امریکا میں ڈیموکریٹس کی نیلی سونامی۔۔۔ آمرانہ حکمرانوں کے لیے ایک انتباہ تاریخ کی گواہی یہ ہے کہ جمہوریت جب خود کو ثابت کرنے پر تُل جائے، یا پلٹ کر وار کرے تو پھر ’’عام انتخابات‘‘ محض حکومتیں نہیں بدلتے، بلکہ وہ اقتدار کے نشے میں مست حکمرانوں کو ان کی اصل حیثیت یاد دلاتے ہیں، سیاسی طاقت کے گرد قائم کیے گئے ناقابلِ شکست ہونے کا تاثر پاش پاش کرتے ہیں اور ثابت کرتے ہیں کہ آخری فیصلہ بہرحال عوام ہی کا ہوتا ہے۔
امریکا کے حالیہ وسط مدتی انتخابات نے کچھ ایسا ہی کر دکھایا ہے۔ سیاسی منظر نامہ تبدیل کرنے والے اس عوامی فیصلے کو امریکی میڈیا ’’نیلی سونامی‘‘ قرار دے رہا ہے۔
ڈیموکریٹس کی شاندار کامیابی اور کانگریس کے دونوں ایوانوں میں اکثریت نے ڈونلڈ ٹرمپ کی اس خوش فہمی کو شدید دھچکا پہنچایا ہے کہ انہیں شکست دینا تقریباً ناممکن ہے۔ میگا (MAGA) تحریک کے وہ تمام رہنما اور حامی، جن کا خیال تھا کہ وہی امریکی عوام کی حقیقی اور واحد آواز ہیں، انہیں ایک تلخ اور چونکانے والی حقیقت کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ حد تو یہ ہے کہ اس بار ریپبلکن کو اُن ریاستوں میں بھی شکست کا منہ دیکھنا پڑا، جو کئی دہائیوں سے اُن کا سیاسی قلعہ سمجھی جاتی تھیں۔ اس سے بھی عبرتناک بات یہ کہ ٹرمپ کے بعض روایتی حامی بھی حریفوں کی صف میں شامل ہوگئے ہیں۔
تاہم اس نیلی سونامی کی اہمیت محض ایک صدر یا اس کی جماعت کی شکست تک محدود نہیں۔ یہ اس حقیقت کی یاد دہانی بھی ہے کہ ایک ایسی دنیا میں، جہاں آمریت، مذہبی قوم پرستی، نسلی برتری اور عدم برداشت کی سیاست تیزی سے فروغ پا رہی ہے، وہاں جمہوریت، خصوصاً سیکولر جمہوریت، کیوں ناگزیر ہے۔
ان انتخابات کا سب سے حوصلہ افزا پہلو یہ ہے کہ مختلف نسلوں، مذاہب، قومیتوں اور معاشی طبقات سے تعلق رکھنے والے امریکی شہریوں نے اپنے اختلافات سے بالاتر ہو کر ایک ایسی سیاسی تحریک کو چیلنج کیا جس کی طاقت ہی ان اختلافات کو ہوا دینے میں پوشیدہ تھی۔
یہی سیکولر جمہوریت کی اصل خوبی ہے۔ یہ مختلف عقائد، ثقافتوں اور شناختوں کے حامل افراد کو مساوی شہری کی حیثیت سے ایک ساتھ رہنے کا حق دیتی اور اجتماعی ترقی کی راہ ہموار کرتی ہے۔ سیکولر جمہوریت کسی سے اس کا مذہب یا ثقافتی شناخت ترک کرنے کا تقاضا نہیں کرتی، بلکہ صرف یہ اصول تسلیم کرنے کو کہتی ہے کہ ریاست پر کسی ایک مذہب، نسل یا گروہ کا دوسروں سے زیادہ حق نہیں۔ قانون پر عمل کرو، انسانیت کا احترام کرو، علم و تحقیق میں ایک دوسرے کا ساتھ دو اور تمام تعصبات سے پاک ہو کر دنیا کو جینے اور آگے بڑھنے کے لائق بناتے چلے جاؤ۔ یہ ہے سیکولر جمہوریت کا مطالبہ۔۔۔
