سویڈن میں قرآن پاک کو جلانے کی ناپاک جسارت کے خلاف اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل میں پاکستان اور اسلامی تعاون تنظیم کی جانب سے پیش کی گئی قرارداد کو امریکا اور یورپی یونین کی مخالفت کے باوجود کثرت رائے سے منظور کرلیا گیا۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل (UNHRC) میں مذہبی منافرت اور تعصب کے خلاف قرارداد پیش کی گئی تھی جس پر آج سیر حاصل گفتگو کی گئی۔ یہ قرارداد سویڈن میں قرآن پاک کو جلانے کے تناظر میں پیش کی گئی تھی۔
امریکا اور یورپی یونین نے قرارداد کو انسانی حقوق اور آزادیٔ اظہار رائے سے متعلق ان کے موقف سے متصادم قرار دیتے ہوئے مخالفت کی۔ برطانیہ، فرانس، جرمنی اور فن لینڈ سمیت دیگر 6 ممالک نے بھی امریکا اور یورپی یونین کی مؤقف کی تائید میں قراردار کی مخالفت کی۔
تاہم پاکستان کی مؤثر سفارتی کوششوں کے باعث اسلامی ممالک کے علاوہ بھارت، چین، ارجنٹائن، بولیویا، کیمرون، کیوبا، گیمبیا، آئیوری کوسٹ؛ جنوبی افریقا، یوکرین اور ویتنام نے حمایت کی۔ جس کی بنیاد پر قرارداد کو منظور کرلیا گیا۔
علاوہ ازیں چلی جارجیا، ہونڈوراس، میکسیکو، نیپال اور پیراگوئے نے رائے دہی میں حصہ لینے سے پرہیز کیا۔
وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے ویڈیو کانفرنس کے ذریعے کہا کہ قرآن پاک کو جلانے کا عمل مذہبی منافرت، امتیازی سلوک اور تشدد کو بھڑکانے کی کوشش ہے جو سویڈن کی حکومت کی منظوری اور معافی کے احساس کے ساتھ کی گئی۔
وزیر خارجہ نے مزید کہا کہ عالمی برادری اور بین الاقوامی تنظیموں کو اس گھناؤنی کوشش کے خلاف مل کر اقدامات کرنا ہوں گے۔ سعودی عرب، ایران اور انڈونیشیا کے وزراء نے بھی پاکستانی وزیر خارجہ کی تائید کی۔
اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کے سربراہ وولکر ترک نے اپنے خطاب میں کہا کہ مسلمانوں کے ساتھ ساتھ دیگر مذاہب یا اقلیتوں کے خلاف اشتعال انگیز کارروائیاں جارحانہ، غیر ذمہ دارانہ اور غلط ہیں۔
سویڈن کی حکومت نے قرآن ہاک کے جلانے کو “اسلامو فوبک” قرار دیتے ہوئے اس کی مذمت کی لیکن ساتھ ہی یہ بھی کہا کہ ملک میں ہر کسی کو اجلاس، اظہار رائے اور مظاہرے کی آزادی کا آئینی طور پر حق حاصل ہے۔
قرارداد میں مطالبہ کیا گیا تھا کہ مذہنی منافرت اور تعصب پر مبنی ایسے واقعات کی روک تھام کے لیے قانونی رکاوٹیں پیدا کی جائیں اور سخت اقدامات اُٹھائے جائیں۔
ایرانی عوام شدید ترین مہنگائی کا سامنا کر رہے ہیں؛ حکومت، پارلیمان اور نظامِ حاکمیت…
خراسان کے اہلِ سنت کا بارہواں فقہی مشاورتی اجلاس جمعرات کی صبح، 22 اکتوبر 2026ء…
ترکیہ اور آذربائیجان کے درمیان دیرینہ دوستانہ تعلقات میں تناؤ بڑھنے لگا ہے۔
فرانس کے وزیرِاعظم سیباستیان لیکورنو نے پیر کے روز مختلف علاقوں میں محدود پیمانے پر…
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اہم دورے پر ایرانی دارالحکومت تہران پہنچ گئے۔
جمہوریہ آذربائیجان کے اسکولوں میں حجاب پر پابندی جمہوریت کے اصولوں کے خلاف ہے؛ صدرِ…