- سنی آن لائن - https://sunnionline.us/urdu -

ڈاکٹر ماہ رنگ بلوچ کو انسانی حقوق کے عالمی اعزاز ’ایڈلسٹام پرائز 2026‘ سے نواز دیا گیا

بلوچ یکجہتی کمیٹی (بی وائی سی) نے اعلان کیا ہے کہ تنظیم کی مرکزی آرگنائزر ڈاکٹر ماہ رنگ بلوچ کو بلوچستان میں جبری گمشدگیوں اور ماورائے عدالت قتل کے متاثرین کے لیے ان کی جرات مندانہ اور پُرامن جدوجہد کے اعتراف میں سال 2026 کے عالمی اعزاز ’ایڈلسٹام پرائز‘ (Edelstam Prize 2026) سے نوازا گیا ہے۔
بی وائی سی کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ ڈاکٹر ماہ رنگ بلوچ کو یہ اعزاز ایک ایسے وقت میں دیا گیا ہے جب بلوچ قوم نسل کشی کا سامنا کر رہی ہے، اور انہوں نے سچ اور انصاف کے حصول کے لیے پُرامن تحریک کی قیادت کی۔
بیان میں ڈاکٹر ماہ رنگ بلوچ کی جدوجہد کا پس منظر بیان کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ 2009 میں جب ان کے والد کو جبری طور پر لاپتہ کیا گیا تو وہ کم سن تھیں، جبکہ 2011 میں ان کے والد کو قتل کر دیا گیا۔ بعد ازاں 2017 میں ان کے بھائی کو بھی جبری گمشدگی کا نشانہ بنایا گیا۔
بی وائی سی کے مطابق انہوں نے اسی ذاتی کرب اور المیے سے ایک منظم عوامی تحریک کی بنیاد رکھی۔ انہوں نے 2023 میں اسلام آباد کی جانب تاریخی بلوچ لانگ مارچ اور 2024 میں گوادر میں ’بلوچ راجی مچی‘ (بلوچ قومی اجتماع) کی قیادت میں کلیدی کردار ادا کیا، اور پُرامن دھرنوں، مارچز اور مہمات کے ذریعے لاپتہ افراد کے ہزاروں خاندانوں کی آواز بنیں۔
بلوچ یکجہتی کمیٹی کے مطابق اس عالمی ایوارڈ کا فیصلہ کیرولین ایڈلسٹام (Caroline Edelstam) کی سربراہی میں قائم ایک بین الاقوامی جیوری نے کیا، جس میں نوبیل امن انعام یافتہ شخصیت، بین الاقوامی فوجداری عدالت (آئی سی سی) کے سابق چیف پراسیکیوٹر اور اقوامِ متحدہ کے سابق خصوصی نمائندہ (UN Special Rapporteur) شامل ہیں۔
بیان میں کہا گیا کہ دنیا نے آج اس حقیقت کو تسلیم کر لیا ہے جسے بلوچ عوام ہمیشہ سے جانتے تھے کہ ڈاکٹر ماہ رنگ بلوچ مجرم نہیں بلکہ انسانی حقوق کی محافظ ہیں۔
تنظیم نے اس امر پر شدید تشویش کا اظہار کیا کہ ڈاکٹر ماہ رنگ بلوچ خود اپنا ایوارڈ وصول کرنے سے قاصر ہیں۔
بیان کے مطابق پاکستانی ریاست نے انہیں مارچ 2025 سے قید کر رکھا ہے اور ہدہ جیل کے اندر چلائے گئے ایک یکطرفہ اور غیر شفاف ٹرائل کے بعد من گھڑت الزامات کے تحت دو مرتبہ عمر قید کی سزا سنائی ہے۔
بی وائی سی نے مزید کہا کہ تنظیم کے دیگر رہنما صبغت اللہ شاہ جی، بیبو بلوچ، گلزادی بلوچ اور بیبرگ زہری بھی تاحال جیلوں میں قید ہیں۔
بی وائی سی کے مطابق یہ ایوارڈ 3 دسمبر 2026 کو سویڈن کے دارالحکومت اسٹاک ہوم کے ’ہاؤس آف نوبیلٹی‘ (House of Nobility) میں منعقدہ تقریب میں پیش کیا جائے گا، جہاں قید رہنما بیبو بلوچ کے بھائی میر بلخ شیر ڈاکٹر ماہ رنگ بلوچ کی جانب سے یہ ایوارڈ وصول کریں گے، جبکہ 4 دسمبر کو ان کے مقدمے اور صورتِ حال پر ایک خصوصی سیمینار بھی منعقد ہوگا۔
بیان کے آخر میں بلوچ یکجہتی کمیٹی نے اس اعزاز کو ہر اس بلوچ ماں کے نام منسوب کیا جو آج بھی اپنے لاپتہ بچے کی واپسی کی منتظر ہے۔ تنظیم نے ڈاکٹر ماہ رنگ بلوچ اور بی وائی سی کے تمام اسیر رہنماؤں کی فوری اور غیر مشروط رہائی کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ ریاست ہمارے رہنماؤں کو قید کر سکتی ہے لیکن سچ کو قید نہیں کیا جا سکتا۔