اس کے برعکس آمرانہ سوچ رکھنے والے حکمران انہی تقسیموں سے اپنی سیاسی طاقت حاصل کرتے ہیں۔ وہ فرضی دشمن پیدا کرتے ہیں، مذہبی تقسیم اور قوم پرستانہ جذبات کو بھڑکاتے ہیں اور اپنے حامیوں کو یہ باور کراتے ہیں کہ ان کی شناخت، ثقافت، بلکہ ان کا وجود تک خطرے میں ہے۔ خوف ان کا سب سے مؤثر سیاسی ہتھیار بن جاتا ہے۔
خوش آئند بات یہ ہے کہ امریکی ووٹرز نے ثابت کردیا کہ اس منفی اور خوفناک سیاست کو شکست دی جا سکتی ہے۔
امریکی مڈٹرم الیکشن کا سب سے اہم پیغام شاید نوجوان نسل کی طرف سے آیا ہے۔ ٹفٹس یونیورسٹی کے تحقیقی ادارے سرکل (CIRCLE) کے ابتدائی اعداد و شمار کے مطابق 18 سے 29 سال کی عمر کے 71 فیصد ووٹرز نے ایوان نمائندگان کے انتخابات میں ڈیموکریٹس کی حمایت کی، جبکہ صرف 25 فیصد نے ری پبلکن امیدواروں کو ووٹ دیا ہے۔ نوجوان مرد ووٹرز، جن کا ایک بڑا حصہ 2024 کے صدارتی انتخابات میں ٹرمپ کی طرف مائل ہوا، وہ دوبارہ ڈیموکریٹس کی طرف لوٹ آیا۔ یہ ایک غیر معمولی سیاسی تبدیلی ہے۔
یہ نتائج اس عام تاثر کی بھی نفی کرتے ہیں کہ سوشل میڈیا اور ڈیجیٹل دنیا میں گم نوجوان سیاست سے لاتعلق ہو چکے ہیں۔ حقیقت اس کے برعکس ہے۔ جب نوجوانوں کو محسوس ہوتا ہے کہ ان کا مستقبل داؤ پر لگ رہا ہے تو وہ سیاسی تبدیلی کی سب سے بڑی طاقت بن جاتے ہیں۔
یہاں یہ سمجھنا بھی سادگی ہوگی کہ ٹرمپ کے خلاف ووٹ دینے والا ہر شخص جمہوری اقدار کے تحفظ کے جذبے سے سرشار تھا۔ سچ یہ ہے کہ بڑھتی ہوئی مہنگائی، معاشی بے یقینی، حکومتی بدعنوانی اور ایران کے خلاف غیر مقبول جنگ نے بھی ٹرمپ کی ’’عالمگیر سبکی‘‘ میں اہم کردار ادا کیا۔ جمہوریت کا حسن ہی یہی ہے۔ یعنی کسی حکومت کا احتساب کرنے کے لیے ضروری نہیں کہ تمام لوگ ایک ہی نظریہ رکھتے ہوں یا ان کی شکایات ایک جیسی ہوں۔ گویا عوام معاشی اور سیاسی اختلافات کے باوجود ووٹ کی طاقت سے ایک ’’متفقہ نتیجہ‘‘ حاصل کرسکتے ہیں۔
ایک اور اہم بات یہ کہ یہ مزاحمت صرف امریکا تک محدود نہیں۔ برازیل میں لوئز اناسیو لولا دا سلوا کی حالیہ انتخابی کامیابی، جس میں انہوں نے فلاویوبولسونارو کو شکست دی، دائیں بازو کی اس جارحانہ عوامی سیاست کے لیے ایک اور دھچکا تھی جس کی نمائندگی بولسونارو خاندان کرتا رہا ہے۔ شدید سیاسی تقسیم کے باوجود برازیل کے عوام نے ثابت کیا کہ ووٹ اب بھی سیاسی مزاحمت کا مؤثر ذریعہ ہے۔
