- سنی آن لائن - https://sunnionline.us/urdu -

کابل ٹارگٹ کلنگزکا مقصدامن بات چیت کو سبوتاژ کرنا ہے

زاہدان (سنی آن لائن) ایران کی ممتاز دینی و سماجی شخصیت شیخ الاسلام مولانا عبدالحمید نے کابل میں حالیہ ٹارگٹ کلنگز کے سلسلے کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا یہ حملے افغانستان میں امن کی بحالی کے مذاکرات کو سبوتاژ کرنے کی سازش ہے، کابل حکومت اور تحریک طالبان کو چاہیے ان اقدامات میں ملوث عناصر کی نشاندہی کریں۔
دارالعلوم زاہدان کے صدر و شیخ الحدیث نے اٹھارہ جنوری دوہزار اکیس کے درس حدیث میں افغان امن معاہدے کے عمل اور کابل میں سماجی کارکنوں، صحافیوں اور عوامی شخصیات پر قاتلانہ حملوں پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا: کابل میں حالیہ ٹارگٹ کلنگز، صحافیوں، سماجی کارکنوں اور دو خاتون ججز کو ہدفی قتل سے مارنا انتہائی خطرناک اور چونکا دینے والے واقعات تھے۔
انہوں نے مزید کہا: طالبان نے ان حملوں میں ملوث ہونے سے انکار کیا ہے اور یہ نہیں لگتا کہ طالبان ایسے اقدامات اٹھائیں، لگتاہے کچھ خفیہ عناصر امن مذاکرات کو سبوتاژ کرنے کی کوشش کررہے ہیں؛ کابل حکومت اور طالبان کی ذمہ داری بنتی ہے ان عناصر کی نشاندہی کرکے سازش ناکام بنادیں۔
ایران کے سنی رہ نما نے کہا: افغان امن مذاکرات سے ناراض عناصر چاہتے ہیں کہ غلط فہمی پھیلائیں؛ ایک طرف سے دنیا کو یہ دکھائیں کہ کابل حکومت اپنے شہریوں کو امن فراہم کرنے سے عاجز ہے اور دوسری طرف اس سوچ کو تقویت کریں کہ حکومت مخالف عناصر صرف عام شہریوں کو نشانہ بناتے ہیں۔
مولانا عبدالحمید نے کہا:کابل کی حکومت اور طالبان سے میری درخواست ہے کہ ان حملوں میں ملوث عناصر کی سازشوں کو بے نقاب کرکے ان کی نشاندہی کریں، بصورت دیگر ایسے اقدامات کے بھیانک نتائج افغان قوم اور ملک کو بھگتنا پڑے گا۔