ایڈلسٹام ایوارڈ میرا نہیں بلکہ بلوچ تحریک سے وابستہ ہر ماں، بہن اور متاثرہ خاندان کا اعزاز ہے، ڈاکٹر ماہ رنگ
بلوچ یکجہتی کمیٹی (بی وائی سی) کی سربراہ ڈاکٹر ماہ رنگ بلوچ نےجو بلوچستان کے مرکزی شہر کوئٹہ کی ہدہ جیل میں جھوٹے مقدمات کی بنیاد پر قید ہیں اور ان کی اسیری کو تقریباً دو سال ہونے کو ہیںعالمی اعزاز ’ایڈلسٹام ایوارڈ 2026‘ ملنے پر جیل سے اپنا تفصیلی پیغام جاری کر دیا ہے۔

25 نومبر 2026 کو ہدہ جیل کوئٹہ سے تحریر کیے گئے اپنے بیان میں ڈاکٹر ماہ رنگ بلوچ نے کہا کہ آج جب وہ یہ پیغام لکھ رہی ہیں، ان کے لوگ ایک ایسے دور سے گزر رہے ہیں جہاں سچائی کے ساتھ سانس لینا اور اپنے وجود و شناخت کو برقرار رکھنا ایک جرم بن گیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہر روز ان کی سرزمین پر انسانی وجود دم توڑ رہا ہے اور جبری گمشدگیوں، ماورائے عدالت قتل اور جبری بے دخلی کے ذریعے بلوچوں سے اپنی سرزمین پر زندہ رہنے کا حق چھینا جا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں ریاستی ادارے انسانی حقوق کے تحفظ کے بجائے ظلم، جبر اور انسانی وجود کو کچلنے کا ذریعہ بن چکے ہیں۔ ڈاکٹر ماہ رنگ بلوچ نے عدلیہ اور قانون کی غیر جانب داری پر بھی سنگین سوالات اٹھاتے ہوئے کہا کہ کس طرح ’فیس لیس ٹرائل‘ (غیر شفاف عدالتی کارروائی) کے ذریعے انہیں سزائیں سنائی گئیں اور سرکاری وکیلوں و ججوں کو انصاف کے قتل پر مراعات ملتی رہیں۔

ایڈلسٹام ایوارڈ کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ایسے حالات میں یہ اعزاز محض ایک ایوارڈ نہیں بلکہ بلوچستان کی ان آوازوں کی سچائی کا گواہ ہے جنہیں مسلسل خاموش کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ انہوں نے ایوارڈ کے منتظمین اور جیوری کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے بلوچ تحریک اور بلوچستان میں انسانی حقوق کی پامالیوں کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے کے لیے اس اعزاز کا انتخاب کیا۔

ڈاکٹر ماہ رنگ بلوچ نے اس اعزاز کو اپنا ذاتی اعزاز قرار دینے کے بجائے بلوچ تحریک سے وابستہ ہر خاندان، ہر سیاسی کارکن، ہر ماں، ہر بہن اور ہر اس شخص کے نام منسوب کیا جس نے تمام تر ظلم، جبر، گرفتاریوں اور ریاستی دباؤ کے باوجود پُرامن سیاسی جدوجہد پر اپنا یقین برقرار رکھا، اور اپنے پیاروں کو کھونے اور گھروں سے بے دخل ہونے کے باوجود انصاف اور برابری کے مطالبے سے دستبردار نہیں ہوئے۔

عالمی صورتِ حال پر بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ آج دنیا ریاستوں کی کشمکش، جنگوں، قبضوں اور سیاسی و معاشی مفادات کی قیمت انسانی جانوں کی صورت میں ادا کر رہی ہے، اور فلسطین سے بلوچستان تک عام شہری اس طاقت کی سیاست کا سب سے بڑا نشانہ بن رہے ہیں۔ انہوں نے عالمی سول سوسائٹی، انسانی حقوق کی تنظیموں، دانشوروں اور باشعور شہریوں پر زور دیا کہ وہ انسانی حقوق کے تحفظ کو تمام ریاستی اور سیاسی مفادات سے بالاتر رکھیں، کیونکہ انسانی حقوق کسی ریاست کی عطا کردہ رعایت نہیں بلکہ ہر انسان کا بنیادی حق ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ تحریک کو ملنے والی عالمی پذیرائی اس بات کی غمازی کرتی ہے کہ بلوچستان کے عوام کی آواز کو بین الاقوامی سطح پر سنا اور سمجھا جا رہا ہے۔ ان کے مطابق ریاستی بیانیے اور پروپیگنڈے کے مقابلے میں حقائق کو سامنے لانا، بلوچ نسل کشی اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر سوال اٹھانا، اور متاثرہ خاندانوں کی آواز کو عالمی سطح پر جگہ دینا آج پہلے سے کہیں زیادہ ضروری ہے۔

اپنے پیغام کے آخر میں ڈاکٹر ماہ رنگ بلوچ نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ کسی بھی تحریک کی کامیابی مشکلات کے باوجود اپنے بنیادی اصولوں اور مقاصد پر قائم رہنے میں ہوتی ہے، اس لیے سیاسی جدوجہد جاری رکھنی ہوگی کیونکہ ایک منصفانہ مستقبل کی تعمیر کے لیے جدوجہد کے سوا کوئی راستہ نہیں۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ یہ عالمی اعزاز بلوچستان میں انسانی حقوق کی صورتِ حال پر دنیا کی مزید توجہ مبذول کرائے گا اور ایک ایسے مستقبل کی راہ ہموار کرے گا جہاں انصاف کے لیے کسی کو جان قربان نہ کرنی پڑے اور کسی خاندان کو اپنے پیاروں کی واپسی کا برسوں انتظار نہ کرنا پڑے۔