بھارت میں بھی نوجوانوں کی قیادت میں ابھرنے والی نام نہاد ’’کاکروچ تحریک‘‘ نے دکھایا کہ بے روزگاری، نسلی و مذہبی تضحیک اور حکمرانوں کے آمرانہ تکبر کے خلاف عوامی غصہ کتنی تیزی سے ایک سیاسی تحریک میں بدل سکتا ہے۔ نوجوانوں کی اس تحریک نے بالآخر بھارتی حکمرانوں کو ردعمل دینے اور بعض مطالبات تسلیم کرنے پر مجبور کیا۔
اسی طرح کئی یورپی ممالک میں بھی جمہوری حقوق، معاشی مشکلات اور حکومتی پالیسیوں کے خلاف احتجاجی تحریکوں نے سیاسی حکمرانوں کو چیلنج کیا ہے۔ ضروری نہیں کہ یہ تمام تحریکیں نظریاتی طور پر ایک دوسرے سے منسلک ہوں یا سب لبرل جمہوریت کی نمائندگی کرتی ہوں۔ لیکن ان میں ایک قدر مشترک ضرور ہے۔ معاشرے کے مختلف طبقات، خصوصاً نوجوان، اب غیر مشروط اطاعت اور بے لگام اقتدار کو قبول کرنے پر آمادہ نہیں۔
یہ دنیا بھر کے حکمرانوں کے لیے ایک سبق ہے۔
آمرانہ حکمران اکثر خاموشی کو عوامی رضامندی سمجھنے کی غلطی کرتے ہیں۔ انہیں یقین ہوتا ہے کہ میڈیا پر کنٹرول، صحافیوں کو خوفزدہ کرنے، سیاسی مخالفین کو جیلوں میں ڈالنے اور ریاستی اداروں کو اپنے تابع کرنے سے اختلافِ رائے ختم ہو جائے گا۔ وہ اپنے گرد ایسے مشیروں اور تبصرہ نگاروں کا حصار قائم کر لیتے ہیں جو انہیں مسلسل یہی یقین دلاتے رہتے ہیں کہ سب اچھا ہے اور پوری قوم ان کے ساتھ کھڑی ہے۔ کچھ عرصے تک شاید یہ حکمت عملی کامیاب بھی دکھائی دیتی ہے مگر پھر کوئی نیلی، پیلی یا سُرخ سونامی سارا منظر بدل دیتی ہے۔
ماننا ہوگا کہ ٹیلی وژن پر کسی مسئلے کا ذکر بند کر دینے سے عوام کا غصہ ختم نہیں ہوتا۔ اخبارات کو حقیقت بیان کرنے سے روک دینے سے لوگوں کی محرومیاں دور نہیں ہوتیں۔ یہ غصہ اندر ہی اندر جمع ہوتا رہتا ہے، یہاں تک کہ اسے اظہار کا کوئی راستہ مل جاتا ہے۔
ایک حقیقی جمہوریت میں یہ راستہ ووٹ فراہم کرتا ہے۔
اسی لیے جمہوریت محض ایک سیاسی نظریہ نہیں بلکہ معاشرے کو عدم استحکام سے بچانے کا ذریعہ بھی ہے۔ یہ عوام کو موقع دیتی ہے کہ وہ حکومتیں پرامن طریقے سے بدل سکیں، غلط فیصلوں کی اصلاح کر سکیں اور اقتدار کے ناجائز استعمال کو پورے نظام کو تباہ کیے بغیر چیلنج کر سکیں۔ مگر جب یہ راستہ بند کر دیا جائے تو نتائج کہیں زیادہ خطرناک ہو سکتے ہیں۔ جن لوگوں سے ووٹ کے ذریعے اپنی رائے کے اظہار کا حق چھین لیا جاتا ہے، وہ بالآخر دوسرے راستے تلاش کرتے ہیں۔
تاریخ خود کو ناقابلِ شکست سمجھنے والی ایسی بہت سی حکومتوں کے انجام سے بھری پڑی ہے جنہوں نے جبر کو اپنا دوام اور استحکام سمجھنے کی غلطی کی اور عبرت کا نشان بن گئیں۔
امریکی انتخابات میں واشنگٹن کے لیے بھی ایک اہم پیغام پوشیدہ ہے۔
