا ان کی اپوزیشن کو کسی سیاسی حل پر مجبور کرنا ناممکن ہوتا جا رہا ہے۔
واضح رہے کہ سلامتی کونسل کے ایماء پر ہی شام میں صدر بشار الاسد اور اپوزیشن کے مابین مصالحت کی غرض سے نوبل امن انعام یافتہ کوفی عنان کو فروری میں خصوصی مندوب نامزد کیا گیا تھا۔ تاہم بعد میں شام میں قیام امن کے لیے پیش کی جانے والی تجاویز پر سلامتی کونسل میں اختلافات پیدا ہونے شروع ہو گئے۔ چین اور روس کی جانب سے شام کے حوالے سے پیش کی جانے والی تین قراردادوں کو ویٹو کیا جا چکا ہے۔
اس صورتحال میں اپنے عہدے سے الگ ہونے کا اعلان کرتے ہوئے کوفی عنان نے زور دیا کہ شام میں قیام امن کے لیے عالمی برادری کا متحد ہونا ناگزیر ہے ورنہ شام مزید تباہی کی طرف جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جلد یا بدیر شامی صدر بشار الاسد کو اقتدار سے الگ ہونا پڑے گا۔ انہوں نے امریکی اور روسی صدور پر زور دیا کہ وہ شام کے حوالے سے اپنے اختلافات دور کرتے ہوئے اس ملک کو بدترین خانہ جنگی سے بچا لیں۔
کوفی عنان کے چھ نکاتی پروگرام کے تحت شام میں فائر بندی کے معاہدے کی نگرانی کرنے کے لیے اپریل میں تین سو امن مبصرین بھی تعینات کیے گئے تھے۔ تاہم بعد ازاں شامی صدر کی حامی افواج اور باغیوں کے مابین مسلح تصادم شروع ہو گیا اور فائر بندی کے اس معاہدے پر عملدرآمد نہ ہو سکا۔
اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل بان کی مون نے جمعرات کو نیویارک میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کوفی عنان کے استعفے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ عنان اپنے عہدے کی مدت میں توسیع نہیں چاہتے۔
بان کی مون نے کہا کہ کوفی عنان نے انہیں اور عرب لیگ کے سیکرٹری جنرل  نبیل العربی کو اپنے استعفے سے مطلع کر دیا ہے۔ بان کی مون نے کہا کہ اقوام متحدہ کی کوشش ہے کہ وہ جلد ہی کسی دوسری شخصیت کو ان ذمہ داریوں کے لیے منتخب کر لے۔ گزشتہ چھ ماہ سے اس عہدے پر تعینات کوفی عنان اکتیس اگست کو اس عہدے سے الگ ہو جائیں گے۔
امریکا نے کوفی عنان کے استعفے پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ  اس سے ظاہر ہو گیا ہے کہ روس اور چین شامی صدر بشار الاسد کے خلاف مناسب کارروائی میں تعاون کرنے میں ناکام ہو گئے ہیں۔
ادھر شامی شہر حلب میں قبضے کے لیے ملکی فوج اور باغیوں کے مابین لڑائی کا سلسلہ جاری ہے۔ خبر رساں ادارے اے پی نے ذرائع کے حوالے سے بتایا ہے کہ جمعرات کو باغیوں نے ٹینکوں کے ساتھ حکومتی ایئر بیس پر حملہ کیا۔ بتایا گیا ہے کہ باغیوں نے یہ ٹینک حکومتی دستوں سے ہی چھینے تھے۔
دوسری طرف خبر رساں ادارے روئٹرز نے بتایا ہے کہ حماء میں گزشتہ روز ملکی فوج کی ایک کارروائی کے نتیجے میں کم ازکم پچاس افراد ہلاک ہو گئے۔ ہلاک شدگان میں اکیس افراد کا تعلق ایک ہی گھرانے سے تھا۔ ذرائع ابلاغ کے مطابق حلب، حماء اور دمشق کے علاوہ دیگر  کئی علاقوں میں بھی باغیوں اور ملکی فوج کے مابین جھڑپیں جاری ہیں۔

modiryat urdu

Recent Posts

ایرانی عوام شدید ترین مہنگائی کا سامنا کر رہے ہیں؛ حکومت، پارلیمان اور نظامِ حاکمیت عوام کے معاشی حالات پر توجہ دیں

ایرانی عوام شدید ترین مہنگائی کا سامنا کر رہے ہیں؛ حکومت، پارلیمان اور نظامِ حاکمیت…

2 days ago

خراسان کے اہلِ سنت کا بارہواں فقہی اجلاس منعقد ہوا

خراسان کے اہلِ سنت کا بارہواں فقہی مشاورتی اجلاس جمعرات کی صبح، 22 اکتوبر 2026ء…

2 days ago

حجاب اور اسرائیل کے معاملے پر اختلافات، ترکیہ آذربائیجان کے درمیان بڑھتی دوریاں

ترکیہ اور آذربائیجان کے درمیان دیرینہ دوستانہ تعلقات میں تناؤ بڑھنے لگا ہے۔

6 days ago

فرانس میں مہنگائی کے خلاف پرتشدد احتجاج جاری، وزیراعظم کی کرفیو لگانے کی تجویز

فرانس کے وزیرِاعظم سیباستیان لیکورنو نے پیر کے روز مختلف علاقوں میں محدود پیمانے پر…

6 days ago

خطے میں کشیدگی؛ فیلڈ مارشل اہم دورے پر تہران پہنچ گئے

فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اہم دورے پر ایرانی دارالحکومت تہران پہنچ گئے۔

6 days ago

جمہوریہ آذربائیجان کے اسکولوں میں حجاب پر پابندی جمہوریت کے اصولوں کے خلاف ہے؛ صدرِ آذربائیجان اپنا حکم واپس لیں

جمہوریہ آذربائیجان کے اسکولوں میں حجاب پر پابندی جمہوریت کے اصولوں کے خلاف ہے؛ صدرِ…

1 week ago