- سنی آن لائن - https://sunnionline.us/urdu -

جسٹس عائشہ ملک سپریم کورٹ آف پاکستان کی پہلی خاتون جج تعینات، نوٹی فکیشن جاری

پاکستان کے صدر ڈاکٹر عارف علوی نے لاہور ہائی کورٹ کی جسٹس عائشہ ملک کی سپریم کورٹ میں بطور جج تعیناتی کی منظوری دے دی ہے۔
علاوہ ازیں صدر مملکت کی منظوری کے بعد وزارت قانون و انصاف نے نوٹی فکیشن جا ری کر دیا ہے۔
اس حوالے سے بتایا گیا کہ جسٹس عائشہ ملک کی جانب سے 24 جنوری (بروز پیر) بطور سپریم کورٹ جج حلف اٹھائے جانے کا امکان ہے۔ جوڈیشل کمیشن اور پارلیمانی کمیٹی نے خاتون جج کی سپریم کورٹ تعیناتی کی سفارش تھی۔
لاہور ہائی کورٹ کی ویب سائٹ کے مطابق جسٹس عائشہ ملک 1966 میں پیدا ہوئیں اور انہوں نے اپنی تعلیم پاکستان سمیت دیگر ملکوں بشمول فرانس، برطانیہ اور امریکہ میں حاصل کی۔
قانون کی اعلیٰ تعلیم ایل ایل ایم امریکہ کے مشہور ترین ہارورڈ لا سکول سے حاصل کی۔
بحیثیت وکیل وہ ہائی کورٹس، ڈسٹرکٹ کورٹس، بینکنگ کورٹس، سپیشل ٹریبیونلز اور آربٹریشن کورٹس میں بے شمار کیسز لڑتی رہی ہیں۔
جسٹس عائشہ ملک مئی 2012 میں لاہور ہائی کورٹ کی ایڈیشنل جج مقرر کی گئی تھیں۔ جسٹس عائشہ ملک لاہور ہائی کورٹ میں سنیارٹی لسٹ میں چوتھے نمبر پر ہیں اور بطور ہائی کورٹ کے جج ان کی ریٹائرمنٹ دو جون 2028 کو ہو گی۔