غزہ میں ہونے والی تباہی، جسے بائیڈن اور ٹرمپ انتظامیہ کی سیاسی اور عسکری حمایت حاصل رہی، اُس نے انسانی حقوق اور جمہوریت کے عالمی علمبردار ہونے کے امریکی دعووں کی قلعی کھول دی ہے۔ فلسطینیوں کی بے پناہ تکالیف کو محض جغرافیائی سیاست کی مجبوری قرار دے کر نظرانداز نہیں کیا جا سکتا۔ ڈیموکریٹس صرف ٹرمپ کو شکست دے کر اس تباہی میں اپنی ساجھے داری سے بری الذمہ نہیں ہو سکتے۔ انہیں عملی طور پر یقینا کچھ ایسا کرنا ہوگا کہ امریکی دامن پر لگا یہ نہ مٹنے والا داغ کچھ دھندلا تو ہوسکے۔
بہت سے نوجوان امریکیوں کے لیے غزہ اب محض خارجہ پالیسی کا مسئلہ نہیں بلکہ ایک اخلاقی سوال بن چکا ہے، جو روایتی جماعتی وابستگیوں سے کہیں بڑا ہے۔ نئی کانگریس کو سمجھنا ہوگا کہ اپنے ملک میں جمہوری اقدار کے تحفظ کا دعویٰ کرتے ہوئے دنیا کے دوسرے خطوں میں انہی حقوق کی پامالی کی حمایت کرنا ایک ایسا تضاد ہے جس کا دفاع اب ممکن نہیں رہا۔
اور پھر ایران کی جنگ ہے۔
امریکا اور اسرائیل کی جانب سے شروع کی گئی اس جنگ کے اصل حقائق پوری دنیا جانتی ہے مگر بظاہر اسے تہران میں سیاسی قیادت کی تبدیلی اور جوہری ہتھیاروں کے عدم پھیلاؤ سے جوڑا گیا۔ تاہم اس جنگ نے ایک عجیب تاریخی صورت حال پیدا کر دی ہے۔ کیونکہ تہران کی قیادت چہروں کی تبدیلی کے باوجود بنیادی طور پر برقرار ہے جبکہ واشنگٹن اور بڑی حد تک تل ابیب میں بھی سیاسی توازن وہ نہیں رہا جو اس جنگ سے پہلے تھا۔
ٹرمپ کی اس عسکری مہم نے، جس کے علاقائی اور عالمی نتائج کو خاطر خواہ اہمیت نہیں دی گئی، خود امریکا میں ان کے خلاف عوامی ردعمل کو مزید تقویت دی۔ یعنی جو صدر فوجی طاقت کے ذریعے مشرقِ وسطیٰ کا نقشہ بدلنا چاہتا تھا، اب اُسے اپنے ہی ملک میں ایک ایسی کانگریس کا سامنا ہوگا، جو اس کے مخالفین کے قبضے میں چلی گئی ہے۔ ٹرمپ جیسے خود سر و خود پسند شخص کے لیے اس سے بڑی ستم ظریفی اور کیا ہوسکتی ہے؟
یقیناً ٹرمپ اب بھی صدر ہیں اور ڈیموکریٹس کی کامیابی اس بات کی ضمانت نہیں کہ امریکی خارجہ پالیسی اچانک زیادہ منصفانہ ہو جائے گی۔ لیکن کانگریس کو اب یہ موقع، بلکہ ذمہ داری، ضرور حاصل ہے کہ وہ انتظامیہ کے غیر ضروری اقدامات کو چیلنج کرے اور اس سے جواب طلبی کرے۔
پاکستان کے لیے ان تمام واقعات میں ایک سنجیدہ انتباہ موجود ہے۔
ہمارے ہاں برسوں سے مختلف حکومتیں اور طاقتور ریاستی ادارے جمہوریت کو آزادانہ چلنے دینے کے بجائے اسے اپنی مرضی کے مطابق چلانے کی کوشش کرتے رہے ہیں۔ سیاسی انجینئرنگ، میڈیا پر پابندیاں، آزاد آوازوں کو دبانا اور انتخابی عمل میں مداخلت ہمارے سیاسی نظام کا معمول بنتے جا رہے ہیں۔
اقتدار کے ایوانوں میں بیٹھے لوگ شاید سمجھتے ہیں کہ سیاسی بیانیے پر کنٹرول، اختلافِ رائے کو دبانے اور جمہوری اداروں کو کمزور کرنے سے معاشرے کو زیادہ آسانی سے چلایا جا سکتا ہے مگر اس سے بڑی غلط فہمی کوئی نہیں ہو سکتی۔
پاکستان کی نوجوان نسل اپنے حکمرانوں کے اندازوں سے کہیں زیادہ باشعور، دنیا سے منسلک اور بے چین ہے۔ وہ دنیا میں ہونے والی تبدیلیوں کو دیکھ رہی ہے۔ اسے آئین میں دیے گئے حقوق اور زمینی حقائق کے درمیان فرق بھی نظر آتا ہے۔ اور وہ ایک ایسے مستقبل کو غیر معینہ مدت تک قبول کرنے کے لیے تیار نہیں جس میں اس کے سیاسی فیصلے کوئی اور کرتا رہے۔
آج تنقید کو دبانا شاید طاقتور حلقوں کے لیے آسان اور فائدہ مند ہو، لیکن اس کے نتیجے میں پیدا ہونے والی خاموشی کو عوامی تائید سمجھنا خطرناک غلطی ہوگی۔
جمہوریت یقیناً ایک پیچیدہ اور بعض اوقات مایوس کن نظام ہے۔ اس میں کمزور حکومتیں بھی آتی ہیں، بدعنوان سیاست دان بھی اور نااہل حکمران بھی۔ لیکن اس نظام کی سب سے بڑی خوبی یہ ہے کہ عوام کو انہیں بدلنے کا حق حاصل ہوتا ہے۔
آمریت بظاہر نظم و ضبط کا تاثر ضرور دیتی ہے، لیکن پائیدار استحکام شاذونادر ہی فراہم کرتی ہے۔ عوام کو جتنی دیر تک اپنی رائے کے مؤثر اظہار سے محروم رکھا جائے، اتنا ہی یہ خطرہ بڑھتا جاتا ہے کہ ان کی ناراضی کا اندرونی لاوا اچانک پھٹ پڑے اور بالآخر انہی اداروں کو اپنی لپیٹ میں نہ لے لے جنہیں نظام برقرار رکھنے کے لیے استعمال کیا جا رہا ہو۔۔۔
بہرکیف، امریکا میں آنے والی نیلی سونامی کا یہ مطلب ہرگز نہیں کہ آمرانہ سیاست کا خاتمہ ہو گیا ہے۔ ٹرمپ ازم اب بھی ایک طاقتور سیاسی حقیقت ہے، جس طرح دنیا کے دوسرے ممالک میں بھی ایسی تحریکیں موجود ہیں۔ لیکن ان انتخابات نے یہ تصور ضرور توڑ دیا ہے کہ ایسی سیاسی قوتوں کو شکست نہیں دی جا سکتی۔ اور یہ کوئی معمولی بات نہیں۔
واشنگٹن سے اسلام آباد تک، اور دنیا کے دوسرے آمرانہ حکمرانوں کے لیے پیغام بالکل واضح ہے۔
آپ میڈیا کو خاموش کرا سکتے ہیں، مخالفین کو خوفزدہ کر سکتے ہیں، اداروں کو اپنے تابع کر سکتے ہیں، حتیٰ کہ انتخابات کے نتائج بھی اپنی مرضی کے مطابق بدل سکتے ہیں۔ لیکن آپ پوری قوم کی سیاسی خواہشات کو ہمیشہ کے لیے قید نہیں کر سکتے۔
عوام کو حقیقی ووٹ کا حق دیں تو وہ اپنے حکمران بدل سکتے ہیں۔ لیکن اگر ان سے یہ حق بھی چھین لیا جائے تو ایک دن وہ پورا نظام بدلنے کا فیصلہ کر سکتے ہیں۔